• KHI: Clear 21.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 13.9°C
  • ISB: Partly Cloudy 12.1°C
  • KHI: Clear 21.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 13.9°C
  • ISB: Partly Cloudy 12.1°C

حکومت کو الیکشن کمیشن ارکان کی تقرری کے لیے 10 دن کی مہلت

شائع December 17, 2019
عدالت نے حکومت کو 31 دسمبر تک مہلت دے دی—فائل فوٹو: اے ایف پی
عدالت نے حکومت کو 31 دسمبر تک مہلت دے دی—فائل فوٹو: اے ایف پی

اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی حکومت کو الیکشن کمیشن (ای سی) کے 2 ارکان کی تقرری کے لیے مزید 10 دن کی مہلت دے دی۔

وفاقی حکومت نے الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری کے لیے مہلت مانگنے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں محسن شاہ نواز رانجھا، مرتضی جاوید عباسی اور جہانگیر جدون کی درخواستوں پر الیکشن کمیشن ارکان کی تقرری کے کیس کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران وفاق کی جانب سے ڈپٹی اٹارنی جنرل سید محمد طیب شاہ اور سیکرٹری قومی اسمبلی عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔

سیکریٹری قومی اسمبلی نے حکومت کی جانب سے حکومت سے استدعا کی کہ الیکشن کمیشن میں سندھ اور بلوچستان کے ارکان کی تعیناتی کا معاملہ حل کرنے کے لیے مزید 10 دن کی مہلت دی جائے۔

یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن ارکان کی تقرری،حکومت کا اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کا فیصلہ

سیکریٹری قومی اسمبلی کی استدعا پر چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ اس مسئلے کے حل کے لیے قائد ایوان اور قائد حزب اختلاف کو اہم کردار ادا کرنا چاہیے اور یہ مسئلہ پارلیمنٹ میں ہی حل ہونا چاہیے تاکہ دنیا کو پتہ چل سکے کہ پارلیمنٹ بالادست ہے۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن ایک اہم ادارہ ہے، الیکشن کمیشن میں ایسا شخص لگایا جاتا ہے جس پر عوام کا اعتبار ہو، کیا آپ کو ایک بھی ایسا آدمی نہیں مل رہا؟

جسٹس اطہر من اللہ کا کہنا تھا کہ عدالت کو اعتماد ہے کہ آپ اس مسئلے کا حل نکال لیں گے، پارلیمنٹ ہی سپریم ہے یہ معاملہ پارلیمنٹ نے ہی حل کرنا ہے۔

عدالت نے حکومت کو الیکشن کمیشن کے 2 ارکان کی تقرری کے لیے وفاقی حکومت کو 10 دن کی اجازت دیتے ہوئے کیس کی سماعت 31 دسمبر تک ملتوی کردی۔

مزید پڑھیں: الیکشن کمیشن کے نئے اراکین سے حلف نہ لینے کا اقدام سپریم کورٹ میں چیلنج

خیال رہے کہ 4 دسمبر کو الیکشن کمیشن کے 2 ارکان کی تقرری کے معاملے پر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے چیمبر میں اہم مشاورتی اجلاس ہوا تھا جس میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، شبلی فراز، وزیر دفاع پرویز خٹک اور لیگی رہنما ایاز صادق نے شرکت کی تھی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری کے معاملے پر ہائی کورٹ سے رجوع کر کے پارلیمانی کمیٹی کے ذریعے معاملے کے حل کے لیے 10 روز کی مہلت کی درخواست کی جائے گی۔

اس سے قبل حکومت اور اپوزیشن کی پارلیمانی کمیٹی میں اس حوالے سے اتفاق رائے نہیں ہوسکا تھا جبکہ وفاقی وزرا نے دعویٰ کیا تھا کہ اراکین کی تقرری پر اتفاق ہوا ہے لیکن 4 دسمبر کو ہونے والے اجلاس میں اتفاق نہیں ہوا تھا جس کے بعد معاملے کو ایک ہفتے کے لیے مؤخر کرتے ہوئے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا گیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکومت کو مشاورت کے ذریعے ارکان کی تقرری کے لیے مزید 10 دن کی مہلت دے دی۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2025
کارٹون : 20 دسمبر 2025