ملک کے مختلف شہروں میں زونگ صارفین کو مشکلات کا سامنا
چائنا موبائل پاکستان (سی ایم پی) یعنی زونگ کے صارفین کو گزشتہ روز سے ملک کے مختلف شہروں میں سروس کے استعمال میں مشکلات کا سامنا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اکثر صارفین کی جانب سے نیٹ ورک کی خرابی کی شکایات سامنے آرہی ہیں۔
اکثر صارفین کو انٹرنیٹ مشکلات کا سامنا ہوا تو کچھ کو کالز کرنے اور سگنلز کی معطلی غرضیکہ سم کام نہ کرنے کا مسئلہ پیش آرہا ہے۔
تاہم زونگ کی جانب سے سروس بحالی کے اعلان کے باوجود، صارفین کی مخصوص تعداد کو موبائل سروس کے استعمال میں مشکلات کا سامنا ہے۔
مزید پڑھیں: زونگ کا فائیو جی کا کامیاب تجربہ کرنے کا دعویٰ
صارفین کی شکایات کے بعد سے زونگ کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری ٹوئٹ میں نیٹ ورک میں خرابی کا ذمہ دار غیر متوقع کمرشل پاور کی بندش کو قرار دیا گیا تھا۔
ٹوئٹ میں کہا گیا تھا کہ 'زونگ کی سروسز کچھ علاقوں میں عارضی طور پر بند تھیں، بجلی کا مسئلہ حل کرلیا گیا ہے اور سروسز بحال ہوگئی ہیں، تکلیف کے لیے معذرت خواہ ہیں'۔
بعدازاں رات گئے زونگ کے نیٹ ورک میں ایک اور مسئلہ پیش آیا تھا کہ جہاں کچھ صارفین کو سروس کی معطلی کا سامنا تھا تو دیگر نے دعویٰ کیا کہ وہ ریچارج کے بغیر انٹرنیٹ سمیت دیگر سروسز تک رسائی حاصل کرپارہے تھے۔
جس کے بعد زونگ کا ہیش ٹیگ سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کررہا تھا اور صارفین کی جانب سے مزاحیہ تبصرے بھی کیے جارہے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: زونگ کے 3 نئے پیکجز متعارف
دانش کلیم نامی صارف نے کہا کہ زونگ پر مفت کالز اور انٹرنیٹ کے استعمال کے بعد لوگ زندگی بھر کے لیے ایسی سروس کا مطالبہ کررہے ہیں۔
حمزہ نامی صارف کا کہنا تھا کہ زونگ صارفین کو مفت سروس کی فراہمی کے بعد میں اپنے نیٹ ورک سے مطالبہ کرتے ہوئے۔
زارا نامی صارف نے کہا کہ مفت انٹرنیٹ اور منٹس حاصل کرنے کے بعد زونگ صارفین کا ردعمل۔
بابر نامی صارف کا کہنا تھا کہ جاز/وارد، ٹیلی نار اور یوفون صارفین کا زونگ صارفین کے لیے ردعمل کچھ ایسا ہے۔
تاہم اکثر صارفین کو اب بھی سروسز کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا ہے، ایک صارف کا کہنا تھا کہ ان کی سِم کام نہیں کررہی۔
پاکستانی نامی ٹوئٹر ہینڈل کے مطابق زونگ کی سروس کام نہیں کررہی اور ان کی سم پر سگنلز بھی نہیں آرہے۔
خیال رہے کہ زونگ کی جانب سے آج صارفین کو درپیش مشکلات کی وجہ نہیں بتائی گئی تاہم یہ اپنی نوعیت کا منفرد واقعہ ہے کہ کہیں صارفین کو سروس تک رسائی نہیں تو کچھ نے مفت سروس کا دعویٰ بھی کیا۔
واضح رہے کہ زونگ کو پاکستان میں بہترین فور جی سروس فراہم کرنے والی ٹیلی کام کمپنی مانا جاتا ہے، جس کے ملک بھر میں فور جی کے 11 ہزار ٹاور ہیں۔
کمپنی کے مطابق ملک بھر میں زونگ فور جی استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد ایک کروڑ 30 لاکھ سے زائد ہے۔