محمد آصف کا اعترف جرم
کراچی: بدھ کو بدنام پاکستانی فاسٹ بولر محمد آصف نے پہلی بار بدنام زمانہ 2010 اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں ان کے کردار پر اپنے جرائم تسلیم اور ان کی وجہ سے اپنے اوپر عائد پانچ سالہ پابندی کو قبول کر لیا ہے-
تیس سالہ محمد آصف ان تین پاکستانی کھلاڑیوں میں سے آخری کھلاڑی ہیں جونہوں نے اپنے جرائم کا اعتراف کرنے کے بعد خود کو اصلاحی پروگرام کے لئے پیش کیا ہے- اس سے پہلے ان کے ساتھی سلمان بٹ اور محمد عامر بھی اعتراف جرم کرنے کے بعد خود کو اصلاح اور بحالی پروگرام کے لئے پیش کر چکے ہیں-
انگلینڈ کے خلاف لارڈز کے میدان پر 2010 میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں پیسے لے کر جان بوجھ کر نو بال کروانے پر محمد آصف، محمد عامر اور اس وقت کے کپتان سلمان بٹ پر پابندی لگا دی گئی تھی-
ایک سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ایک انٹی کرپشن ٹربیونل نے بٹ پر دس سال جن میں سے پانچ سال معطل، آصف پر سات سال جن میں سے دو سال معطل اور عامر پر پانچ سال کی پابندی عائد کر دی تھی-
ٹربیونل نے سزا کی معطلی کو اعتراف جرم، معافی اور اصلاحی پروگرام میں شرکت سے لازماً منسلک کر دیا تھا-
ایک پریس کانفرنس میں آصف نے کہا کہ وہ آئی سی سی کی جانب سے دی جانے والی سزا کو قبول کرتے ہیں اور اپنی مادر وطن اور کروڑوں پاکستانی شائقین کو دکھ پہنچانے والے اپنے اعمال کی معافی طلب کرتے ہیں-
ایک انگلش کورٹ نے ان تینوں اور ان کے ایجنٹ مظہر مجید کو 2010 میں جیل بھی بھیجا تھا- ان کے رہائی پچھلے سال ہوئی ہے-
لیجنڈری پاکستانی فاسٹ بولر عمران خان کی جانب سے نئی بال کے دنیا کے بہترین بولر قرار دیے جانے والے آصف کے کیریئر کو پہلا دھچکا اس وقت لگا تھا جب 2006 میں وہ اور ان کے ساتھی فاسٹ بولر ممنوعہ طاقت بخش ادویات لینے کا الزام ثابت ہوا تھا-
انھیں اس وقت تو پاکستان کرکٹ بورڈ نے کوئی سزا نہیں سنائی تھی تاہم 2008 میں انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے دوران ڈرگ ٹیسٹ فیل ہونے پر ان پر ایک سالہ پابندی عائد کر دی گئی تھی-
انھیں 2008 میں دبئی ائیرپورٹ پر بھی ممنوعہ ڈرگ رکھنے پر حراست میں لیا گیا تھا-
آصف کا کہنا تھا کہ وہ اپنی مسلسل غلطیوں پر شرمندہ ہیں-
ان کا کہنا تھا کہ آج جب وہ پلٹ کر اپنے کیریئر پر نظر ڈالتے ہیں تو انھیں شرمندگی محسوس ہوتی ہے-
نوجوان کرکٹرز کو میچ فکسنگ کے نقصانات اور خطرات سے خبردار کرتے ہوئے انہوں نے ملک کی نمائندگی کی خواہش رکھنے والے کھلاڑیوں سے ہر قسم کی کرپشن سے دور رہنے کی درخوست کی-
انہوں نے کہا کہ وہ کرپشن کے خلاف ہر ایک کی مدد کرنے کے لئے تیار ہیں اور وہ آئی سی سی، اس کے انٹی کرپشن یونٹ اور پی سی بی کے ساتھ کھیل کو کرپشن کے پاک کرنے لئے تعاون کریں گے-
انہوں نے پی سی بی کے اصلاحی پروگرام کے لئے خود کو پیش کیا-
انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنے غلط کاموں کی وجہ سے بہت سے نقصانات اٹھائے ہیں اور آج ملک کے یوم آزادی کے موقع پر وہ وعدہ کرتے ہیں کہ اپنے اوپر عائد پابندی کے خاتمے کے بعد اپنی غلطیوں کو سدھارنے کی کوشش کریں گے-
پابندی کے اطلاق سے پہلے، آصف نے تئیس ٹیسٹس میں ایک سو چھ وکٹیں حاصل کی تھیں اور انھیں دنیا بھر میں نئی بال کے بہترین بولر کے طور پر جانا جاتا تھا-