آصف زرداری اور خواجہ سعد رفیق کے 'پروڈکشن آرڈر' جاری

قومی اسمبلی کا بجٹ سیشن 29 جون تک جاری رہے گا — فائل فوٹو / رائٹرز
قومی اسمبلی کا بجٹ سیشن 29 جون تک جاری رہے گا — فائل فوٹو / رائٹرز

قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر نے سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کر دیئے۔

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ سے جاری آرڈر میں کہا گیا کہ اسپیکر دونوں اراکین کی اسمبلی اجلاس میں شرکت کو ضروری سمجھتے ہیں، اس لیے انہوں نے رولز آف پروسیجر اور کنڈکٹ آف بزنس 2007 کے رول 108 کے تحت حاصل اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے ان اراکین کو طلب کیا ہے۔

قومی اسمبلی کا بجٹ سیشن 29 جون تک جاری رہے گا۔

یاد رہے کہ بدھ کو بجٹ اجلاس میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار سابق صدر آصف علی زرداری اور دیگر گرفتار اراکین کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے اور اسمبلی میں ان کی موجودگی یقینی بنانے کا مطالبہ دہرایا تھا۔

مزید پڑھیں: قومی اسمبلی میں احتجاج، آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ

بعد ازاں ایوان زیریں میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے بھی اس مطالبے کی حمایت کی۔

پیپلز پارٹی کی جانب سے سابق صدر کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو تحریری طور پر درخواست بھی دی گئی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں