بھارت ہجرت کرنے والے ہندو خاندان مظالم سے تنگ آکر واپس پاکستان آگئے

اپ ڈیٹ 11 ستمبر 2020
گھوٹکی پہنچنے پر عوام نے ہندو خاندانوں کا شاندار استقبال کیا اور پھول نچھاور کیے — فوٹو: ڈان نیوز
گھوٹکی پہنچنے پر عوام نے ہندو خاندانوں کا شاندار استقبال کیا اور پھول نچھاور کیے — فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان سے ایک سال قبل بھارت ہجرت کرجانے والے دو ہندو خاندان بھارتی مظالم سے تنگ آکر واپس گھوٹکی پہنچ گئے جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔

ضلع گھوٹکی سے تعلق رکھنے والے ہندو خاندان گزشتہ سال بھارت منتقل ہوئے تھے، جہاں امتیازی سلوک اور مظالم نے انہیں واپس اپنے وطن آنے پر مجبور کردیا۔

ہندو خاندان بھارت سے واہگہ کے راستے پاکستان پہنچے جہاں سے انہیں سندھ میں ان کے آبائی علاقے گھوٹکی روانہ کردیا گیا۔

گھوٹکی پہنچنے پر عوام نے ہندو خاندانوں کا شاندار استقبال کیا اور پھول نچھاور کیے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر گھوٹکی مستقیم احمد بھی ہندو خاندانوں کے استقبال کے لیے پہنچے اور انہیں وطن واپسی پر خوش آمدید کہا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت میں گرفتار پاکستانی ہندو خاندان تک قونصلر رسائی کا مطالبہ

ان کا کہنا تھا کہ یہ خاندان اپنی خوشی سے ایک سال قبل بھارت منتقل ہوئے مگر خود کو غیر محفوظ جان کر واپس پاکستان پہنچ گئے ہیں، پاکستان پرامن ملک ہے جہاں اقلیتوں کو تمام حقوق حاصل ہیں۔

خاندان کے ایک فرد نے کہا کہ ہمیں وہاں نفرت سے دیکھا جاتا تھا اور بہت مشکلات تھیں اس لیے تنگ آکر وطن واپسی کا فیصلہ کیا اور یہاں آکر بہت خوش ہیں۔

مقامی مکھی شیوک رام نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ ہندو خاندان جن مسائل کی وجہ سے بھارت گئے لیکن وہاں انہیں کوئی تحفظ نہیں ملا، اب ہمیں چایے ان کے وہ مسائل حل کریں جن کی وجہ سے یہ خاندان بھارت جانے پر مجبور ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت صرف نام کا سیکولر ہے، وہاں جمہوریت ہے نہ مذاہب کو آزادی حاصل ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں