سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 70 کے ضمنی انتخاب میں پیپلز پارٹی کامیاب

شائع May 21, 2021
محمد ہالیپوٹو نے 46 ہزار 420 ووٹس حاصل کیے—تصویر: فیس بک
محمد ہالیپوٹو نے 46 ہزار 420 ووٹس حاصل کیے—تصویر: فیس بک

حیدر آباد: پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمینٹیرین (پی پی پی پی) کے رہنما دادا محمد ہالیپوٹو نے ضلع بدین میں ماتلی کے حلقہ پی ایس-70 کے ضمنی انتخاب میں کامیابی حاصل کرلی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پیپلز پارٹی کے اُمیدوار نے جمعیت علمائے اسلام (فضل) کے گل حسن کو شکست دی جنہیں مسلم لیگ (ن) کی حمایت حاصل تھی۔

غیر حتمی نتائج کے مطابق محمد ہالیپوٹو نے 46 ہزار 420 ووٹس حاصل کیے جبکہ گل حسن محض 6 ہزار 231 ووٹس ہی لے سکے۔

حلقے میں مجموعی ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 66 ہزار 809 تھی جن میں سے 58 ہزار 55 نے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا اور ووٹنگ کی شرح 35.10 فیصد رہی۔

علاوہ ازیں ان میں سے ایک ہزار 625 ووٹس مسترد ہوئے اور 56 ہزار 920 ووٹس درست قرار پائے۔

مذکورہ نشست پیپلز پارٹی کے بشیر ہالیپوٹو کے انتقال کر جانے سے خالی ہوئی تھی جن کی وفات 23 مارچ کو ہوئی تھی۔

پی پی پی کے مرحوم رہنما نے 2018 کے عام انتخابات میں اس نشست پر کامیابی حاصل کی تھی جبکہ 2013 کے انتخابات میں وہ سندھ اسمبلی کے حلقے پی ایس-55 سے منتخب ہوئے تھے۔

ان کی وفات کے بعد پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ضمنی انتخاب میں حصہ لینے کے لیے ان کے بھتیجے دادا محمد ہالیپوٹو کو نامزد کیا تھا۔

گزشتہ روز ہوئے اس ضمنی انتخاب میں دادا محمد ہالیپوٹو اور گل حسن کے علاوہ دیگر 10 امیدواروں نے بھی حصہ لیا تھا۔

جن کا تعلق گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس، تحریک لبیک پاکستان، مجلس وحدت مسلمین اور دیگر جماعتوں سے تھا۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2025
کارٹون : 20 دسمبر 2025