ون پلس 9 کی پہلی جھلک سامنے آگئی

09 مارچ 2021
— فوٹو بشکریہ ون پلس
— فوٹو بشکریہ ون پلس

ون پلس کے نئے 9 سیریز کے فونز تو 23 مارچ کو متعارف کرائے جائیں گے مگر کمپنی نے ڈیوائس کی پہلی جھلک 2 ہفتے قبل ہی جاری کردی ہے۔

ون پلس کے سی ای او نے ٹوئٹر پر اس نئے فونز کی جھلک ایک فوٹیج میں جاری کرتے ہوئے اس کے حوالے سے کچھ تفصیلات بھی بتائیں۔

کمپنی کے مطابق حالیہ فلیگ شپ فونز جیسے گلیکسی ایس 21 اور آئی فون 12 کے برعکس ون پلس 9 کے باکس میں چارجر موجود ہوگا۔

ون پلس کے سی ای او پیٹ لو نے کمپنی کے کمیونٹی فورم کے میسج تھریڈ میں بتایا کہ نئے فون کے ساتھ صارفین کو باکس میں چارجر بھی ملے گا۔

حال ہی میں ایپل اور سام سنگ نے اپنی فلیگ شپ ڈیوائسز میں چارجرز کو نکال دیا تھا اور اس حوالے سے کہا گیا تھا کہ یہ ماحولیاتی بہتری کے لیے کیا گیا ہے جبکہ صارفین کے پاس پہلے ہی چارجرز موجود ہیں۔

فون کے ساتھ چارجر نہ دینے سے ماحول کو کتنا فائدہ ہوگا یہ تو کچھ عرصے بعد ہی علم ہوسکے گا مگر اس سے کمپنیوں کو اپنا مؤقف ٹھوس بنانے میں ضرور مدد ملی۔

ون پلس کا مؤقف کچھ مختلف ہے، ایک تو اس کے فونز میں وائرڈ فاسٹ چارجنگ فیچرز مختلف ہیں۔

ون پلس 9 میں 45 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ دیئے جانے کا امکان ہے اور چارجر سے صارفین کو اس فیچر سے مستفید ہونے کا موقع مل سکے گا۔

خیال رہے کہ ون پلس 9 سیریز کو 23 مارچ کو پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے پیش کیا جائے گا۔

یہ کمپنی کی پہلی فون سیریز ہوگی جس کو سوئیڈن کے فوٹوگرافی برانڈ ہیسل بالڈ کے ساتھ مل کر تیار کی جارہی ہے۔

ون پلس اور سوئیڈش کمپنی کی یہ شراکت داری 3 سال تک قائم رہے گی جس سے فونز کے کیمرا سیٹ اپ کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

ون پلس کی جانب سے 3 فونز ون پلس 9، 9 پرو اور 9 آر متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔

ون پلس 9 آر ایک مڈرینج فون سمجھا جاسکتا ہے جس میں 8 جی بی ریم اور 5000 ایم اے ایچ بیٹری دیئے جانے کا امکان ہے۔

ون پلس 9 اور 9 پرو میں 120 ہرٹ ریفریش ریٹ ڈسپلے، طاتور اسنیپ ڈراگون 888 پراسیسر اور پہلے سے بہتر کیمرا ٹیکنالوجی موجود ہوسکتی ہے۔

اس ایونٹ میں کمپنی کی جانب سے ایک اسمارٹ واچ بھی متعارف کرائی جاسکتی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں