حکومت کے مشکل اقدامات کی کامیابی کیلئے سب کو ذمہ داری ادا کرنی ہوگی، آرمی چیف

اپ ڈیٹ 28 جون 2019
مالیاتی بدانتظامی کی وجہ سے ہم مشکل اقتصادی حالات سے گزر رہے ہیں، آر،می چیف — فوٹو/ اسکرین شاٹ
مالیاتی بدانتظامی کی وجہ سے ہم مشکل اقتصادی حالات سے گزر رہے ہیں، آر،می چیف — فوٹو/ اسکرین شاٹ

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ حکومت کے مشکل اقدامات کو کامیاب بنانے کے لیے سب کو ذمہ داری ادا کرنی ہوگی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی ( این ڈی یو) میں 'پاکستانی معیشت: چیلنجز اینڈ وے فارورڈ' کے عنوان سے منعقد سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ قومی امور پر کھل کر بات چیت ضروری ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سیمینار کے انعقاد پر نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایسی تقاریب قومی اہمیت کے مسائل پر حکومت اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے درمیان تبادلہ خیال کے لیے اہم ہیں۔

آرمی چیف نے سیکیورٹی اور معیشت کے درمیان تعلق کی اہمیت پر زور دیا کیونکہ دونوں ایک دوسرے کے لیے ضروری ہیں۔

مزید پڑھیں: فوج کا دفاعی اخراجات میں کمی کا رضاکارانہ فیصلہ قابل تحسین ہے، وزیراعظم

انہوں نے کہا کہ معاشی خود مختاری کے بغیر کوئی دوسری خودمختاری ممکن نہیں، انہوں نے خطے میں امن کی بحالی کے لیے پاکستان کی کوششوں پر روشنی ڈالی جس سے تجارت میں بہتری آئے گی۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ممالک انفرادی طور پر ترقی نہیں کرسکتے بلکہ خطہ ترقی کرتا ہے، ہمارے خطے کی ترقی کے لیے ہمیں تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ روابط قائم کرنے کی ضرورت ہے۔

موجودہ حالات سے متعلق آرمی چیف نے کہا کہ مالیاتی بدانتظامی کی وجہ سے ہم مشکل اقتصادی حالات سے گزر رہے ہیں، ہم مشکل فیصلے کرنے سے جھجھک رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلح افواج نے رضاکارانہ طور پر دفاعی بجٹ میں سالانہ اضافہ نہ لینے کے فیصلے سے اپنا کردار کیا اور ہم نے معیشت کی بہتری کے لیے صرف یہی اقدام نہیں کیا۔

آرمی چیف نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ حکومت نے مشکل فیصلے کیے ہیں لیکن طویل المدتی فوائد کے لیے یہ فیصلے ضروری ہیں اور ہمیں اپنا کردار ادا کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب کو اس حوالے سے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کی ضرورت ہے تاکہ مشکل حکومتی اقدامات کامیاب ہوسکیں۔

یہ بھی پڑھیں: دفاعی بجٹ میں سالانہ اضافہ نہ لینے کا فیصلہ قوم پر احسان نہیں، آرمی چیف

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ماضی قریب میں ایسی مثالیں موجود ہیں جب دیگر ممالک نے ایسے چیلنجز کا مقابلہ کیا اور مشکل فیصلے لینے کے بعد کامیاب ہوئے۔

آرمی چیف نے کہا کہ ہم انشااللہ ان مشکلات سے سرخرو ہو کر نکلیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ مشکل حالات کوئی فرد تنہا کامیاب نہیں ہوسکتا جب تک قوم متحد نہ ہو، وقت آگیا ہے کہ ہمیں ایک قوم بن کر سوچنا ہوگا۔

نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کی جانب سے منعقد سیمینار میں چیئرمین فیڈرل بیورو آف ریونیو (ایف بی آر) شبر زیدی، مشیر خزانہ ڈاکر حفیظ شیخ، انسٹیٹوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن کے ڈین اور ڈائریکٹر ڈاکٹر فرخ اقبال، مشیر خزانہ برائے معاشی امور ڈاکٹر سلمان شاہ سمیت دیگر شریک تھے۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے پاکستان میں بڑھتے ہوئے معاشی چیلنجز کی وجوہات پر روشنی ڈالی۔

ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے ملک کو درپیش سیکیورٹی خطرات،اقتصادی پالیسیوں میں عدم تسلسل، اقتصادی نظم و ضبط کی کمی اور ماضی میں مشکل فیصلوں سے گریز کو موجوہ اقتصادی صورتحال کا ذمہ دار قراردیا۔

تبصرے (0) بند ہیں