عافیہ صدیقی سے متعلق میرا بیان سیاق و سباق سے ہٹ کر چلایا گیا، ترجمان دفترخارجہ

25 اپريل 2019
عافیہ صدیقی کو وطن واپس لانے کے لیے اقدامات جاری ہیں، ڈاکٹر محمد فیصل — فائل فوٹو: پی آئی ڈی
عافیہ صدیقی کو وطن واپس لانے کے لیے اقدامات جاری ہیں، ڈاکٹر محمد فیصل — فائل فوٹو: پی آئی ڈی

دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ امریکی جیل میں قید پاکستانی ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے متعلق میرا بیان سیاق و سباق سے ہٹ کر چلایا گیا، ان کی وطن واپسی کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ڈاکٹر محمد فیصل نے عافیہ صدیقی کے معاملے، کشمیر میں بھارتی جارحیت اور سری لنکا میں دہشت گردی سے متعلق بات کی۔

امریکی جیل میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے ان کے دیے گئے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر شکیل آفریدی کی امریکا کو حوالگی اور عافیہ صدیقی کی وطن واپسی سے متعلق پاکستان کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

مزید پڑھیں: بھارت کے ایل او سی پر تجارت معطل کرنے پر پاکستان کی مذمت

ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ ان کے بیان پر غیر ذمہ دارانہ رپورٹنگ کی گئی، ہرگز یہ نہیں کہا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی وطن واپس نہیں آنا چاہتیں، بلکہ ان کی وطن واپسی کے معاملے کو تواتر کے ساتھ واشنگٹن کے ساتھ اٹھایا جارہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ عافیہ صدیقی کے معاملے پر امریکی حکام سے رابطے میں ہیں اور 18 اپریل کو عافیہ صدیقی سے پاکستانی قونصل جنرل نے جیل میں ملاقات کی۔

پریس بریفنگ کے دوران ڈاکٹر محمد فیصل نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت مظالم کی پُر زور الفاظ میں مذمت بھی کی۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ قابض بھارتی فوج نے 2 نہتے کشمیریوں کو شہید کردیا، جبکہ مقبوضہ وادی میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بھی معطل ہے اور یہاں ظالمانہ قوانین کا اطلاق ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈاکٹر عافیہ خود پاکستان نہیں آنا چاہتیں، دفتر خارجہ

انہوں نے مزید کہا کہ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ (جے کے ایل ایف) یاسین ملک سمیت دیگر حریت رہنماؤں کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہیں۔

ڈاکٹر محمد فیصل نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ وادی میں ریاستی ظلم و ستم بند کروانے کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالے۔

سری لنکا میں ہونے والی دہشت گردی سے متعلق بات کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان سری لنکا میں دہشتگردی کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے کولمبو کو انسدادِ دہشت گردی کے لیے پاکستان کی خدمات کی بھی پیشکش کی ہے، لیکن اب تک سری لنکن حکام کی جانب سے فارینزک ماہرین بھجوانے کے حوالے سے ابھی تک باضابطہ درخواست نہیں دی گئی۔

مزید پڑھیں: سری لنکا میں پاکستانیوں کی گرفتاری کے بھارتی الزامات مسترد

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’یہ افسوسناک ہے کہ سری لنکا میں دہشتگردی پر بھارتی میڈیا پاکستان مخالف پروپیگنڈہ کر رہا ہے۔‘

ایران میں وزیراعظم کے بیان پر ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اس معاملے پر وضاحت آچکی ہے کہ عمران خان نے ’نان اسٹیٹ ایکٹرز‘ کی بات کی تھی۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ کلبھوشن یادیو ایران سے ملحقہ پاکستانی سرزمین سے گرفتار ہوا، اور وزیر اعظم عمران خان نے بیرونی مدد سے غیر ملکی عناصر کی پاکستانی زمین استعمال کرنے پر بات کی تھی۔

وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین کے بارے میں ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ان کا دورہ بیجنگ انتہائی اہم اور دلچسپ ہوگا جہاں وہ چینی قیادت سمیت عالمی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں