پشاور-اسلام آباد موٹروے پر حادثہ: 11 افراد جاں بحق، 46 زخمی

اپ ڈیٹ 11 جولائ 2019
بس ٹرالر کو اوورٹیک کرتے ہوئے بے قابو ہوگئی تھی — فوٹو: ڈان نیوز
بس ٹرالر کو اوورٹیک کرتے ہوئے بے قابو ہوگئی تھی — فوٹو: ڈان نیوز

پشاور-اسلام آباد موٹروے پر باہتر انٹرچینج کے قریب مسافر کوچ پلٹ گئی جس کے نتیجے میں 11 مسافر جاں بحق اور 46 زخمی ہوگئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ صبح سویرے شدید بارش اور پھسلن کے باعث پیش آیا۔

سپرنٹنڈنٹ پولیس پوٹھوہار ٹاؤن سید علی نے بس ڈرائیور کو حادثے کا ذمہ دار ٹھہرایا۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے بس ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے گرفتار کرلیا ہے۔

مزید پڑھیں: صادق آباد: اکبر ایکسپریس اور مال گاڑی میں تصادم، 14 افراد جاں بحق، 79 زخمی

حادثے کے بعد انہوں نے ایم ون موٹروے پر ہر 500 میٹر پر اسپیڈ کیمرا نصب کرنے کی ہدایات بھی جاری کردیں۔

موٹروے پولیس ڈی آئی جی اشفاق احمد کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کا تعلق لاہور، ننکانہ صاحب اور سوات سے ہے۔

انہوں نے جاں بحق مسافروں کی شناخت سکینہ بی بی، نورین، کنزا، خالد شہزاد، سیف الرحمٰن، اعجاز، نیاز، تاج کے نام سے کی اور کہا کہ 2 لاشوں کی شناخت ہونا ابھی باقی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: صادق آباد حادثہ: انکوائری مکمل ہونے تک شیخ رشید مستعفی ہوں، بلاول بھٹو

ڈی آئی جی نے متعدد عینی شاہدین کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ڈرائیور بس چلاتے ہوئے مسلسل موبائل فون کا استعمال کر رہا تھا جبکہ چند مسافروں کی جانب سے اسے منع کرنے پر بھی وہ باز نہیں آیا تھا۔

پولیس کے مطابق بس ٹرالر کو اوورٹیک کرتے ہوئے بے قابو ہوگئی تھی۔

ٹی ایچ کیو ہسپتال ٹیکسیلا کی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر حوریہ نے ڈان نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ 10 لاشوں اور 8 زخمیوں کو ہسپتال لایا گیا ہے جبکہ دیگر کو حسن ابدال، واہ کینٹ اور راولپنڈی کے دیگر ہسپتالوں میں لے جایا گیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں