محتسب کے فیصلے کی توثیق، نجی بینک یونیورسٹی کو منافع ادا کرے، صدرمملکت
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بینکنگ محتسب کے فیصلے کی توثیق کرتے ہوئے نجی بینک کو سرگودھا یونیورسٹی کے اکاونٹ میں منافع جمع کرانے کا حکم دے دیا۔
خیال رہے کہ بینکنگ محتسب نے نومبر2018 میں سرگودھا یونیورسٹی میں قائم نجی بینک کی برانچ کو منافع کے حصے کی رقم یونیورسٹی کے خزانے میں جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔
مزید پڑھیں: سرگودھا یونیورسٹی کے پروفیسر کا ’جیل‘ میں انتقال
بعدازاں بینکنگ محتسب کے فیصلے کے خلاف نجی بینک نے صدر پاکستان سے اپیل کی تھی۔
اس حوالے سے بتایا گیا کہ صدر پاکستان نے بھی سرگودھا یونیورسٹی کے حق میں فیصلہ دیتے ہوئے بینک کو منافع فوری جمع کرانے کا حکم دیا۔
بتایا گیا کہ 2015 میں سابق وائس چانسلر ڈاکٹر اکرم چوہدری کے دور میں یونیورسٹی آف سرگودھا نے بینک میں 40کروڑ کی سرمایہ کاری کی جس کی مد میں بینک نے 4 کروڑ 21 لاکھ 15ہزار 68روپے کے بجائے 3کروڑ 8لاکھ 84 ہزار384 روپے منافع ادا کیا اس طرح 1کروڑ 12لاکھ 30ہزار 684 روپے کی ادائیگی نہیں کی۔
علاوہ ازیں 27کروڑ 50لاکھ کی ایک اور سرمایہ کاری پر بینک نے 2کروڑ 62 لاکھ 50 ہزارمنافع دینے کے بجائے 2کروڑ 11 لاکھ 25ہزار کی ادائیگی کی اور یونیورسٹی کے محکہ مالیات کو 51 لاکھ 25ہزار کا نقصان اٹھانا پڑا۔
یہ بھی پڑھیں: نیب نے ملزمان سے برآمد شدہ 10 کروڑ 73 لاکھ روپے اداروں کو واپس کردیے
رپورٹ کے مطابق 2015 کے دوران تیسری مرتبہ 12کروڑ 50 لاکھ کی سرمایہ کاری کی رقم پر 88 لاکھ 99ہزار 315 روپے کے بجائے 82 لاکھ 72ہزار 602 روپے ادا کیے گئے اور یونیورسٹی کے مالیات کو مجموعی طور پر ایک کروڑ 69 لاکھ 82 ہزار397 روپے منافع کی مد میں کم ادائیگی کی گئی۔
یونیورسٹی آف سرگودھا کی موجودہ انتظامیہ نے معاملے کو فوری طور پر بینکنگ محتسب کے پاس اٹھایا جس پر بینکنگ محتسب نے سماعت کے بعد نجی بینک کو یونیورسٹی آف سرگودھا کے خزانہ میں ایک کروڑ 69 لاکھ 82 ہزار 397 روپے کی رقم بطور منافع اکاؤنٹ میں ادائیگی کا حکم دیا۔
یاد رہے کہ نیب لاہور نے کچھ روز قبل ہی یونیورسٹی کو پرائیویٹ سب کیمپس لاہور اور منڈی بہاؤالدین کیس میں ملزمان سے پلی بارگین کے بعد ریکوری کی مد میں 9کروڑ 41لاکھ روپے کے چیک رجسٹرار کے حوالے کیے تھے۔
مزیدپڑھیں: این ای ڈی یونیورسٹی دنیا کی 200 بہترین جامعات میں شامل
سرگودھا یونیورسٹی کو فراہم کردہ رقم میں سے 5 کروڑ روپے سے زائد سب کیمپس لاہور اور منڈی بہاؤالدین کے طلبہ کو واپس کیے جائیں گے۔












لائیو ٹی وی