کارکردگی دکھاؤ ورنہ ٹیم میں جگہ نہیں، آسٹریلین کوچ

لندن: لارڈز میں انگلینڈ کے ہاتھوں بدترین شکست کے بعد آسٹریلین کوچ ڈیر لی مین سخت برہم ہیں اور انہوں نے اپنی ٹیم کے کھلاڑیوں کو آخری وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ تیسرے ایشز ٹیسٹ میں معیار کے مطابق پرفارمنس نہ دینے پر ٹیم سے باہر کرنے کی دھمکی دی ہے۔
انگلینڈ نے لارڈز کے تاریخی میدان پر ہونے والے دوسرے ایشز ٹیسٹ میں 347 رنز کے بھاری مارجن سے کامیابی حاصل کر کے سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کر لی تھی جہاں اس سے قبل برطانوی ٹیم پہلے میچ میں 14 رنز سے فاتح رہی تھی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا ٹیسٹ یکم اگست سے اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلا جائے گا اور اگر انگلش ٹیم اس میچ میں بھی کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب رہتی ہے تو وہ لگاتار تیسری ایشز سیریز اپنے نام کر لے گی۔
انگش ٹیم نے سیریز کے دونوں ٹیسٹ میچز میں مائیکل کلارک الیون کو آؤٹ کلاس کر دیا تھا اور لی مین نے اس بات کو تسلیم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان پر کی جانے والی تنقید بالکل درست ہے۔
ایشز کو خطرے میں دیکھ کر لی مین نے جمعے سے سسیکس کے خلاف شروع ہونے والے تین روزہ ٹور میچ کو کافی اہم قرار دیا ہے جس میں کارکردگی کی بنیاد پر وہ ٹیم میں تبدیلیوں کا فیصلہ کریں گے۔
اس میچ کے لیے وکٹ کیپر میتھیو ویڈ اور اسپنر نیتھن لیون کو موقع دیا جا سکتا ہے جہاں کارکردگی دکھانے کی صورت میں دونوں کو تیسرے ٹیسٹ کی فائنل الیون میں شامل کیا جائے گا۔
اس کے ساتھ ساتھ لی مین نے اے ٹیم کے ٹور سے واپس آنے والے جیکسن برڈ، ڈیوڈ وارنر اور جیمز فالکنر کو بھی آزمانے کا عندیہ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم کو بھی بیٹنگ میں کافی بہتری درکار ہے اور اسی طرح کی کارکردگی دکھانی ہو گی جیسا کہ گزشتہ دو میچز میں انگلینڈ کی ٹیم نے کیا، میں کسی بھی چیز کو خارج از امکان قرار نہیں دے سکتا کیونکہ جب آپ دو میچ ہار جائیں تو ایسا ہوتا ہے لہٰذا اگر لڑکوں نے ٹیم میں رہنا ہے تو انہیں پرفارم کرنا ہو گا۔
دوسری جانب انگلینڈ کی جانب سے سب سے بڑا مسئلہ کیون پیٹرسن کی فٹنس ہے جو پنڈلی میں انجری کے باعث آسٹریلیا کی دوسری اننگ میں فیلڈنگ نہیں کر سکے تھے۔
انگلینڈ کے بیٹنگ کوچ گراہم گوچ نے تسلیم کیا پیٹرسن ان فٹ ہیں اور سلیکٹرز ان کا متبادل تلاش کر رہے ہیں۔
جنوبی افریقی نژاد برطانوی اسٹار کے بارے میں ان کا کہنا ہے کہ ہمیں نہیں پتہ کے وہ اولڈ ٹریفورڈ کیلیے فٹ ہوں گے یا نہیں لیکن تاحال ان کی اگلے میچ میں شرکت مشکوک ہے۔