بیوکنن نیوزی لینڈ کرکٹ سے الگ ہو گئے

شائع July 19, 2013

۔ — فائل فوٹو
۔ — فائل فوٹو

ویلنگٹن: نیوزی لینڈ کرکٹ (این زیڈ سی) نے اعلان کیا ہے کہ سابق آسٹریلوی کوچ جان بیوکنن فوری طور پر ڈائریکٹر کرکٹ کا عہدہ چھوڑ رہے ہیں۔

بورڈ نے جمعہ کو ایک مختصر بیان میں کہا کہ 'جان اس وقت این زیڈ سی چھوڑنے پر مایوس ہیں کیونکہ وہ یہاں اپنے کام سے لطف اندوز ہو رہے تھے تاہم خاندانی معاملات کی وجہ سے انہوں نے واپس آسٹریلیا جانے کا فیصلہ کیا ہے'۔

دو سال قبل یہ عہدہ سنبھالنے والے بیوکنن کے بارے میں اطلاعات ہیں کہ انہیں گزشتہ سال کے آخر سے بورڈ نے نظر انداز کرنا شروع کر دیا تھا کیونکہ انہوں نے راس ٹیلر کی حمایت کی تھی جنہیں کوچ مائیک ہسن نے ہٹا کر برینڈن میکالم کو کپتان بنا دیا تھا۔

انہیں مئی 2011ء میں نامزد کیا گیا تھا اور ان کا کنٹریکٹ 2015ء کے ورلڈ کپ تک تھا۔

ان کا کام نیوزی لینڈ میں مستقل کوچنگ فلاسفی فراہم کرنا تھا جبکہ وہ نئے ٹیلنٹ کی تلاش اور سلیکشن پینل کو بھی دیکھ رہے تھے۔

یاد رہے کہ بیوکنن کے نیوزی لینڈ کے گزشتہ سال مئی میں مستعفیٰ ہونے والے کوچ جان رائٹ کے ساتھ تعلقات کشیدہ ہو گئے تھے، جس کے بعد رائٹ کی جگہ ہسن نے لی تھی۔

بورڈ نے یہ انکشاف نہیں کیا کہ آیا بیوکنن کو ان کے کنٹریکٹ کی بقیہ ادائیگی کی جائے گی۔ بورڈ کے مطابق ملازمت سے جڑے معاہدے خفیہ نوعیت کے ہوتے ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ 'این زیڈ سی بیوکنن کے وطن واپسی کے فیصلے کا احترام کرتی ہے اور وہ ان کے مستقبل کے لئے نیک خواہشات رکھتے ہیں'۔

ایک علیحدہ بیان میں این زیڈ سی نے تصدیق کی کہ ہیڈ سلیکٹر کم لٹل جان جنہیں بیوکنن نے نامزد کیا تھا، ستمبر میں اپنے معاہدے کی معیاد ختم ہونے کے بعد مزید کام نہیں کریں گے۔

کارٹون

کارٹون : 25 جون 2025
کارٹون : 25 جون 2025