'ارطغرل غازی' سے فراڈ کے الزام میں گرفتار ٹک ٹاکر 2 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

سی آئی اے نے 17 جون کو ترک اداکار کی شکایت پر ٹک ٹاکر کاشف ضمیر کو گرفتار کیا تھا—فائل فوٹو: فیس بک
سی آئی اے نے 17 جون کو ترک اداکار کی شکایت پر ٹک ٹاکر کاشف ضمیر کو گرفتار کیا تھا—فائل فوٹو: فیس بک

لاہور: ماڈل ٹاؤن کورٹس کی جوڈیشل مجسٹریٹ نے ترک ڈرامے 'ارطغرل غازی' کے مرکزی کردار انگین التان دوزیتان کے ساتھ مبینہ فراڈ کے الزام میں گرفتار کاشف ضمیر کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دے دیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (سی آئی اے) نے کاشف ضمیر کا چہرہ ڈھانپ کر انہیں مجسٹریٹ کے سامنے پیش کی۔

تفتیشی افسر نے تفتیش مکمل کرنے کے لیے ملزم کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست جمع کرائی تھی۔

جس پر جوڈیشل مجسٹریٹ نوشابہ یوسف نے سی آئی اے کی جانب سے گرفتار کیے گئے ملزم کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔

مزید پڑھیں: انگین التان نے کاشف ضمیر کے ساتھ برانڈ ایمبیسڈر کا معاہدہ منسوخ کردیا

جوڈیشل مجسٹریٹ نے تفتیشی افسر کو کاشف ضمیر کو 21 جون کو دوبارہ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔

خیال رہے کہ سی آئی اے نے 17 جون کو ترک اداکار کی شکایت پر گرفتار کیا تھا جنہوں نے الزام عائد کیا تھا کہ ملزم نے غیر قانونی فوائد حاصل کرنے کے لیے ان کا غلط استعمال کیا۔

—فائل فوٹو: فیس بک
—فائل فوٹو: فیس بک

ٹک ٹاکر کو ریس کورس پولیس نے مقدمہ درج کرنے کے بعد گرفتار کیا تھا۔

ترک اداکار نے اپنی شکایت آن لائن درج کرائی تھی جس میں انسپکٹر جنرل پولیس (آئی جی پی) پنجاب سے ٹک ٹاکر، جو چوہدری گروپ آف کمپنیز کا مالک ہونے کا دعویٰ کرتا ہے، کے خلاف کارروائی کی درخواست کی تھی۔

سی آئی اے نے کاشف کے خلاف لاہور اور سیالکوٹ میں مزید رجسٹرڈ کیسز کو ٹریس کیا، جس سے ان کا عادی جعلساز ہونا ثابت ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور: ارطغرل غازی کے مرکزی اداکار کو دھوکا دینے پر ٹک ٹاکر گرفتار

یاد رہے کہ ترک ڈرامے 'ارطغرل غازی' میں مرکزی کردار ادا کرنے والے اداکار انگین التان دوزیتان 2 روزہ دورے پر گزشتہ سال 10 دسمبر کو پاکستان کے شہر لاہور پہنچے تھے۔

ا—فائل فوٹو: فیس بک
ا—فائل فوٹو: فیس بک

انگین التان دوزیتان نجی کاروباری کمپنی کی دعوت پر لاہور پہنچے تھے، دورے کے دوران انہوں نے کاشف ضمیر کی چوہدری ٹیکسٹائل انڈسٹریز کے ساتھ معاہدے بھی کیے تھے اور مذکورہ کمپنی نے انہیں اپنا سفیر بھی مقرر کیا تھا۔

جس کے کچھ روز بعد یہ خبریں گردش کرنا شروع ہوئیں کہ ترک اداکار کو پاکستان بلانے والے کاشف ضمیر ریکارڈ یافتہ ملزم ہے اور 8 مقدمات میں ملوث ہے۔

بعدازاں فروری میں انگین التان دوزیتان نے چوہدری گروپ آف انڈسٹریز کے مینجنگ ڈائریکٹر کاشف ضمیر کے ساتھ معاہدہ منسوخ کردیا تھا۔

—فائل فوٹو: ڈان نیوز
—فائل فوٹو: ڈان نیوز

انگین التان دوزیتان کی پریس ریلیز میں کہا گیا تھا کہ کاشف ضمیر نے طے کی گئی مدت کے باوجود معاہدے کے کسی بھی شرائط کو پورا نہیں کیا اور اسی لیے ہم نے یکطرفہ طور پر معاہدہ منسوخ کردیا ہے۔

مزید پڑھیں: 'ارطغرل' کے مرکزی کردار کے پاکستان میں میزبان کاشف ضمیر کی گرفتاری اور ضمانت

اس میں مزید کہا گیا تھا کہ تحریری معاہدے کے مطابق متعلقہ کمپنی، متفقہ رقم کا نصف حصہ پریس کانفرنس اور معاہدے پر دستخط کرنے سے قبل ادا کرنے کی پابند تھی لیکن ایک ماہ گزر جانے کے باوجود ابھی تک کوئی ادائیگی نہیں کی گئی۔

اس سے قبل گزشتہ برس ستمبر میں ترک اداکار اسلام آباد کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے برانڈ ایمبیسڈر بنے تھے اور ایک ویڈیو میں انگین التان دوزیتان نے کہا تھا کہ 'میں بلیو ورلڈ سٹی کا برانڈ ایمبیسڈر بننے پر بہت پرجوش ہوں اور جلد پاکستان آؤں گا'۔

تاہم ارطغرل غازی کے مرکزی کردار نے بلیو ورلڈ سٹی کو غیر قانونی قرار دیے جانے کی وجہ سے اپنا معاہدہ منسوخ کردیا تھا جس کی وجہ سے ان کا اس وقت متوقع دورہ پاکستان بھی ملتوی ہوگیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں