جیمز پیٹنسن ایشز سیریز سے باہر

شائع July 23, 2013

آسٹریلین فاسٹ باؤلر جیمز پیٹنسن جو ایشز سیریز کے بقیہ میچز سے انجری کے باعث باہر ہو گئے ہیں۔ فوٹو اے پی

لندن: ایشز سیریز میں دو صفر کے خسارے سے دوچار آسٹریلین ٹیم کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے اور فاسٹ باؤلرز جیمز پیٹنسن کمر میں اسٹریس فریکچر کے باعث سیریز کے بقیہ تینوں میچز سے باہر ہو گئے ہیں۔

جیمز پیٹنسن کو لارڈز میں ہونے والے دوسرے ایشز ٹیسٹ کے بعد کمر میں تکلیف کی شکایت ہوئی تھی۔

کرکٹ آسٹریلیا نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پیٹنسن کمر میں فریکچر کے باعث سیریز کے بقیہ ٹیسٹ میچز میں شرکت نہیں کر سکییں گے اور انہیں اولڈ ٹریفورڈ میں ہونے والے ٹیسٹ میچ کے بعد وطن واپس روانہ کر دیا جائے گا۔

ٹیم کے ڈاکٹر پیٹر برکنر نے کہا ہے کہ پیٹنسن نے دوسرے ایشز ٹیسٹ کے آخری روز کمر اور کولہے میں تکلیف کی شکایت کی تھی، پیر کو ہم نے لندن میں ان کے کچھ اسکین کیے ہیں جس میں ان کی کمر کے نچلے حصے میں اسٹریس فریکچر کا انکشاف ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے اب جیمز پیٹنسن سیریز کے بقیہ میچز میں شرکت نہیں کر سکیں گے لیکن ہمیں امید ہے کہ وہ صحتیابی کے بعد آسٹریلین سمر سیزن میں ٹیم کی نمائندگی کریں گے۔

پیٹنسن کے سیریز کے بقیہ میچز سے باہر ہونے کے بعد سلیکٹرز کی جانب سے مچل اسٹارک کو ایک بار پھر طلب کیے جانے کا امکان ہے جنہیں لارڈز میں انگلینڈ کے ہاتھوں 347 رنز کی شرمناک شکست کے بعد اسکواڈ سے باہر کر دیا گیا جبکہ اے ٹیم کے دورے سے واپس آنے والے جیمز فالکنر اور جیکسن برڈ بھی ٹیم کو جوائن کر لیں گے۔

پانچ میچوں کی تاریخی ایشز سیریز میں میزبان انگلینڈ کو سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل ہے جہاں دونوں ٹیمیں یکم اگست سے مانچسٹر، اولڈ ٹریفورڈ میں تیسرے ٹیسٹ میں مدمقابل ہوں گی۔

کارٹون

کارٹون : 29 جون 2025
کارٹون : 28 جون 2025