پاکستان اپنی زمین ہمارے خلاف استعمال ہونے سے روکے، من موہن
نئی دہلی: ہندوستان کے وزیر اعظم من موہن سنگھ نے پاکستان کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنی سرزمین کو 'ہندوستان مخالف کارروائیوں' میں استعمال نہ ہونے دے۔
یہ بیان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب متنازعہ کشمیر میں پانچ ہندوستانی فوجیوں پر ایک جان لیوا حملے کے بعد دونوں پڑوسی ملکوں میں کشیدگی بڑھ گئی ہے۔
نئی دہلی نے اپنے فوجیوں کی ہلاکت کا الزام پاکستانی فوج پر لگایا تھا۔
جمعرات کو ہندوستان کے یوم آزادی کے موقع پر اپنے سالانہ خطاب میں من موہن کا کہنا تھا کہ ہندوستان نے اپنے پڑوسی ملکوں کی جانب ہمیشہ دوستی کا ہاتھ بڑھانے کی کوشش کی ہے۔
'تاہم پاکستان کے ساتھ تعلقات کی بہتری کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنی سر زمین اور زیر کنٹرول علاقوں کو ہمارے خلاف استعمال ہونے سے روکیں'۔
نئی دہلی کے تاریخی لال قلعہ میں کانگریسی وزیر اعظم کی بلٹ پروف کیبن سے تقریر کے دوران شدت پسندوں کے ممکنہ حملہ کے پیش نظر انتہائی سخت سیکورٹی انتظامات کیے گئے تھے۔
لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر حالیہ کشیدگی کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان امن مذاکرات کی بحالی کے لیے امید کی کرنوں پر سیاہ بادل چھا چکے ہیں۔
ہندوستانی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان سرحد پر آئے دن جھڑپوں میں اضافہ ہوا ہے۔
خیال رہے کہ ہندوستانی پارلیمنٹ نے بدھ کو ایک قرارداد میں گزشتہ ہفتے 'پاکستان کے انڈین فوجیوں پر بلا اشتعال حملے' پر مذمتی قرار داد منظور کی تھی۔
اس سے ایک روز قبل پاکستان میں بھی اسی طرح کی ایک قرار داد منظور کی گئی تھی۔
پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف نے بدھ کو کمشیر میں بڑھتی کشیدگی کا 'تحمل اور ذمہ داری' کے ساتھ جواب دینے کا عہد کیا تھا۔