خیبر پختونخوا میں بارشوں سے جاں بحق افراد کی تعداد 48 ہوگئی
صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا میں ایک ہفتے کی بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد بڑھ کر 48 ہوگئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں بارشوں کی وجہ سے دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ کی صورت حال کے حوالے سے جاری رپورٹ میں کہا کہ 26 اگست سے شروع ہونے والی بارشوں کے نتیجے میں اب تک 48 افراد جاں بحق جبکہ 67 افراد ذخمی ہوئے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ شدید بارشوں اور پانی کے ریلوں سے 191 گھروں کو جزوی جبکہ 94 گھروں کو مکمل نقصان پہنچا۔
سکریٹری ریلیف پی ڈی ایم اے نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی امداد کا عمل جاری ہے، چینی سفارتخانے نے سوات میں سیلاب سے متاثرہ 800 خاندانوں کے لیے کھانے کی اشیا بھیج دی ہیں جبکہ چترال، کوہستان، بونیر کے لیے مزید امدادی سامان بھیج دیا گیا ہے جس میں خیمے، میٹ، حفظان صحت کٹس، کچن سیٹ اور کمبل شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا: بارشوں، سیلابی صورتحال کے باعث مزید 13 افراد جاں بحق، درجنوں زخمی
اتھارٹی نے نوشہرہ اور چارسدہ میں دریاؤں کے قریب رہنے والے افراد صورتحال سے باخبر رہنے اور سیاحوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔
دریاؤں میں پانی کے بہاؤ سے متعلق رپورٹ میں کہا گیا کہ دریائے سوات میں چکدرہ کے مقام پر بہاؤ 52 ہزار 585 کیوسک، منڈا پر 34 ہزار 762، خوازخیلہ پر 32 ہزار 217، دریائے پانجکوڑہ میں 19 ہزار 659 جبکہ دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر 76 ہزار 781 کیوسک ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بارشوں کے نتیجے میں ہونے والے حادثات اور سیلابی صورتحال کے باعث خواتین اور بچوں سمیت مزید 13 افراد کے جاں بحق جبکہ 2 درجن سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی رپورٹ سامنے آئی تھی۔
حادثات میں جاں بحق ہونے والے افراد کا تعلق ضلع مانسہرہ، بٹگرام، بونیر، شانگلہ، کوہستان اور سوات سے تھا۔
مزید پڑھیں: خیبرپختونخوا: مختلف اضلاع میں بارشوں و سیلابی صورتحال سے تباہی، 18 افراد جاں بحق
بدھ کو پی ڈی ایم اے سے جاری اعداد و شمار کے مطابق 31 اگست 2020 سے 2ستمبر تک ہونے والی بارشوں میں مجموعی طور پر 21 افراد جاں بحق جبکہ 31 زخمی ہوئے۔
جاں بحق افراد میں 3 مرد، 5 خواتین اور 8 بچے بھی شامل ہیں جبکہ دیگر 11 مرد، 9 خواتین اور 11 بچے زخمی ہوئے۔
اس سے قبل 28 اگست کو خیبر پختونخوا میں شدید بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں 20 افراد جاں بحق اور 9 زخمی ہوئے تھے۔











لائیو ٹی وی