میانمار کی فوج نے عالمی عدالت کا جامع روہنگیا تحقیقات کا مطالبہ مسترد کردیا

28 جون 2019
میانمار فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ عالمی عدالت کی مداخلت سے میانمار اور اس کی فوج کی سالمیت کو خطرہ ہے — فائل فوٹو/اے پی
میانمار فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ عالمی عدالت کی مداخلت سے میانمار اور اس کی فوج کی سالمیت کو خطرہ ہے — فائل فوٹو/اے پی

میانمار کی فوج نے انٹرنیشنل کرمنل کورٹ (آئی سی سی) کے استغاثہ کا روہنگیا مسلمانوں کے خلاف مبینہ جرائم کی جامع تحقیقات کرنے کا مطالبہ مسترد کردیا۔

خیال رہے کہ اقوام متحدہ کے مطابق میانمار میں نسل کشی کے دوران تقریباً 7 لاکھ 40 ہزار کے قریب روہنگیا افراد میانمار سے ہجرت کرکے بنگلہ دیش میں پناہ لینے پر مجبور ہوگئے تھے۔

اس واقعے پر آئی سی سی کی استغاثہ فاتو بینسودا نے ستمبر کے مہینے میں ابتدائی تحقیقات کا آغاز کیا تھا تاہم اب انہوں نے کہا ہے کہ وہ معاملے کو آگے بڑھاتے ہوئے پوری تحقیقات کی درخواست کریں گی۔

مزید پڑھیں: امریکا کی میانمار میں صحافیوں کے خلاف عدالتی فیصلے پر تنقید

ان کا کہنا تھا کہ 'ابھی یہ واضح نہیں کہ یہ فیصلہ کب ہوگا'۔

خیال رہے کہ میانمار نے انٹرنیشنل کرمنل کورٹ پر دستخط نہیں کیے ہیں تاہم عدالت نے ستمبر کے مہینے میں فیصلہ سنایا تھا کہ بنگلہ دیش جہاں پناہ گزین قیام پذیر ہیں، اس کا رکن ہے جس کی وجہ سے انہیں اس مبینہ واقعے کی تحقیقات کا اختیار ہے۔

میانمار نے عدالت کے فیصلے کو مسترد کردیا تھا۔

آج میانمار کی فوج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل زو من ہتون کا کہنا ہے کہ 'فوج اور حکومت نے اس معاملے کو نظر انداز کبھی نہیں کیا اور جنہوں نے تشدد کیا ہے ان کے خلاف کارروائی کر رہے ہیں'۔

یہ بھی پڑھیں: میانمار میں مسلمانوں کی نسل کشی، فوجی افسران کے ٹرائل کی تجویز

ان کا کہنا تھا کہ 'میانمار کی تحقیقاتی کمیٹی اس معاملے کو دیکھ رہی ہے اور جو ہم کر رہے ہیں اس کا آئی سی سی کو خیر مقدم کرنا چاہیے کیونکہ اس کی مداخلت سے میانمار اور اس کی فوج کی سالمیت کو خطرہ ہوگا'۔

انٹرنیشنل کمیشن آف جیورسٹس کے ایشیا پیسیفک خطے کے ڈائریکٹر فریڈرک راسکی کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کی مداخلت بالکل جائز ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ 'میانمار کی فوج نے ثابت کیا ہے کہ وہ نہ ہی چاہتی ہے اور نہ ہی اس میں صلاحیت ہے کہ روہنگیا افراد کے خلاف جو جرائم ہوئے ہیں اس پر عالمی قوانین کے تحت انصاف فراہم کیا جائے'۔

خیال رہے کہ اقوام متحدہ کے تحقیق کاروں نے میانمار اعلیٰ سطح کے جنرلز کا واقعے پر ٹرائل کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں