سری لنکن پریمیئر لیگ منسوخ

کولمبو: سری لنکن کرکٹ انتظامیہ نے فرنچائز مالکان کی جانب سے ٹورنامنٹ کے لیے رقم جمع نہ کرانے اور کھلاڑیوں کی ادائیگی میں ضمانت دینے سے انکار پر اپنی ٹی ٹوئنٹی لیگ منسوخ کر دی ہے۔
سری لنکن پریمیئر لیگ کے ڈائریکٹر اجیت جیاسیکرا نے بدھ کو بتایا کہ سری لنکن کرکٹ بورڈ نے پریمیئر لیگ منعقد نہ کرانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے ادائیگی نہ کرنے والے ساتوں فرنچائز مالکان کو برطرف کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اس سال پریمیئر لیگ منعقد نہیں کراسکتے کیونکہ سات انڈین فرنچائز مالکان نے زبانی اور تحریری ضمانت کے باوجود اپنے وعدے پورے نہیں کیے۔
'ہم یقینی طور پر ٹورنامنٹ کا انعقاد نہیں کراسکتے، ہم نے سات فرنچائز کے معاہدے ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور رواں سال پریمیئر لیگ کا انعقاد نہیں ہو گا'۔
اپنے مختصر بیان میں سری لنکن کرکٹ نے کہا ہے کہ 'مہندرا سری لنکن پریمیئر لیگ 2013 منعقد نہیں ہو گی'۔
جیاسکیرا نے کہا کہ حکام کو امید ہے کہ وہ آئندہ سال لیگ کے نئے ماڈل کے ساتھ ٹورنامنٹ کا انعقاد کرائیں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ساتوں فرنچائز کی مالک ہندوستانی کمپنیاں ہیں اور وہ متعدد بار متنبہ کیے جانے کے باوجود تیس لاکھ ڈالر کی رقم جمع کرانے میں ناکام رہیں۔
سری لنکن پرمیئر لیگ کا ابتدائی ایڈیشن گزشتہ سال اگست میں منعقد ہوا تھا جس میں دنیا بھر کے نامور کھلاڑیوں نے حصہ لیا تھا جس میں پاکستان کے شاہد آفریدی اور ویسٹ انڈین کرس گیل بھی شامل تھے۔
آفیشلز کا کہنا ہے کہ ہندوستانی 'انڈین پریمیئر لیگ'(آئی پی ایل) کی طرز پر شروع کیے جانے والے ایونٹ نے اپنے پہلے ایڈیشن میں 22 لاکھ ڈالر سے زائد کا منافع کمایا تھا۔