السٹریشن -- خدا بخش ابڑو
السٹریشن -- خدا بخش ابڑو --.

"انہوں نے بھری دوپہر کو فائر کرکے میری بیٹی کو مارا"

وہ سسکتی اور عین پروگرام کے بیچ میں کھڑی ہو جاتی، لمحہ بھر کے لیئے رکتی، کراہتی اور پھر اٹھ کھڑی ہوتی۔

"جیجاں(ماں) انہوں نے آگا پیچھا لے کر دس فائر کیئے، مجھے انصاف دلاؤ"

جواں سال بیٹی کے قتل کے بعد اس ماں کی آنکھیں تو کہاں سوکھنی تھیں مگر اس کی دردمندانہ چیخ و پکار سے ہال میں بیٹھے تمام خواتیں و حضرات آبدیدہ ہو جاتے۔ پھر سے کچھ دیر کے لیئے پروگرام رک جاتا اور پھر اسکی پکار کلیجے میں اترتی اور اک بے رحم سرد آہ کے بعد سلسلہ وہیں سے جڑتا جہاں رکا تھا۔

یہ نازیہ سولنگی کی ماں تھی جسے بڑی بے دردی سے اس کے سابقہ شوہر نے اس وقت گولیوں سے بھون دیا تھا جب وہ بے نظیر یوتھ ووکیشنل ٹریننگ سینٹر سے بھائی کے ساتھ اپنے گھر کو لوٹ رہی تھی کہ اس کے سابقہ شوہر نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ راستے میں ہی اس پہ گولیاں برسا دیں۔

جون، جولائی لاڑکانہ، قمبر میں سخت گرمی کے مہینے سمجھے جاتے ہیں۔ دس گولیاں اسکے جسم سے آر پار ہوگئی تھیں۔ سخت گرمی میں وہ پانی کا گھونٹ تک پینے سے پہلے ہی موقعے پہ دم توڑ گئی تھی اس لیئے ماں کو یہ یاد رہ گیا تھا کہ جلاد نے اسے بھری دوپہر میں قتل کیا۔ بکری بھی ذبح کی جاتی ہے تو اسے بھی پانی پلاتے ہیں، مگر نازیہ کی ماں کو گلہ تھا کہ اسے پیاس میں مارا گیا ہوگا۔

نازیہ کا بھائی بتاتا رہا کہ انہوں نے ملزم کے خلاف تھانے جا کر این سی بھی کٹوائی تھی کہ وہ ہر روز موٹر سائیکل پہ اسکا پیچھا کرتا اور اسے مارنے کی، اٹھانے کی دھمکیاں دیتا رہا تھا۔ مگر پولیس کہاں واقعہ سے پہلے حرکت میں آتی ہے۔ یہ پولیس تو نازیہ کے قتل کے بعد بھی قاتل گرفتار کرنے سے قاصر ہے.

"اچھا ہے کہ اسکی ماں پڑھی لکھی نہیں ہے ورنہ شاید وہ ساری عمر نہ سو پائے کہ ظالم نے اسکی بچی کو کیسے مارا ہے کہ جس رات میں نے پوسٹ مارٹم کی رپورٹ پڑھی تو میرا وجود تک کانپ گیا اور میں وہ ساری رات پل بھر کے لیئے آنکھ نہ جھپک سکی تھی"

"نہ کوئی وائٹل آرگن، نہ جسم کی کوئی ہڈی سلامت تھی، بازو، کندھے، دل، گردے، اندرونی اور بیرونی زخم اتنے تھے، بس ایسا سمجھو کہ اسکا پورا وجود زخم زخم تھا۔"

"میرے سندہ میں جس بے دردی کے ساتھ لڑکیاں ذبح کی جاتی ہیں اس طرح تو کوئی جانور بھی نہیں مارا جاتا ہوگا!"

میری وہ ڈاکٹر دوست سسک پڑی اور دیر تک روتی رہی۔

نازیہ کو کسی جاہل ان پڑھ نے نہیں اسکے سابقہ شوہر نے قتل کیا جو ایک بڑی سیاسی جماعت کی شاخ کا اسٹوڈنٹ لیڈر تھا. نازیہ سے اسکی شادی بھی پسند کی تھی۔ کیا یہ حیرت کی بات نہ تھی کہ اسکی اپنی لیڈر بھی اک خاتون ہی تھی۔

نازیہ کی ماں چیختی رہی، مقامی عورتوں کی تنظیم کئی جلوس نکال کر اور ہائیکورٹ کے ججوں کو اپیلیں ڈال ڈال کر تھک ہار چکی ہے لیکن پولیس کو نازیہ کا قاتل ابھی تک نہیں مل پایا ہے، یہی پولیس چاہے تو دبْئی سے شاہ رخ جتوئی کو برآمد کرا سکتی ہے۔

پھٹے پرانے کپڑوں میں ٹوٹی چپل کے ساتھ ڈیڑھ سالہ بچی کو خاموشی سے دودھ پلاتی خاتون نے کچھ دیر کے بعد اک تصویر میرے آگے کی۔ یہ کٹے ہوئے گلے والی اسکی جوان بچی کی تصویر تھی، جس میں لڑکی کی آنکھیں بند تھیں، اور گلے پہ بہت سارا خون جمع تھا۔ یہ بیس سالہ ناہید مستوئی کی تصویر تھی، جسے اسکے شوہر نے بیدردی سے ذبح کیا تھا۔

"میرا حق کریں، میرا انصاف کریں"

اس نے دھیمی آواز میں کہا. شاید وہ انصاف کی امید ہار بیٹھی تھی۔ سردار جرگے کے لئے زور ڈال رہے تھے مگر وہ میاں بیوی بضد تھے کہ قاتل کو سزا ہو۔

"ادی(بہن)، یہ تو وہ مائیں ہیں جو اپنی بیٹیوں کے قتل پہ رو تو سکتی ہیں بین تو کر سکتی ہیں لیکن کاری کے الزام تلے مرنے والیوں کی مائیں تو جگ دنیا والوں کے سامنے مرنے والی بیٹی کے لیئے بین تک نہیں کر سکتیں کہ وہ بدکار کی مائیں کہلاتی ہیں۔" مجھے وہاں کی خواتین بتا رہی تھیں۔

یہ کسی قبائلی علاقے کی داستان نہ تھی بلکہ پاکستان کی دو دفعہ وزیرِاعظم رہنے والی کا حلقہِ انتخاب تھا۔ پاکستان کی ایسی وزیرِاعظم جس کو نہ صرف مسلم دنیا کی پہلی اور دنیا میں سب سے کم عمر وزیرِ اعظم رہنے کا شرف حاصل ہوا۔

ریاست اور سیاست دونوں ان چیختی بلکتی مائوں کی زبان سجھنے سے قاصر تھیں اور انصاف کا گھر ان سے کوسوں دور تھا۔

عجیب بات یہ تھی کہ جب میڈیا کے چند صحافی ان سے بات کرنے کے لیئے مائک آگے کرتے تو وہ سرکار، پولیس یا کسی چھوٹے بڑے جج کے بجائے مقامی سردار کو اپیل کرتیں کہ ہم سے انصاف کرو۔۔۔۔۔۔۔

"ادی، آخر میری نسل کو اور کتنا خون کا خراج دینا پڑے گا۔ کیا یہ ظلم نہیں ہے کہ دھرتی کو ماں کہنے والی قومپرست سیاست سندھ کی ان ماؤں سے بے خبر ہے، اور جمہوریت کی سیاست کرنے والوں نے ساری خلق کو سرداروں کے پاس گروی رکھ دیا ہے۔ بتایئے سندھ کو اکیسویں صدی تک پہنچنے کے لیئے ابھی اور کتنی صدیوں کی مسافت درکار ہوگی"


amar sindhu80   امرسندھو ایک لکھاری، ایکٹوسٹ اور کالمنسٹ ہیں اور ہمارے سماج میں ابھی تک ان فٹ ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (3) بند ہیں

nadia Jul 30, 2013 08:33pm
Amar, this is so tragic but the reality is that when it comes to our women, our religious leaders, our police, our courts and the state everyone acts like blind, deaf and dumb. They want to keep women illiterate so that they can deal them like a piece of property or a sand bag, sick mentality of very sick people. Don't they remember that how our prophet behaved with women in his life? Our so called religious leader can come out on the streets for anti-West protests but they can not do anything for the most oppressed part of our society.
امر فیاض Aug 01, 2013 08:46am
میں سوائے آنسو بہانے کے اس کالم پر اور کچھ نہیں کر سکتا! انسانی ناطے سے مجھے اس نام نہاد غیرت کے نام پر جو بیٹیاں، بہنیں یہاں قتل ہوجاتی ہیں ان پر اور ان کو مصالحہ جات لگا کر ایسے بلاگ لکھنے والی ذہنیت پر. بہت افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ ہمارے ننانوے فیصد بلاگر، کالمنسٹ کرکیٹ کے کمینٹریٹر کی طرح ہیں جو بس بتا رہے کہ یہ ہو رہا ہے، اب کیوں ہو رہا؟ کہاں سے ہو رہا؟ ان کا نہ تو انہیں کچھ معلوم ہے نہ ہی یہ جانتے ہیں... یاد رکھیے یہ کارو کاری سندھ کی رسم ہے ہی نہیں، یہ بلوچوں کا وہ ناکردہ گناہ ہے جو ہمارے گلے میں ٹھونس کر ہمیں ہی ڈھولک بجوا کر بھیک منگوائی جا رہی ہے. مجھے سندھ میں ایسے اضلاع کا نام بتائیں جہاں پر بلوچ نہ رہتے ہوں اور وہاں کارو کاری ہوتی ہے؟ اگر اکہ دکہ کہیں پر ایسے واقعات ہوتا ہے تو کیا پورے کرہ ارض پر یہ مردم قبضہ گروپی سماج میں نہیں ہوتا کیا؟ لوگوں کو خواہ مخواہ مرچ مصالحے لگا کر سیسٹائیز کرانا ہی چاہتے ہیں تو ذرا کھل کر اس کی تاریخ، اس کے اسباب اور پھر مداوے پر بھی بات کریں... نہیں تو گلزار کی فلم رودالی بن کر یہاں رونا کسی لکھاری کو زیب نہیں دیتا!
مختیار لاشاری Aug 02, 2013 01:24am
سماجی نابرابری اور عورتوں پر ظلم وجبر کرنا ان کے حقوق کو پائمال کرنا اور عورتوں کو غلام سمجھنا یہ ایک ایسی بیماری کی مانند ہے جو تیزی سے پھیل رہی ہے اور ہمارے معاشرے کو جکڑ گئی ہے ، جس وجہ سے کافی عورتیں عزت کے نام پر قتل کی گئی ہیں ، تعلیم کے حق سے محروم کیا گیا ہے ، جبری مشقت کا شکار ہے ، جرگوں میں جرمانے کے نام پر کمسن لڑکیوں کا بیاھ حریف خاندانوں میں جس وجہ سے ان معصوم لڑکیوں کے ساتھ ظالمانہ سلوک کیا جاتا ہے اور تو اور جو شہری علاقوں میں بھی عورت بہت ‏vulnerable‏ ہے ، ان پر تیزاب پھینکنا، جہیز کی وجہ سے جلانے کے واقعات، بیٹا پیدا نا ہو تو بھی عورت مجرم ، کافی پڑھی لکھی لڑکیاں پابندیوں کے بنا پر اپنا کیریئر جاری نہیں رکھ سکتی جو تھوڑی بہت ورکنگ وومن ہیں ان پر بیجا شک کرنا یہ کچھ ایسے معاملات ہیں جنہوں نے معاشرے اور انتظامیہ کو بے حس کر دیا ہے ، دنیا میں آج وہی ملک ترقی یافتہ ہیں جہاں عورتوں کو عزت دی گئی ہے، برابری کے حقوق دیے گئے ہیں وہ زندگی کے ہر شعبے میں مردوں کی طرح بلکہ ان سے زیادہ محنت کر کے ملکی ترقی میں اپنا حصہ ڈالتی ہیں . امر سندھو نے معاشرے کے اہم مسئلے کی حقیقی عکاسی کی ہے بلکہ خود عورتوں کے حقوق کی جنگ کی سپہ سالار ہیں.