ٹیم کو جیت کی ضرورت تھی، آفریدی
کراچی: آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے جمعرات کے روز پاکستانی شائقین سے کہا ہے کہ وہ ویسٹ انڈیز کیخلاف اپنی ایک روزہ اور ٹی ٹونٹی کامیابیوں کا مزہ لیں اور فکسنگ کے الزامات کو بھول جائیں۔
پاکستان نے اپنے دورے میں ویسٹ انڈیز کو پانچ ایک روزہ میچز کی سیریز میں 3-1 سے شکست دی اور دونوں ٹی ٹونٹی میچز بھی اپنے نام کئے۔
یہ دورہ اتوار کو اختتام پذیر ہوا تاہم کامیابیوں پر اس وقت تنازعہ کے بادل منڈلانے لگے جب برطانوی اخبار دی میل نے اتوار کے روز دعویٰ کیا کہ ایک روزہ میچز کی کھیل کے عالمی انسداد کرپشن یونٹ کی جانب سے تحقیقات کی جائیں گی۔
ان دعوؤں سے متعلق پوچھے جانے پر آفریدی نے کہا کہ میں کسی الزامات کے بارے میں نہیں جانتا لیکن میں کہوں گا کہ جب آپ نے اچھی کارکردگی دکھائی ہے تو جیت کا مزہ لیں اور دوسری چیزوں کو بھول جائیں۔
آفریدی کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقہ کے ناکام دورے اور چیمپئنز ٹرافی میں خراب کارکردگی کے بعد پاکستان کی کامیابی بہت ضروری تھی- پاکستان جنوبی افریقہ میں تینوں ٹیسٹ اور ایک روزہ سیریز 3-2 سے ہار گیا تھا۔
اس کے بعد پاکستان چیمپئنز ٹرافی میں بھی اپنے تینوں گروپ میچز میں شکست کے بعد ٹرافی کے پہلے مرحلے سے باہر ہو گیا تھا۔
آفریدی جو 400 انٹرنیشنل چھکے لگانے والے پہلے بیٹسمین بن گئے ہیں، کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقہ اور انگلینڈ میں جو کچھ ہوا اس کے بعد یہ کامیابی بہت ضروری تھی اور مجھے یقین ہے کہ یہ ٹیم اور کھلاڑیوں کے امیج کو بہتر بنانے میں سودمند ثابت ہو گی۔
دوسری جانب قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز اسپنر سعید اجمل نے کہا ہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز میں فتح ٹیم ورک کا نتیجہ ہے اور اس جیت میں ٹیم کے ہر کھلاڑی نے اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہو ں نے وطن واپسی پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے کیا۔
ان کے ہمراہ لاہور پہنچنے والے دیگر کھلاڑیوں میں ناصر جمشید، اسد علی، ذوالفقار بابر، جنید خان، عمر اکمل وغیرہ شامل ہیں جبکہ کراچی سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی شاہد آفریدی، عمر امین اور حماد اعظم کراچی ایئرپورٹ پر اترے۔
سعید اجمل نے کہا کہ ٹیم کی جیت پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں۔ ٹیم کو جیت کی ضرورت تھی اور لڑکوں نے بہت اچھا پرفارم کیا۔
سعید اجمل نے کہا کہ وہ اپنی پرفارمنس سے مطمئن ہیں۔ ویسٹ انڈیز کو ہوم گراؤنڈ پر ہرانا آسان نہیں تھا۔ ٹیم میں شامل ہونے والے نئے کھلاڑیوں کی کارکردگی بھی اچھی رہی۔
ذوالفقار بابر نے کہا کہ ویسٹ انڈیز میں فتح کے بعد قومی ٹیم اپنی کامیابیوں کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے زمبابوے میں بھی جیتے گی۔
قومی ٹیم کے مینیجر نوید اکرم چیمہ نے کہا کہ ویسٹ انڈیز دورہ کے دوران کھلاڑیوں کا ڈسپلن اچھا رہا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم میں شاہد آفریدی اور عمر اکمل نے اچھا پرفارم کیا لیکن جیت کا سہرا پوری ٹیم کو جاتا ہے۔
پاکستان کا آئندہ دورہ اگست میں زمبابوے کا ہے جہاں وہ دو ٹی ٹونٹی، تین ایک روزہ اور دو ٹیسٹ میچز کھیلے گا۔