Dawnnews Television Logo

کورونا وائرس کا شکار ہونے والی نامور شخصیات

دنیا بھر میں 19 مارچ کی صبح تک کورونا وائرس کے شکار افراد کی تعداد بڑھ کر 2 لاکھ 18 ہزار 815 تک جا پہنچی تھی۔
اپ ڈیٹ 19 مارچ 2020 05:49pm

دنیا بھر میں تیزی سے پھیلنے والے کورونا وائرس سے 19 مارچ کی صبح تک متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ 18 ہزار 815 تک پہنچ چکی تھی جب کہ اس وبا سے ہلاکتوں کی تعداد بھی بڑھ کر 8 ہزار 810 تک جاپہنچی تھی۔

کورونا وائرس دسمبر 2019 کے وسط میں چین کے شہر ووہان سے شروع ہوا تھا اور ابتدائی ڈیڑھ ماہ تک مذکورہ وبا صرف چین تک ہی محدود تھی، تاہم جنوری کے آخر میں یہ وبا دیگر ممالک تک پہنچ گئی اور صرف گزشتہ 19 دن میں اس وبا نے دنیا کے درجنوں ممالک کو اپنی لپیٹ میں لیا۔

کورونا وائرس سے 19 مارچ کی صبح تک دنیا بھر کے 160 سے زائد ممالک متاثر ہوچکے تھے اور کئی ممالک کی اہم شخصیات بھی اس وبا سے متاثر ہو چکی تھیں۔

کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے خدشے کے پیش نظر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اپنا ٹیسٹ کروایا تھا جب کہ دیگر کئی عالمی رہنماؤں نے بھی وبا کے تیزی سے پھیلنے کی وجہ سے اپنی سرگرمیوں کو محدود کر رکھا ہے۔

جہاں کورونا وائرس نے دنیا کے نصف سے زائد ممالک کو اپنی لپیٹ میں لیا ہے، وہیں اس وبا سے کئی اہم سیاسی، سماجی، شوبز اور کھیلوں کی شخصیات بھی متاثر ہوئی ہیں جس وجہ سے عام افراد میں بھی خوف پھیل گیا ہے۔

اب تک اس وبا سے جہاں ایران کے ارکان پارلیمینٹ اور وزرا متاثر ہوئے ہیں، وہیں اس وبا سے امریکا اور برطانیہ کے ارکان پارلیمینٹ سمیت شوبز، کھیل اور سیاست کی اہم شخصیات بھی اس سے متاثر ہو چکی ہیں جب کہ تاحال اسپین اور کینیڈا کی خاتون اول بھی اس وبا سے متاثر ہو چکی ہیں۔

ایران کے متعدد سیاستدان و ارکان پارلیمنٹ

ایران کی خاتون نائب صدر 59 سالہ معصومہ ابتکار بھی کورونا کا شکار ہوئیں—فوٹو: اے ایف پی
ایران کی خاتون نائب صدر 59 سالہ معصومہ ابتکار بھی کورونا کا شکار ہوئیں—فوٹو: اے ایف پی

چین اور اٹلی کے بعد ایران سب سے زیادہ متاثر ملک ہے، جہاں متعدد سیاستدان اور حکومتی عہدیداروں کے بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی خبریں ہیں۔

اگرچہ ایرانی حکومت نے واضح طور پر سیاستدانوں اور حکومتی عہدیداروں کی تصدیق نہیں کی ہے، تاہم برطانوی اخبار دی گارجین نے 3 مارچ کو اپنی رپورٹ میں ایرانی عہدیداروں کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ایران کے کم سے کم 30 ارکان پارلیمینٹ کورونا میں مبتلا ہیں۔

ایران کے ایک رکن پارلیمینٹ بھی مبینہ طور پر کورونا کی وجہ سے ہلاک ہوچکے ہیں—فوٹو: ٹوئٹر
ایران کے ایک رکن پارلیمینٹ بھی مبینہ طور پر کورونا کی وجہ سے ہلاک ہوچکے ہیں—فوٹو: ٹوئٹر

ایران کی خاتون نائب صدر اور نائب وزیر صحت سمیت 30 سیاستدانوں، حکومتی عہدیداروں اور ارکان پارلیمنٹ کے مبتلا ہونے کی خبروں پر ایرانی حکومت نے کوئی وضاحت نہیں کی، تاہم متعدد عالمی نشریاتی اداروں نے ایران کے نیم سرکاری خبر رساں اداروں کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ایران کے متعدد سیاستدان کورونا میں مبتلا ہیں جب کہ ایک رکن پارلیمینٹ کے ہلاک ہونے کی خبریں بھی ہیں۔

برطانوی نائب وزیر صحت نیڈن ڈورس

برطانوی نائب وزیر صحت 11 مارچ کو کورونا کا شکار ہوئیں—فوٹو: شٹر اسٹاک
برطانوی نائب وزیر صحت 11 مارچ کو کورونا کا شکار ہوئیں—فوٹو: شٹر اسٹاک

برطانوی نائب وزیر صحت 62 سالہ نیڈن ڈورس نے 11 مارچ کو تصدیق کی کہ وہ بھی ’کورونا وائرس‘ کا شکار ہوگئیں جب کہ ان کی والدہ میں بھی مذکورہ وائرس کی علامات ظاہر ہو رہی ہیں۔

نائب وزیر صحت کے کورونا میں مبتلا ہونے کے بعد وزیر اعظم بورس جانسن سمیت کئی افراد کے بھی متاثر ہونے کا شبہ ظاہر کیا جا رہا تھا تاہم 19 مارچ تک نائب وزیر صحت سے ملاقاتیں کرنے والے کسی بھی شخص میں کورونا کی تصدیق نہیں ہوئی تھی۔

برطانوی رکن پارلیمنٹ کیٹ اوسبورن

برطانوی رکن نے 16 مارچ کو اپنے مبتلا ہونے کی تصدیق کی—فوٹو: پی اے میڈیا
برطانوی رکن نے 16 مارچ کو اپنے مبتلا ہونے کی تصدیق کی—فوٹو: پی اے میڈیا

نائب وزیر صحت کے کورونا کے شکار ہونے کے ایک ہفتے بعد برطانوی رکن اسمبلی کیٹ اوسبورن نے بھی اپنی سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے تصدیق کی کہ وہ بھی کورونا کا شکار بن گئیں۔

ٹام ہینکس اور ان کی اہلیہ ریٹا ولسن

دونوں میاں اور بیوی 5 دن تک ہسپتال میں زیر علاج رہے—فوٹو: اے ایف پی
دونوں میاں اور بیوی 5 دن تک ہسپتال میں زیر علاج رہے—فوٹو: اے ایف پی

ہولی وڈ اداکار 63 سالہ ٹام ہینکس اور ان کی اہلیہ 63 سالہ ریٹا ولسن بھی کورونا وائرس کا شکار ہیں اور ان دونوں نے 12 مارچ کو سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے اس بات کی تصدیق کی تھی کہ وہ دونوں کورونا کا شکار ہوگئے ہیں۔

دونوں اداکار 17 مارچ تک ہسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد گھر منتقل ہوئے اور احتیاطی تدابیر کے پیش نظر انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا۔

کینیڈین وزیر اعظم کی اہلیہ صوفی ٹروڈو

کینیڈین وزیر اعظم کی بیوی 13 مارچ کو کورونا کا شکار ہوئیں—فوٹو: اے پی
کینیڈین وزیر اعظم کی بیوی 13 مارچ کو کورونا کا شکار ہوئیں—فوٹو: اے پی

کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے 13 مارچ کو سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے تصدیق کی کہ ان کی اہلیہ بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئی ہیں، جس وجہ سے جہاں ان کی اہلیہ کو علاج کے لیے منتقل کردیا گیا، وہیں وزیر اعظم نے بھی خود کو قرنطینہ کے حوالے کردیا۔

صوفی ٹروڈو دنیا کی وہ پہلی خاتون اول تھیں جو عالمی وبا کا شکار ہوئیں۔

آسٹریلوی وزیر داخلہ پیٹر ڈٹن

آسٹریلوی وزیر داخلہ نے 13 مارچ کو تصدیق کی کہ وہ وائرس کا شکار بن گئے—فوٹو: ٹوئٹر
آسٹریلوی وزیر داخلہ نے 13 مارچ کو تصدیق کی کہ وہ وائرس کا شکار بن گئے—فوٹو: ٹوئٹر

آسٹریلوی وزیر داخلہ پیٹر ڈٹن نے 13 مارچ کو تصدیق کی کہ وہ بھی کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں اور اب انہوں نے خود کو قرنطینہ کے حوالے کردیا، ان کے وائرس میں مبتلا ہونے کے بعد کئی اہم سیاسی شخصیات کے بھی وائرس کے شکار ہونے کا خیال ظاہر کیا گیا، تاہم 19 مارچ تک کسی اور سیاستدان میں وبا میں مبتلا ہونے کی تصدیق نہیں ہوئی تھی۔

آسٹریلوی سینیٹر سوزان مکڈونلڈ

آسٹریلوی ریاست کوئنز لینڈ سے سینیٹر منتخب ہونے والی سوزان مکڈونلڈ میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی، جس کے بعد دیگر ارکان میں بھی کورونا کا شبہ کیا جا رہا ہے۔

امریکی کانگریس کے ارکان

امریکی کانگریس کے فلوریڈا اور ریاست اٹاوہ سے منتخب ہونے والے 2 ارکان میں 19 مارچ کو کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد خیال کیا جا رہا ہے کہ دیگر ارکان کارنگریس بھی وائرس کا شکار ہوگئے۔

فلوریڈا سے منتخب ہونے والے رکن ماریو ڈیاز بلارٹ اور اٹاہ سے منتخب ہونے والے رکن بین میکڈمس وہ پہلے امریکی ارکان بنے جنہیں وائرس نے نشانہ بنایا۔

امریکی ریاست نیویارک اسمبلی کے ارکان

امریکی کانگریس اور میامی کے میئر کی طرح ریاست نیویارک کی اسمبلی کے 2 ارکان بھی کورونا وائرس کا شکار ہوئے۔

فارن پالیسی میگزین کے مطابق نیویارک اسمبلی کی خاتون رکن ہیلن وائنسٹائن اور چارلس بیرون میں بھی کورونا کی تصدیق ہوئی، جس کے بعد دیگر ارکان کے بھی وائرس میں مبتلا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے ۔

میامی کے میئر فرانسز ساریز

میامی کے میئر نے 13 مارچ کو تصدیق کی کہ وہ کورونا میں مبتلا ہیں—فوٹو بزنس انسائیڈر
میامی کے میئر نے 13 مارچ کو تصدیق کی کہ وہ کورونا میں مبتلا ہیں—فوٹو بزنس انسائیڈر

امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر میامی کے میئر فرانسز ساریز نے بھی 13 مارچ کو اس بات کی تصدیق کی کہ ان کا کورونا کا ٹیسٹ پازیٹو آیا ہے اور اب وہ خود کو قرنطینہ کر رہے ہیں، ان کے مبتلا ہونے کے بعد کئی سرکاری حکام میں بھی خدشہ ظاہر کیا گیا تاہم 19 مارچ تک ان کے قریبی حکام میں وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی تھی۔

اسپین کے وزیر اعظم کی اہلیہ بیگونا گومز

بیگونا گومز دوسری خاتون اول بنیں جو کورونا کا شکار ہوئیں—فوٹو: فیس بک
بیگونا گومز دوسری خاتون اول بنیں جو کورونا کا شکار ہوئیں—فوٹو: فیس بک

15 مارچ کو اسپین کی حکومت نے تصدیق کی کہ وزیر اعظم پیدرو سانچز کی اہلیہ 45 سالہ بیگونا گومز بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئیں۔

حکام نے بتایا کہ اہلیہ کے کورونا وائرس کے شکار ہونے کے بعد وزیر اعظم نے خود کو محدود کردیا اور امکان ہےکہ خدشے کے باعث ان کا بھی ٹیسٹ کیا جائے۔

اسپین کی وزیر مساوات ارینی مونتیرو

—فوٹو: اے ایف پی
—فوٹو: اے ایف پی

اسپین کی مساوات و ثقافت سے متعلق خاتون وزیر ایرینی مونتیرو میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی، ان میں اسپینش خاتون اول سے قبل ہی کورونا کی تشخیص ہوئی تھی، خاتون وزیر میں تصدیق کے بعد ہی خیال کیا جا رہا تھا کہ شاید اسپین کے وزیر اعظم بھی کورونا کا شکار ہوں کیوں کہ وزیر اعظم خاتون وزیر سے مل چکے تھے۔

ہولی وڈ اداکار ادریس ایلبا

ادریس ایلبا نے 16 مارچ کو کورونا کی تصدیق کی—فائل فوٹو: فیس بک
ادریس ایلبا نے 16 مارچ کو کورونا کی تصدیق کی—فائل فوٹو: فیس بک

افریقی نژاد ہولی وڈ اداکار، گلوکار و پروڈیوسر ادریس ایلبا نے بھی 16 مارچ کو اپنی سوشل پوسٹ کے ذریعے اس بات کی تصدیق کی کہ وہ بھی کورونا وائرس کا شکار بن گئے۔

انہوں نے بتایا کہ خدشات کے پیش نظر انہوں نے ٹیسٹ کروایا جو مثبت آیا۔

یونیورسل میوزک کے سی ای او لوشین کرینج

لوشین کرینج نے بھی خود کو گھر تک محدود کردیا—فوٹو: اے ایف پی
لوشین کرینج نے بھی خود کو گھر تک محدود کردیا—فوٹو: اے ایف پی

ملٹی نیشنل میوزک کمپنی یونیورسل کے چیف ایگزیکٹو افسر لوشین کرینج کو بھی 17 مارچ کو کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد انہیں ہسپتال داخل کرلیا گیا جب کہ ان میں وائرس کی تصدیق کے بعد ان کی اہلیہ اور ان سےملاقات کرنےوالے دیگر افراد میں بھی وائرس کا خدشہ ظاہر کیا گیا تاہم 19 مارچ تک کسی اور میں وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی۔

گیم آف تھرونز اداکار کرسٹوفیر ہیوج

گیم آف تھرونز کے اداکار کے مطابق ان کی حالت خطرے سے باہر ہے—فوٹو: اے ایف پی
گیم آف تھرونز کے اداکار کے مطابق ان کی حالت خطرے سے باہر ہے—فوٹو: اے ایف پی

شہرہ آفاق پولیٹیکل تھرلر ڈراما فلم گیم آف تھرونز کے اداکار کرسٹوفر ہیوج نے بھی 16 مارچ کو اپنی سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے تصدیق کی کہ وہ کورونا کا شکار بن گئے ہیں۔

انہوں نے پوسٹ میں تصدیق کی کہ ان کی صحت بہتر ہے اور کورونا میں مبتلا ہونے کے بعد انہوں نے اور ان کے اہل خانہ نے خود کو کمرے تک محدود کردیا ہے۔

جیمز بانڈ اداکارہ اولگا کورلینکو

اداکارہ نے بتایا کہ ان کی حالت بہتر ہے—فوٹو: اے ایف پی
اداکارہ نے بتایا کہ ان کی حالت بہتر ہے—فوٹو: اے ایف پی

مشہور جاسوس فلم سیریز جیمز بانڈ کی اداکارہ اولگا کورلینکو نے بھی 16 مارچ کو اپنی سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے بتایا کہ وہ بھی کورونا کا شکار ہوگئی ہیں اور انہوں نے خود کو گھر تک محدود کردیا ہے۔

اداکارہ نے بتایا کہ ان کی حالت بہتر ہے، تاہم وہ گھر میں ہی رہیں گی۔

امریکی باسکٹ بال کھلاڑی روڈی گوبرٹ

کھلاڑی نے خود بھی تصدیق کی کہ وہ وائرس کا شکار بن گئے—فوٹو: این بی اے
کھلاڑی نے خود بھی تصدیق کی کہ وہ وائرس کا شکار بن گئے—فوٹو: این بی اے

امریکا کے باسٹ بال کھلاڑی روڈی گوبرٹ نے کورونا میں مبتلا ہونے سے پہلے متعدد بار اس وبا کا مذاق اڑایا تھا تاہم 12 مارچ کو یہ خبر سامنے آئی کہ وہ خود بھی اس کا شکار ہوگئے۔

روڈی گوبرٹ نے خود بھی اس کی تصدیق کی کہ وہ بھی وائرس کا شکار بن گئے ہیں جس کے بعد امریکا بھر میں باسکٹ بال کے میچز کو بھی ملتوی کردیا گیا۔

امریکی باسکٹ بال کھلاڑی ڈنووان مائیکل

ڈنووان مائیکل نے کورونا کے بعد خود کو قرینطینہ کردیا—فوٹو: اے ایف پی
ڈنووان مائیکل نے کورونا کے بعد خود کو قرینطینہ کردیا—فوٹو: اے ایف پی

روڈی گوبرٹ کے بعد امریکی باسکٹ بال کے کھلاڑی ڈنووان مائیکل بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے اور ان کے بعد دیگر کھلاڑیوں میں بھی اس وبا میں مبتلا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا، تاہم 19 مارچ تک کسی اور کھلاڑی میں اس وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی۔

امریکی باسکٹ بال کھلاڑی کرسچیان ووڈ

کرسچیان ووڈ کے بعد دیگر کھلاڑیوں میں کورونا کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے—فوٹو: اے ایف پی
کرسچیان ووڈ کے بعد دیگر کھلاڑیوں میں کورونا کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے—فوٹو: اے ایف پی

روڈی گوبرٹ اور ڈنوان مائیکل کے بعد باسکٹ بال کھلاڑی کرسجیان ووڈ میں بھی کورونا کی تشخیص ہوئی، جس کے بعد ٹیموں نے مزید مشتبہ افراد کےٹیسٹ بھی کروائے تاہم 19 مارچ تک دیگر کھلاڑیوں میں وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی۔

امریکی باسکٹ بال کھلاڑی کیون ڈیورانٹ

کیون ڈیورانٹ نے بھی خود کو قرنطینہ کردیا—فوٹو: اے ایف پی
کیون ڈیورانٹ نے بھی خود کو قرنطینہ کردیا—فوٹو: اے ایف پی

امریکی باسٹ فٹ بال کھلاڑی کیون ڈیورانٹ نےبھی 18 مارچ کو تصدیق کی کہ ان میں بھی کورونا کی تشخیص ہوئی ہے، وہ کورونا میں مبتلا ہونے والے باسکٹ بال کے چوتھے معروف کھلاڑی بنے اور انہوں نے کئی دیگر افراد سے بھی ملاقاتیں کی تھیں۔

امریکی گلوکارہ و اداکارہ چارلیٹ لارنس

اداکارہ نےبتایا کہ انہوں نے خود کو گھر تک محدود کردیا ہے—فوٹو: وائر امیج
اداکارہ نےبتایا کہ انہوں نے خود کو گھر تک محدود کردیا ہے—فوٹو: وائر امیج

امریکی گلوکارہ، اداکارہ و ماڈل چارلیٹ لارنس نے بھی 18 مارچ کو اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں تصدیق کی کہ وہ بھی کورونا وائرس کا شکار بن گئی ہیں۔

اداکارہ و گلوکارہ نے بتایا کہ وہ گزشتہ کچھ دن سے طبیعت میں خرابی محسوس کر رہی تھیں تو انہوں نے ڈاکٹر سے رجوع کیا، جنہوں نے انہیں بتایا کہ وہ کورونا کا شکار ہوگئی ہیں۔

فروزن 2 اداکارہ ریچل میتھیوز

نوجوان اداکارہ نے انسٹاگرام پر بتایا کہ وہ کورونا کا شکار ہوگئیں—فوٹو: فلم میجک
نوجوان اداکارہ نے انسٹاگرام پر بتایا کہ وہ کورونا کا شکار ہوگئیں—فوٹو: فلم میجک

ہولی وڈ بولڈ اداکارہ 26 سالہ ریچل میتھیوز نے بھی 17 مارچ کو اپنی سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے تصدیق کی کہ وہ بھی کورونا کا شکار ہوگئی ہیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد انہوں نے خود کو گھر تک محدود کردیا ہے اور ان کی حالت بہتر ہے۔

آرسنل کلب کے کوچ مائیکل ارتیتا

مائیکل ارتیتا کو گھر تک محدود کردیا گیا تھا—فوٹو: اے ایف پی
مائیکل ارتیتا کو گھر تک محدود کردیا گیا تھا—فوٹو: اے ایف پی

برطانوی ریاست انگلینڈ کے معروف فٹ بال کلب ’آرسنل‘ کی انتظامیہ نے 13 مارچ کو تصدیق کی کہ فٹ بال کلب کے ہیڈکوچ 37 سالہ مائیکل ارتیتا میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

آرسنل کلب نے ہیڈ کوچ میں کورونا وائرس کی تشخیص سے قبل ہی اپنے تربیتی کیمپ کو منسوخ کردیا تھا جب کہ برطانیہ سمیت یورپ بھر میں فٹ بال کے کھیلوں کو بھی منسوخ کردیا گیا تھا۔

اسپین فٹ بال کے کلب 5 فٹ بالر

ازیکوئل گیرے سمیت ولانشیا کے 5 فٹ بالرز میں کورونا کی تصدیق ہوئی—فوٹو: اے ایف پی
ازیکوئل گیرے سمیت ولانشیا کے 5 فٹ بالرز میں کورونا کی تصدیق ہوئی—فوٹو: اے ایف پی

اسپین کے فٹ بال کلب ولانشیا نے تصدیق کی کہ اس کے کم سے کم 5 کھلاڑیوں میں کورونا کی تصدیق ہو چکی ہے جب کہ کلب نے خدشہ ظاہر کیا ہےکہ کلب کے دیگر کھلاڑیوں اور عہدیداروں میں بھی کورونا کا خدشہ ہے۔

برطانوی اخبار دی گارجین کے مطابق فٹ بال کلب کے ذرائع نے بتایا کہ فٹ بال کلب کے تقریباً 35 فیصد کھلاڑی اور عہدیدار کورونا کا شکار ہیں تاہم 15 مارچ تک کلب کے 5 کھلاڑیوں میں کورونا کی تصدیق ہوئی تھی۔

فلپائن سینیٹر جان میگل فرنانڈز زوبری

سینیٹر نے ساتھیوں کو حفاظتی اقدامات اختیار کرنے کی ہدایت کی—فوٹو:منیلا بلیٹن
سینیٹر نے ساتھیوں کو حفاظتی اقدامات اختیار کرنے کی ہدایت کی—فوٹو:منیلا بلیٹن

فلپائن کے سینیٹر جان میگل فرنانڈز زوبری نے 16 مارچ کی تصدیق کی کہ وہ بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں اور انہوں نے اپنے دیگر اراکین ساتھیوں کو حفاظتی اقدامات اختیار کرنے کی ہدایت کی۔

خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ سینیٹر سے ملنے والے دیگر اراکین سینیٹ میں بھی کورونا منتقل ہوا ہوگا تاہم 19 مارچ تک ان کے دیگر ساتھیوں میں اس کی تصدیق نہیں ہوئی اور نہ ہی ان کے اہل خانہ میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔

فرانس کی وزیر برائے ماحولیات برون پوئرسن

فرانسیسی خاتون رکن پارلیمینٹ اور وفاقی وزیر برون پوئرسن بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئیں، ٹیسٹ سے قبل ہی انہوں نے خود کو گھر تک محدود کردیا تھا مگر بعد ازاں ٹیسٹ میں انہیں کورونا کی تشخیص ہوئی۔

فرانس کے وزیر ثقافت فرانک ریسٹر

—فوٹو: اے ایف پی
—فوٹو: اے ایف پی

فرانس کے وزیر ثقافت 46 سالہ فرانک ریسٹر بھی 9 مارچ کو کورونا وائرس کے شکار ہوگئے، انہوں نے وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی صحت بہتر ہے، ان کے وائرس میں مبتلا ہونے کے بعد خیال کیا جا رہا تھا کہ دیگر حکومتی عہدیدار اور وزیر بھی ممکنہ طور پر وائرس کا شکار ہو سکتےہیں تاہم 19 مارچ تک کسی اور میں تصدیق نہیں ہوئی۔

ناروے کے لیبر وزیر تورجورن روئے اساکسن

یورپی ملک ناروے کے لیبر کے وفاقی وزیر تورجورن روئے اساکسن میں بھی کورونا کی تشخیص ہوئی، فارین پالیسی مگزین کے مطابق وفاقی وزیر میں کورونا کی تشخیص کے بعد دیگر حکومتی عہدیداروں میں بھی وائرس کا شبہ کیا جا رہا ہے۔

اسرائیلی سفیر جیرمی اساشوروف

یورپی ملک جرمنی میں تعینات اسرائیل کے سفیر جیرمی اساشوروف بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے، الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی سفیر میں 17 مارچ کو وائرس کی تصدیق ہوئی۔

برازیلی صدر کے ترجمان فیبیو ونگرتن

ترجمان میں کورونا کی تشخیص کے بعد صدر نے خود کو گھر تک محدود کردیا—فوٹو: اے پی
ترجمان میں کورونا کی تشخیص کے بعد صدر نے خود کو گھر تک محدود کردیا—فوٹو: اے پی

برازیلی صدر کے میڈیا ترجمان فیبیو ونگرتن 12 مارچ کو کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی، جس کے بعد برازیلی صدر نے بھی خود کو کچھ وقت کے لیے گھر تک محدود کردیا۔

فیبیو ونگرتن سے ملاقات کے بعد ہی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنا کورونا کا ٹیسٹ کروایا تھا تاہم ان میں وائرس کی تشخیص نہیں ہوئی تھی۔

برازیلی صدر کے ترجمان نے کچھ دن قبل ڈونلڈ ٹرمپ سے بھی ملاقات کی تھی—فوٹو: انسٹاگرام
برازیلی صدر کے ترجمان نے کچھ دن قبل ڈونلڈ ٹرمپ سے بھی ملاقات کی تھی—فوٹو: انسٹاگرام