ایل این جی اسکینڈل میں نیب کو شواہد فراہم کروں گا، شیخ رشید

اپ ڈیٹ 13 مارچ 2019
شیخ رشید کے مطابق وہ 15 مارچ کو نیب میں شواہد پیش کریں گے — فائل فوٹو/ ٹوئٹر
شیخ رشید کے مطابق وہ 15 مارچ کو نیب میں شواہد پیش کریں گے — فائل فوٹو/ ٹوئٹر

راولپنڈی: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ وہ وزیر اعظم عمران خان سے اجازت لینے کے بعد قومی احتساب بیورو (نیب) کے سامنے لیکوئیفائیڈ نیچرل گیس (ایل این جی) اسکینڈل میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف رشوت لینے کے شواہد پیش کریں گے۔

انہوں نے عید گاہ کے قریب مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کا دورہ کرتے ہوئے میڈیا سے گفتگو کی اور بتایا کہ ’وزیر اعظم نے مجھے اجازت دے دی ہے اور میں 15 مارچ کو تمام شواہد نیب کے سامنے پیش کروں گا‘۔

مزید پڑھیں: ریلوے کے اعلیٰ افسر کا شیخ رشید کے ماتحت کام کرنے سے انکار

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف سے کوٹ لکھپت جیل میں ہونے والی ملاقات کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اس سے عمران خان کی قیادت میں چلنے والی حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ’تمام نیب زدہ بد عنوان ادارے ایک جگہ جمع ہورہے ہیں اور ہمیں ان کے اتحاد سے کوئی خطرہ نہیں‘۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت نالہ لئی ایکسپریس وے کی تعمیر کے تمام تر انتظامات پورے ہونے کے بعد اس کی بنیاد رکھے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کی لاگت مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی نظر اندازی کی وجہ سے 18 ارب سے بڑھ کر 80 ارب روپے تک پہنچ چکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ منصوبے کو 'تعمیری کام اور منتقل' کی بنیاد پر کیا جائے گا اور ایکسپریس امر چوک کے بجائے سون پل سے شروع ہوگی تاکہ زیادہ سے زیادہ آبادی اس سے استفادہ حاصل کرسکے۔

یہ بھی پڑھیں: پی اے سی چیئرمین شپ معاملہ: شیخ رشید کا اپنی حکومت کے خلاف عدالت میں جانے پر غور

انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس منصوبے سے نالہ لئی کے قریب مقامی افراد کی قسمت بدل جائے گی کیونکہ انہیں سڑک کے ساتھ کمرشل عمارتیں بنانے کی اجازت ہوگی۔

ایران کے دورے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے صدر اور وزیر اعظم کے خطوط ایرانی صدر حسن روحانی کو دیئے ہیں اور غلط فہمیاں دور کرنے کی بھرپور کوششیں کی ہے۔


یہ خبر ڈان اخبار میں 13 مارچ 2018 کو شائع ہوئی

تبصرے (0) بند ہیں