جنرل ندیم رضا نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا عہدہ سنبھال لیا

27 نومبر 2019
جنرل ندیم رضا کو ان کی عسکری خدمات پر ہلال امتیاز ملٹری سے نوازا جاچکا ہے — فوٹو: آئی ایس پی آر
جنرل ندیم رضا کو ان کی عسکری خدمات پر ہلال امتیاز ملٹری سے نوازا جاچکا ہے — فوٹو: آئی ایس پی آر

نومنتخب چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے اپنے عہدے کی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل ندیم رضا نے جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹرز میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں۔

جنرل ندیم رضا کو ان کی عسکری خدمات پر ہلال امتیاز ملٹری سے نوازا جاچکا ہے۔

واضح رہے کہ 21 نومبر کو وزیراعظم عمران خان نے لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی مقرر کیا تھا۔

وزیر اعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا بطور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف 27 نومبر سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

مزید پڑھیں: چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی کے تقرر کیلئے عہدے کی دوڑ

جنرل ندیم رضا کا کیریئر

لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا ستمبر 1985 میں 10 سندھ رجمنٹ کا حصہ بنے تھے، وہ کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد سے تعلیم یافتہ ہیں اور انہوں نے 1994 میں جرمنی سے انفینٹری کمانڈ کورس بھی مکمل کیا تھا۔

لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا ایک انفنٹری بریگیڈ کمانڈ کر چکے ہیں اور آپریشن ڈائریکٹریٹ میں جی ایس او ون فرائض انجام دے چکے ہیں جبکہ وہ ایک اسٹرائیک کور کے چیف آف اسٹاف بھی رہ چکے ہیں۔

انہوں نے جنوبی وزیرستان میں انفنٹری ڈویژن کی کمان بھی سنبھالی تھی اور وہ بطور کمانڈنٹ پاکستان ملٹری اکیڈمی، کاکول بھی فرائض سرانجام دے چکے ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا دسمبر 2016 میں کورکمانڈر راولپنڈی کی اہم پوزیشن پر تعینات ہوئے اور اگست 2018 سے جی ایچ کیو میں چیف آف جنرل اسٹاف تعینات ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں 3 سال کی توسیع

ان کے اہلخانہ میں ایک بیوی اور 4 بچے شامل ہیں۔

خیال رہے کہ پاک فوج کے موجودہ ڈھانچے میں چیئرمین جوائنٹ چیف اسٹاف کا عہدہ تکنیکی لحاظ سے آرمی چیف سے بڑا ہے جس کا اختیار آرمی، بحریہ اور فضائیہ، تینوں افواج پر ہے۔

اصولی طور پر چیف آف جوائنٹ اسٹاف مسلح افواج کا سب سے اعلیٰ افسر ہوتا ہے جو دفاعی اور سیکیورٹی معاملات میں حکومت کے مشیر کے طور پر کام کرتا ہے جس کے فرائض منصبی میں ’جوائنٹیز‘ کی ترقی اور سروسز کے مابین تعاون بھی شامل ہوتا ہے۔

علاوہ ازیں جس عہدے پر تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری ہوا ہے اس پر لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا کے علاوہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز ستار بھی امیدوار تھے جو اس وقت ایس پی ڈی کے سربراہ مقرر ہیں جو این سی اے سیکریٹریٹ کے طور پر کام کرتا ہے جبکہ اس سے قبل وہ ملٹری انٹیلی جنس (ایم آئی) کے ڈائریکٹر جنرل بھی رہ چکے ہیں۔

اس کے علاوہ کراچی کے کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ہمایوں عزیز بھی اس عہدے کے امیدوار تھے جن کا تعلق آرٹلری سے ہے جبکہ وہ انٹیلیجنس کا پس منظر بھی رکھتے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں