ایڈورڈ سنوڈن ، فائل فوٹو۔۔۔

ماسکو: خفیہ امریکی معلومات منظر عام پر لانے والے سابق سی آئی اے اہلکار ایڈورڈ سنوڈن جو گزشتہ ماہ سے ماسکو ایئر پورٹ کے ٹرانزٹ زون میں پھنسے ہوئے تھے، روسی حکام نے انھیں روس میں داخل ہونے کی اجازت دے دی ہے۔

گزشتہ ہفتے ایڈورڈ اسنوڈن کی جانب سے داخل کی گئی عارضی پناہ کی درخواست پر روسی حکومت نے نظر ثانی کرتے ہوئے انہیں روس میں داخل ہونے کی اجازت دے دی ہے۔

روسی حکومت کی جانب سے ملک میں داخل ہونے کا اجازت نامہ ایڈورڈ کے وکیل آناتولی کو چیرینا کو دے دیا گیا ہے۔

خفیہ امریکی نگرانی کے پروگرام کو منظر عام پر لانے کے بعد سنوڈن 23  جون کو ہانگ کانگ سے ماسکو پہنچے تھے جہاں وہ گزشتہ ماہ سے ماسکو شیریمیتیود ایئر پورٹ کے ٹرانزٹ زون میں پھنسے ہوئے تھے۔

لاطینی امریکہ کے دو ملکوں نکاراگوا اور وینزویلا کے صدور نے امریکہ کو مطلوب سی آئی اے کے سابق اہلکار ایڈورڈ اسنوڈن کو سیاسی پناہ دینے کی پیشکش کی ہے۔

واضح رہے کہ امریکہ  کی انٹیلجنس معلومات افشا کرنے والے سنوڈن امریکہ کو مطلوب ہے، جس پر فرد جرم عائد کر دی گئی ہے۔ ان کا سب سے بڑا انکشاف یہ تھا کہ امریکی حکومت اپنی عوام اور خصوصاً غیردوسرے ممالک کے تارکین کے انٹرنیٹ، موبائل اور ای میل کی جاسوسی کرتی ہے۔

امریکی حکام نے سنوڈن کا پاسپورٹ منسوخ کر دیا ہے، اور روس سے مطالبہ کیا ہے کہ سنوڈن کو امریکہ کے حوالے کیا جائے تاکہ ان کے خلاف غداری کا مقدمہ چلایا جاسکے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں