پاک -سری لنکا ہوم سیریز کا اعلان
کراچی: پاکستان نے دسمبر میں سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز کے شیڈول کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔
تین ٹیسٹ، پانچ ون ڈے اور دو ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل یہ ہوم سیریز متحدہ عرب امارات میں کھیلی جائے گی۔
دو ہزار نو میں لاہور میں سری لنکن ٹیم پر حملے کے بعد پاکستان میں اعلٰی سطحی کرکٹ نہیں کھیلی جا رہی کیونکہ عالمی ٹیمیں سیکورٹی خدشات کی وجہ سے پاکستان کا دورہ کرنے سے انکاری ہیں۔
سیریز کا آغاز گیارہ اور تیرہ دسمبر کو دبئی میں دو ٹی ٹوئنٹی میچوں سے ہو گا، جس کے بعد اٹھارہ سے ستائیس دسمبر تک پانچ ون ڈے میچ ہوں گے۔
تین میچوں کی ٹیسٹ سیریزاکتیس دسمبر سے بیس جنوری تک جاری رہے گی۔
امکان ہے کہ پاکستان آٹھ دسمبر کو افغانستان کے خلاف اپنا پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ بھی کھیلے گا۔ اس میچ کے حوالے سے حتمی فیصلہ کچھ دنوں میں متوقع ہے۔
خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات اکتوبر - نومبر میں پاکستان کی جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز کی بھی میزبانی کرے گا۔
اس سیریزمیں دو ٹیسٹ ، پانچ ون ڈے اور دو ٹی ٹونٹی کھیلے جائیں گے۔
سیریز کا شیڈول
سات دسمبر: سری لنکن ٹیم کی دبئی آمد ۔
آٹھ دسمبر: پاکستان اور افغانستان کے درمیان متوقع ٹی ٹوئنٹی میچ۔
گیارہ دسمبر:دبئی میں پاکستان اور سری لنکا کا پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ۔
تیرہ دسمبر: دبئی میں ہی دوسرا ٹی ٹوئنٹی۔
اٹھارہ دسمبر: شارجہ میں پہلا ون ڈے میچ۔
بیس دسمبر: دبئی میں دوسرا ون ڈے۔
بائیس دسمبر:شارجہ میں تیسرا میچ۔
پچیس دسمبر: ابو ظہبی میں چوتھا میچ۔
ستائیس دسمبر: ابو ظہبی میں ہی آخری ون ڈے میچ۔
اکتیس دسمبر سے چار جنوری: دبئی میں پہلا ٹیسٹ میچ۔
آٹھ تا بارہ جنوری: ابو ظہبی میں دوسرا میچ۔
سولہ سے بیس جنوری: شارجہ میں تیسرا میچ