کارتک آرین ’بھول بھلیاں‘ کے نئے کھلاڑی؟
بولی وڈ رومانٹک ہیرو کارتک آرین سیکوئل فلموں کے پسندیدہ ترین ہیرو بنتے جا رہے ہیں، یہی وجہ ہے کہ انہیں کھلاڑی ہیرو اکشے کمار کی 2007 میں ریلیز ہونے والی فلم ’بھول بھلیاں‘ کے سیکوئل میں بھی کاسٹ کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
کارتک آرین نے حال ہی میں بولی وڈ کے چھوٹے خان سیف علی خان کی رومانٹک فلم ’لو آج کل‘ کے سیکوئل کی شوٹنگ مکمل کی تھی۔
اور وہ ان دنوں ماضی کی ایک اور مقبول بولی وڈ فلم ’پتی، پتنی اور وہ‘ کے سیکوئل کی شوٹنگ شروع کرنے کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔
علاوہ ازیں کارتک آرین جلد ہی اکشے کمار اور جان ابراہم کی ماضی کی فلم ’دوستانہ‘ کے سیکوئل میں بھی جلوے دکھاتے نظر آئیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: کارتک آرین اور لو آج کل کا سیکوئل
کارتک آرین سے قبل ورون دھون کو سیکوئل فلموں کا ہیرو مانا جا رہا تھا، کیوں کہ وہ جہاں ’جڑواں‘ کے سیکوئل میں دکھائی دیے، وہیں وہ جلد ہی ’کولی نمبر ون‘ کے سیکوئل کی شوٹنگ بھی شروع کریں گے۔
علاوہ ازیں اطلاعات ہیں کہ ورون دھون ماضی کی مقبول فلم ’شادی نمبر ون‘ کے سیکوئل میں بھی رومانس کرتے دکھائی دیں گے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ورون دھون کے ساتھ ’کولی نمبر ون‘ کے سیکوئل اور کارتک آرین کے ساتھ ’لو آج کل‘ کے سیکوئل میں چھوٹے خان سیف علی خان کی بیٹی سارہ علی خان جلوے دکھاتی نظر آئیں گی۔
اور خیال کیا جا رہا ہے کہ ممکنہ طور پر سارہ علی خان کو ہی کارتک آرین کے ساتھ ’بھول بھلیاں‘ کے سیکوئل میں بھی کاسٹ کیا جائے گا۔

ممبئی مرر نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ٹی سیریز کے مالک بشن کمار 2007 کی ہارر کامیڈی فلم ’بھول بھلیاں‘ کے سیکوئل بنانے کی تیاریوں میں مصروف ہیں اور فلم کے لیے کارتک آرین نے رضامندی ظاہر کردی۔
رپورٹ کے مطابق اگرچہ ابھی تک حتمی طور پر بھول بھلیاں کے سیکوئل کے ہدایت کار اور دیگر کاسٹ کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا، تاہم امکان ہے جلد ہی اس حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ فلم کی ٹیم نے کارتک آرین سے نئی فلم کی کہانی اور کردار کی معلومات شیئر کی اور انہوں نے فلم میں کام کرنے کے لیے رضامندی ظاہر کردی ہے۔
مزید پڑھیں: جھانوی کپور اور کارتک آرین 'دوستانہ 2' میں کاسٹ
بھول بھلیاں کے سیکوئل کے لیے ابھی تک مرکزی اداکارہ کو کاسٹ کرنے کے حوالے سے بھی کوئی فیصلہ نہیں کیا جا سکا، تاہم امکان ہے کہ اس حوالے سے بھی جلد فیصلہ کرلیا جائے گا۔

خیال رہے کہ 2007 میں سامنے آئی فلم ’بھول بھلیاں‘ 2005 کی کامیاب تامل فلم ’چندرمکھی‘ کا ریمیک تھی جس میں رجنی کانتھ نے مرکزی کردار نبھایا تھا۔
فلم ’بھول بھلیاں‘ میں اکشے کمار، ودیا بالن، شائنی اہوجا اور امیشا پٹیل نے مرکزی کردار نبھائے تھے۔
فلم کی کہانی امریکا سے تعلق رکھنے والے ایک شادی شدہ جوڑے سدھارتھ اور اونی پر مبنی تھی جو امریکا چھوڑ کر بھارت چھٹیاں منانے آتے ہیں۔
فلم میں پریش راول، منوج جوشی اور راجپال یادو نے بھی اہم کردار نبھائے، فلم کی ہدایات پریادرشن نے دی تھی۔













لائیو ٹی وی