عدالت کا ایم ڈی پی ٹی وی کی فوری تقرری کا حکم

اپ ڈیٹ 12 مئ 2019
حکومت نے ارشد خان سے قائم مقام ایم ڈی کا چارج واپس لے لیا ، وکیل پی ٹی وی کا موقف — فائل فوٹو: اے ایف پی
حکومت نے ارشد خان سے قائم مقام ایم ڈی کا چارج واپس لے لیا ، وکیل پی ٹی وی کا موقف — فائل فوٹو: اے ایف پی

اسلام آباد ہائی کورٹ نے سیکریٹری اطلاعات کو خبردار کیا ہے کہ وہ آئندہ 2 ماہ کے اندر پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی ) کا منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) تعینات کریں ورنہ نتائج بھگتنے کے لیے تیار ہوجائیں۔

عدالت عالیہ میں جسٹس محسن اختر کیانی نے پی ٹی وی کے ایم ڈی کی تقرری سے متعلق 2 درخواستوں پر سماعت کی۔

سماعت کے دوران جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیے کہ ایم ڈی پی ٹی وی کی اسامی گزشتہ 18 ماہ سے خالی ہے جبکہ حکومت کی جانب سے اس حوالے سے کوئی اقدامات نہیں اٹھائے گئے ہیں۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے سیکریٹری اطلاعات کو آئندہ 2 ماہ کے اندر ایم ڈی پی ٹی وی کی تعیناتی سے متعلق احکامات جاری کردیے۔

مزید پڑھیں: وزارت اطلاعات سے ایم ڈی پی ٹی وی کے تقرر کے اختیارات لے لیے گئے

علاوہ ازیں عدالت نے یہ ریمارکس دیے کہ اگر سیکریٹری اطلاعات اس اسامی کو پُر کرنے میں کامیاب نہیں ہوئے تو ان کے خلاف پبلک سیکٹر کمپنیز رول 2013 کے قانون 25 کے تحت کارروائی کرے گی۔

مذکورہ قانون کے مطابق جو افراد ایم ڈی پی ٹی وی کی تقرری میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ یہ امید کی جاتی ہے کہ وفاقی حکومت آئندہ 2 ماہ کے اندر ایم ڈی پی ٹی وی کی تقرری کو پورا کرنے کے لیے بورڈ آف گورنرز کو نامزد کردے گی۔

فیصلے میں کہا گیا کہ اگر مقررہ وقت کے اندر ایم ڈی پی ٹی وی کی تعیناتی نہیں کی جاتی تو سیکریٹری اطلاعات اور دیگر حکام کو ایم ڈی پی ٹی وی کی تقرری میں رکاوٹ تصور کیا جائے گا اور پھر ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کا پی ٹی وی کو بند کرنے کا عندیہ

مذکورہ سماعت کے دوران ہی پی ٹی وی کے وکیل شاہد محمود کھوکھر نے عدالت میں اپنے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ایم ڈی پی ٹی وی کی تقرری کا عمل شروع کردیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت نے ارشد خان سے قائم مقام ایم ڈی کا چارج واپس لے لیا جسے عارضی طور پر کرنل (ر) حسن عماد محمدی کو دیا گیا ہے۔

درخواست گزار نے عدالت میں موقف اختیار کیا تھا کہ حکومت مستقل ایم ڈی پی ٹی وی کی تقرری میں دلچسپی نہیں دکھا رہی جبکہ ادارے کے امور عارضی انتظامات کے تحت چلائے جارہے ہیں۔


یہ خبر 12 مئی 2019 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں