• KHI: Partly Cloudy 17.1°C
  • LHR: Partly Cloudy 9.7°C
  • ISB: Partly Cloudy 11.8°C
  • KHI: Partly Cloudy 17.1°C
  • LHR: Partly Cloudy 9.7°C
  • ISB: Partly Cloudy 11.8°C

بلوچستان: حکمراں جماعت کے رکن اسمبلی کی درخواست ضمانت مسترد

شائع March 9, 2019
سردار مسعود علی خان لونی کو سب جیل منتقل کردیاگیا—فوٹو:سردار لونی ٹویٹر
سردار مسعود علی خان لونی کو سب جیل منتقل کردیاگیا—فوٹو:سردار لونی ٹویٹر

بلوچستان کے ضلع لورالائی کی انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) نے صوبائی حکمراں جماعت بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے رکن صوبائی اسمبلی اور پارلیمانی سیکریٹری سردار مسعود علی خان لونی کی جانب سے دائر کی گئی درخواست مسترد کردی۔

اے ٹی سی کے جج محمد علی کاکڑ نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے اپیل مسترد کردیا جس کے بعد مسعود علی خان لونی کو عدالت کے احاطے سے حراست میں لے لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق صوبائی حکمراں جماعت کے رکن صوبائی اسمبلی کو لورالائی کی ڈسٹرکٹ جیل منتقل کر دیا گیا۔

بلوچستان عوامی پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی کے خلاف ڈوکی پولیس اسٹیشن میں 2018 کے اوائل میں قبائلی رہنما سردار میر غوث کبزئی کو اغوا کرنے کے الزام پر مقدمہ دائر کیا گیا تھا۔

سردار میر غوث کبزئی کے اہل خانہ کی مدعیت میں درج فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) میں انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کی دفعہ 7 شامل کی گئی تھی۔

واضح رہے کہ سردار مسعود علی خان لونی جنگلات اور جنگلی حیات کے پارلیمانی سیکریٹری ہیں اور ذرائع کے مطابق ان کا سردار میر غوث کبزئی سے کوئلے کی کان پر تنازع تھا۔

قبل ازیں صوبائی رکن اسمبلی اور سردار میر غوث کبزئی کے درمیان قبائلی روایات کے مطابق صلح ہوگئی تھی اور قبائلی رہنماؤں نے مسعود علی خان لونی کو معاف کرنے کا اعلان کردیا تھا۔

دوسری جانب ایف آئی آر میں انسداد دہشت گردی کی دفعہ شامل کرلی گئی تھی جس کے باعث ریاست اور عدالت کی نظر میں مصالحت قبول نہیں کی گئی۔

صوبائی سیکریٹری داخلہ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو (اے ڈی سی آر) لورالائی کی رہائش گاہ کو 30 روز کے لیے سب جیل قرار دیا گیا ہے۔

سیکریٹری داخلہ نے مسعود علی خان لونی کو جیل سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کی رہائش گاہ منتقل کرنے کے احکامات جاری کردیے۔

نوٹی فکیشن کے مطابق اے ڈی سی آر کی رہائش گاہ کو طبی بنیادوں پر سب جیل قرار دیا گیا ہے۔

لورالائی کی ڈسٹرکٹ جیل کے سپرینٹنڈنٹ عبداللہ خان کاکڑ نے تصدیق کی کہ گرفتار رکن صوبائی اسمبلی کو سخت سیکیورٹی میں سب جیل منتقل کردیا گیا ہے اور جیل اسٹاف کو رہائش گاہ میں تعینات کردیا گیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 18 دسمبر 2025
کارٹون : 17 دسمبر 2025