مہوش حیات کو تمغہ امتیاز کیسے ملا؟ سوال پوچھنے پر اداکارہ کا کرارا جواب

اپ ڈیٹ 16 مارچ 2019
اداکارہ کو یوم پاکستان پر تمغہ امتیاز دیا جائے گا —فوٹو/ اسکرین شاٹ
اداکارہ کو یوم پاکستان پر تمغہ امتیاز دیا جائے گا —فوٹو/ اسکرین شاٹ

رواں سال 23 مارچ کو یوم پاکستان کے موقع پر پاکستانی اداکارہ مہوش حیات کو صدر پاکستان عارف علوی کی جانب سے تمغہ امتیاز دیا جائے گا۔

مہوش حیات کا شمار ان اداکاراؤں میں کیا جاتا ہے جنہوں نے اپنی محنت سے پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کیا، وہ کئی کامیاب پروجیکٹس کا حصہ بن چکی ہیں اور یہی وجہ ہے کہ وہ ان 127 افراد میں سے ایک ہیں جن کو اس روز یہ اعزاز ملے گا۔

تاہم کئی ایسے افراد بھی ہیں جو اداکارہ کو یہ اعزاز ملنے سے خوش نظر نہیں آرہے۔

مزید پڑھیں: ’بہت پہلے ہی یہ فیصلہ کرلیا تھا کہ میں پاکستان میں ہی رہوں گی‘

مہوش حیات نے ٹوئٹر پر ٹویٹ کے ذریعے ایک مقامی ویب سائٹ کو تنقید کا نشانہ بنایا، جس کی وجہ یہ تھی کہ اس ویب سائٹ نے مہوش حیات کو یہ اعزاز ملنے پر ایک مضمون شائع کیا جبکہ اپنی ٹویٹ میں اداکارہ کے حوالے سے متنازع جملہ تحریر کیا۔

مہوش حیات نے ویب سائٹ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ ’آپ اس طرح اپنے فنکاروں کی جیت کا جشن مناتے ہیں؟ یہ مضمون ہٹائیں اور معافی مانگیں ورنہ میں آپ کے خلاف قانونی کارروائی کروں گی‘۔

اس کے فوری بعد شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے مہوش حیات کا ساتھ دیتے ہوئے اس ویب سائٹ کو مزید تنقید کا نشانہ بنایا۔

اداکارہ ماہرہ خان نے لکھا کہ اس طرح کلکس حاصل کرنے کا یہ طریقہ بند کریں۔

ہمایوں سعید نے مہوش حیات کا ساتھ دینے ہوئے لکھا کہ انہوں نے یہ اعزاز اپنی محنت سے حاصل کیا ہے۔

عثمان خالد بٹ نے لکھا کہ ’مہوش حیات آپ کا کام خود بیان کرتا ہے کامیاب کو‘۔

اظفر رحمٰن نے بھی مہوش حیات کے حق میں ٹویٹ کی۔

یاد رہے کہ تمغہ امتیاز پاکستان میں سِول اور عسکری شخصیات کو عطا کیا جانے والا چوتھا بڑا اعزاز ہے اور یوم پاکستان کے موقع پر صدر پاکستان اس اعزاز سے منتخب شخصیات کو نوازتے ہیں۔

رواں سال مہوش حیات کے ساتھ ساتھ یہ اعزاز گلوکار عطااللہ خان عیسی خیلوی اور سجاد علی کو بھی دیا جائے گا، یہ دونوں ہی اس سے قبل ستارہ امتیاز کا اعزاز بھی حاصل کرچکے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں