'بھولنا نہیں تم دونوں کو سب سے پہلے کس نے ملوایا تھا'

شائع July 3, 2019
یہ دونوں فلم 'لو آج کل 2' میں کام کررہے ہیں —فوٹو/ اسکرین شاٹ
یہ دونوں فلم 'لو آج کل 2' میں کام کررہے ہیں —فوٹو/ اسکرین شاٹ

بولی وڈ اداکارہ سارہ علی خان نے گزشتہ سال کافی ود کرن میں جلوہ گر ہوکر سب کو اپنے انداز سے حیران کردیا تھا، اداکارہ نے اس شو پر سب کے سامنے انکشاف کیا تھا کہ وہ اداکار کارتک آرین کو پسند کرتی ہیں اور ان کے ساتھ ڈیٹ پر جانے کی خواہش مند ہیں۔

اس انٹرویو کے منظر عام پر آنے کے بعد سے میڈیا دونوں اداکاروں کی ایک دوسرے کے حوالے سے رائے جاننے کی بھرپور کوشش میں لگا رہا۔

سارہ متعدد انٹرویوز میں کارتک کے حوالے سے بات کرتی رہیں، جبکہ کارتک نے بھی سارہ کو ڈیٹ پر لے جانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

مزید پڑھیں: رنبیر سے شادی اور کارتک کے ساتھ ڈیٹ پر جانے کی خواہش مند ہوں، سارہ علی خان

ان دونوں کو اس حد تک توجہ ملی کے بولی وڈ کے نامور ہدایت کار امتیاز علی نے سارہ اور کارتک کو اپنی کامیاب فلم 'لو آج کل' کے سیکوئل میں کاسٹ کرلیا۔

اس فلم کے سیکوئل کی شوٹنگ پر کام گزشتہ سال سے جاری ہے، تاہم اب آخر کار 66 دنوں میں اس فلم کی شوٹنگ کو مکمل کرلیا گیا۔

سارہ علی خان اور کارتک آرین دونوں نے ہی اپنے سوشل میدیا اکاؤنٹس کے ذریعے فلم کی شوٹنگ مکمل ہونے کا اعلان کیا جبکہ کئی یادگار تصاویر بھی شیئر کی۔

سارہ نے کارتک کے ساتھ دوبارہ کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تو کارتک نے سارہ کو شہزادی کہہ کر مخاطب کیا۔

یہ بھی پڑھیں: ’سارہ کو ڈیٹ پر لے جانے کیلئے سیف کی شرط پوری کرنے کی کوشش کررہا ہوں‘

لیکن ان دونوں اداکاروں کو سب سے پہلے ملوانے کا سہرا آخر کس کے سر جاتا ہے؟ اگر یہ سوال کیا جائے تو یہ کریڈٹ کامیاب اداکار رنویر سنگھ کو ملتا ہے، جنہوں نے گزشتہ سال سارہ علی خان اور کارتک آرین کی ملاقات کروائی تھی۔

گزشتہ سال سارہ علی خان اور رنویر سنگھ فلم سمبا کی شوٹنگ کررہے تھے، تاہم اس فلم کی تشہیر کے دوران رنویر سنگھ نے سارہ علی خان کو کارتک سے ملوایا تھا۔

رنویر سنگھ نے سارہ علی خان کو ان کی اس پوسٹ پر یاد دلایا کہ وہ یہ نہ بھولیں کہ ان دونوں کو سب سے پہلے انہوں نے ملوایا تھا۔

یاد رہے کہ فلم 'لو آج کل' 2009 میں ریلیز ہوئی تھی جس میں سارہ کے والد سیف علی خان نے مرکزی کردار نبھایا تھا جبکہ ہیروئن کا کردار دپیکا پڈوکون نے ادا کیا تھا۔

مزید پڑھیں: ’لو آج کل 2‘ میں سارہ اور سیف ایک ساتھ کاسٹ

'لو آج کل 2' اگلے سال 14 فروری کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

یاد رہے کہ ایسی رپورٹس بھی سامنے آئیں تھی کہ اس فلم میں سارہ کے ساتھ سیف علی خان بھی کام کرتے نظر آئیں گے، تاہم اب تک ایسی کسی خبر کی تصدیق نہیں ہوئی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2025
کارٹون : 21 دسمبر 2025