مسلم لیگ (ن) کی تنظیم نو، شاہد خاقان سینئر نائب صدر،مریم نواز نائب صدر مقرر

03 مئ 2019
پارٹی عہدیداران کی تقرری نواز شریف اور پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کے بعد کی گئی — فائل فوٹو
پارٹی عہدیداران کی تقرری نواز شریف اور پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کے بعد کی گئی — فائل فوٹو

پاکستان مسلم لیگ (ن) میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کردی گئی اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو پارٹی کا سینئر نائب صدر، مریم نواز اور حمزہ شہباز کو نائب صدور مقرر کردیا گیا گیا۔

پارٹی کے صدر میاں شہباز شریف نے قائد نواز شریف سے منظوری کے بعد پارٹی کے مرکزی عہدیداروں کے ناموں کا اعلان کر دیا جس کا لندن سے مراسلہ جاری کردیا گیا ہے۔

مراسلے کے مطابق پارٹی عہدیداران کی تقرری نواز شریف اور پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کے بعد کی گئی۔

مرکزی عہدیداروں کے ساتھ پنجاب، سندھ اور کراچی کی تنظیموں کے عہدیداروں کے ناموں کا بھی اعلان کردیا گیا ہے جبکہ مرکزی اور صوبائی سطح پر پہلے سے موجود تنظیموں کو تحلیل نہیں کیا گیا بلکہ انہیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

مراسلہ کے مطابق شاہد خاقان عباسی پارٹی کے سینئر نائب صدر جبکہ احسن اقبال سیکریٹری جنرل مقرر کر دیئے گئے ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کے 16 نائب صدور کا ناموں کا اعلان بھی کیا گیا جن میں مریم نواز شریف اور حمزہ شہباز شریف بھی شامل ہیں، دیگر نائب صدور میں عابد شیر علی، ایاز صادق، برجیس طاہر، درشن لال، محمد زبیر، پرویز رشید، رانا تنویر، میاں جاوید لطیف، خرم دستگیر، خواجہ سعد رفیق، مشاہد اللہ خان، سردار مہتاب خان، نیلسن عظیم اور راحیلہ درانی شامل ہیں۔

بلیغ الرحمٰن اور عطا اللہ تارڑ ڈپٹی سیکریٹری جنرل جبکہ سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کو پارٹی کے بین الاقوامی امور کا صدر مقرر کیا گیا ہے۔

عباس آفریدی اور طلال چوہدری پارٹی کے جوائنٹ سیکریٹری، مریم اورنگزیب سیکریٹری اطلاعات، پرویز ملک سیکریٹری فنانس، طارق فاطمی سیکریٹری پالیسی اینڈ ریسرچ اور شیزہ فاطمہ خواجہ سیکریٹری پارلیمانی امور ہوں گی۔

مسلم لیگ (ن) نے 13 رکنی اقتصادی مشاورتی کونسل کا بھی اعلان کر دیا جس میں شہباز شریف، شاہد خاقان عباسی، اسحٰق ڈار، احسن اقبال، خواجہ آصف، مفتاح اسمٰعیل، عائشہ غوث پاشا، قیصر احمد شیخ، محمد زبیر، مصدق ملک، مشاہد حسین سید، علی پرویز ملک اور بلال اظہر کیانی شامل ہیں۔

رانا ثنا اللہ کو مسلم لیگ (ن) پنجاب کا صدر جبکہ سردار اویس لغاری کو پنجاب کا سیکریٹری جنرل مقرر کردیا گیا ہے۔

حنیف عباسی پنجاب کے سینیئر نائب صدر اور عظمیٰ بخاری سیکریٹری اطلاعات پنجاب ہوں گی۔

مراسلے کے مطابق مفتاح اسمٰعیل سندھ کے سیکریٹری جنرل اور علی اکبر گجر مسلم لیگ (ن) سندھ کے سینئر نائب صدر مقرر کر دیئے گئے ہیں۔

سلمان علی خان مسلم لیگ (ن) کراچی ڈویژن کے صدر جبکہ نصیرالدین محمود سیکریٹری جنرل ہوں گے۔

مسلم لیگ (ن) کے تمام ونگز کے صدرور کا بھی اعلان کر دیا گیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں