زنجیروں میں جکڑی خاتون ساہیوال سے بازیاب

25 مارچ 2019
اس اسکرین شاٹ میں خاتون کو زنجیڑوں میں جکڑے دیکھا جا سکتا ہے— ڈان نیوز ٹی وی
اس اسکرین شاٹ میں خاتون کو زنجیڑوں میں جکڑے دیکھا جا سکتا ہے— ڈان نیوز ٹی وی

ساہیوال میں کئی ہفتوں سے زنجیڑوں میں جکڑی اور شوہر کے تشدد کا نشانہ بننے والی خاتون کو پولیس نے بازیاب کرا لیا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ مشتبہ ملزم نے ساہیوال کے علاقے شیران والی گلی میں واقع مکان میں اپنی بیوی کو مبینہ طور پر 20دن سے رکھا ہوا تھا، پولیس کو محلے والوں نے اطلاع دی اور غلہ منڈی پولیس اسٹیشن کی ٹیم نے خاتون کو بازیاب کرا لیا۔

ٹی وی فوٹیج میں ایک خاتون کو کمرے میں ہاتھ بندھے اور اس کے پیر دیوار سے بندھی زنجیر میں جکڑے ہوئے دکھائے گئے تھے۔

خاتون نے بازیاب کرائے جانے کے بعد پولیس کو بتایا کہ میرے شوہر اور سسرال والے مجھے باندھ کر مارتے پیٹتے تھے۔

پولیس نے مشتبہ ملزم کو گرفتار کر کے پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 342 کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔

پولیس کی جانب سے ابتدائی رپورٹ کے مطابق ملزم اپنی بیوی کو اس بہانے سے زنجیڑوں میں جکڑ رکھا تھا کہ اس پر بدروح آتی ہے اور روز بہیمانہ تشدد کا نشانہ بناتا تھا، اس نے ایک نومولود سمیت دو بچوں کو بھی اپنی بیوی سے دور کر دیا تھا۔

پولیس کا ابتدائی طور پر کہنا تھا کہ خاتون ذہنی مریضہ ہیں اور انہوں نے ایک مرتبہ خودکشی کی بھی کوشش کی لیکن دو بچوں کی ماں نے اپنے بیان میں اس تاثر کو مسترد کردیا۔

بازیاب کرائی گئی خاتون اس وقت پولیس کی تحویل میں ہے۔

تفتیشی افسر افضل گل نے بتایا کہ خاتون کو آج عدالت میں پیش کیا جائے گا جو اس کی ذہنی حالت کے بارے میں حتمی فیصلہ کرے گی۔

ان کے بچے ابھی شوہر کے اہلخانہ کے ساتھ ہیں جبکہ پولیس نے ملزم کے بھائی کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں