شرط لگالیں، مجھ سے نفرت کرنے والے لوگ بھی میرے گانے سنتے ہیں، میشا شفیع

18 جنوری 2021
گزشتہ چند ماہ میں میشا شفیع کے گانے بہت مقبول ہوئے ہیں—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب
گزشتہ چند ماہ میں میشا شفیع کے گانے بہت مقبول ہوئے ہیں—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب

گزشتہ برس کے اختتام پر ویلو میوزک اسٹیشن میں 'بوم بوم' کوک اسٹوڈیو 2020 میں 'نہ ٹُٹیا وے' اور 'سکل بن' گانے ریلیز کرنے والی گلوکارہ میشا شفیع کا کہنا ہے کہ وہ اس بات پر شرط لگانے کو تیار ہیں کہ جو لوگ ان سے نفرت کرتے ہیں اور جو ان سے چھپ رہے ہیں، وہ بھی ان کے گانے سنتے ہیں۔

میشا شفیع نے نومبر اور دسمبر 2020 میں ایک کے بعد ایک بہترین گانا جاری کرکے جہاں مداحوں کے دل جیتے، وہیں ان کے گانوں نے کامیابیوں کے نئے ریکارڈز بھی بنائے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ میشا شفیع کے آخری تین مہینوں میں جاری ہونے والے گانوں کی تیاری میں کورونا کی وبا کے باعث انہیں مشکلات کا سامنا رہا اور انہوں نے بھی اپنے گانے اس وقت ہی سنے جب وہ ہر کسی کے لیے ریلیز کیے گئے۔

ڈان آئیکون کو دیے گئے انٹرویو میں میشا شفیع نے اپنی زندگی کے آخری ڈھائی سال اور کیریئر کے حوالے سے کھل کر بات کی اور یہ بھی بتایا کہ حال ہی میں انہیں ویلو میوزک اسٹیشن اور کوک اسٹوڈیو کے لیے گانے تیار کرنے میں کن مشکلات کا سامنا رہا۔

میشا شفیع نے انٹرویو میں زندگی کے آخری ڈھائی سال پر بھی بات کی اور بتایا کہ کس طرح انہیں مشکلات کا سامنا رہا، تاہم ساتھ ہی بتایا کہ انہیں اپنے چاہنے والوں، مداحوں اور ساتھی فنکاروں کی مدد میسر رہی۔

کینیڈا سے انٹرنیٹ کے ذریعے ملیحہ رحمٰن سے بات کرتے ہوئے میشا شفیع نے بتایا کہ کس طرح انہوں نے پاکستان اور کینیڈا کے وقت میں فرق کی وجہ سے کینیڈا میں رات جاگ کر اپنے ویلو اسٹیشن اور کوک اسٹوڈیو کے گانوں کے ریلیز ہونے کا انتظار کیا۔

میشا شفیع نے یہ انکشاف بھی کیا کہ کوک اسٹوڈیو میں ریلیز کیا گیا ان کا گانا 'نہ ٹُٹیا وے' انہوں نے پہلی بار مکمل طور پر اس دن ہی سنا جب اسے عام عوام کے لیے ریلیز کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ کورونا کی وبا کے باعث مذکورہ گانے کو ٹکڑوں ٹکڑوں میں ریکارڈ کیا گیا اور اسے ایڈٹ کرنے کے بعد انہیں نہیں سنایا گیا بلکہ براہ راست جاری کیا گیا۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے انکشاف کیا کہ ویلو میوزک اسٹیشن کے لیے انہوں نے بلال مقصود کو نازیہ حسن کے معروف گانے 'بوم بوم' کی تجویز دی تھی۔

میشا شفیع کے مطابق 'بوم بوم' گانا انتہائی مشکل ہے اور اگرچہ پاکستان میں ماضی کے کئی مقبول گانوں کو نئے انداز میں گایا جا چکا ہے مگر مذکورہ گانے کو ان سے قبل کسی نے نہیں گایا، کیوں کہ وہ بہت مشکل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: میشا شفیع کے 'نہ ٹُٹیا وے' کے چرچے

گلوکارہ کے مطابق حالیہ تین مہینوں میں ریلیز ہونے والے ان کے تمام گانوں میں سب سے زیادہ مقبول 'بوم بوم' ہوا ہے، تاہم 'نہ ٹُٹیا وے' کو بھی سراہا جا رہا ہے جب کہ 'سکل بن' کو پڑوسی ملک بھارت اور خاص طور پر دہلی میں سراہا جا رہا ہے۔

انہوں نے یہ انکشاف بھی کیا کہ ان کے آبائو اجداد کا تعلق بھی دہلی سے تھا اور بھارت میں ان کے سب سے زیادہ مداح اسی شہر سے ہیں۔

میشا شفیع نے آخری 2 سال میں اپنی زندگی میں آنے والی تبدیلیوں پر بھی بات کی اور کسی بھی واقعے یا موضوع کا نام لیے بغیر بتایا کہ گزشتہ 2 سال سے وہ زیادہ تر خاموش رہیں اور جب ان پر دائیں، بائیں اور آگے سے حملے کرکے انہیں تنہا کردیا گیا تو مداحوں نے ان کا ساتھ دیا۔

گلوکارہ نے کسی بھی واقعے یا حادثے یا خود پر حملہ کرنے والے کسی بھی شخص کا نام لیے بغیر بتایا کہ وہ گزشتہ 2 سال میں کئی بار تنہائی میں اشک بار بھی ہوئیں، تاہم انہیں مداحوں اور ساتھی فنکاروں کی حمایت نے مضبوط کیا۔

گلوکارہ نے اپنی تخلیقی صلاحیت پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ جلد ہی وہ میوزک ایلبم ریلیز کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

میشا شفیع کے مطابق وہ گزشتہ چند سال سے ایک میوزک ایلبم پر کام کر رہی ہیں، تاہم حال ہی میں زندگی میں پیش آنے والے واقعات اور کورونا کی وبا کی وجہ سے اس کی ریلیز میں تاخیر ہو رہی ہے۔

میشا شفیع نے کہا کہ وہ اس بات پر شرط لگانے کو تیار ہیں کہ جو لوگ ان سے نفرت کرتے ہیں یا ان سے چھپ رہے ہیں، وہ بھی تنہائی میں ان کے گانے سنتے ہیں۔

گلوکارہ نے کہا کہ وہ یہ بات خوش فہمی کی بنیاد پر نہیں کر رہیں بلکہ یہ ایک حقیقت ہے۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

تبصرے (0) بند ہیں