فواد احمد ون ڈے اسکواڈ میں شامل
سڈنی: پاکستانی نژاد لیگ اسپنر فواد احمد کے آسٹریلیا کی ون ڈے انٹرنیشنلز اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے اسکواڈ میں شمولیت سے ان کی ایشز سیریز میں حصہ لینے کے امکانات روشن ہو گئے ہیں-
سابق پناہ گزین، اکتیس سالہ احمد کو، جنہیں پچھلے ماہ ہی آسٹریلیا کی شہریت ملی ہے، زیویئر ڈوہرٹی کی جگہ ٹیم میں شامل کیا ہے- ڈوہرٹی جون میں انگلینڈ میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی میں ٹیم کا حصہ تھے-
چیف سلیکٹر جان انویراریٹی نے کہا کہ احمد، نومبر میں شروع ہونے والے انگلینڈ کے خلاف ہوم ایشز سیریز کے کے لئے ٹیم کا حصہ ہو سکتے ہیں-
انویراریٹی کا کہنا تھا کہ یقیناً احمد اس سیریز کے لئے زیر غور ہیں تاہم دیکھتے ہیں وہ کیسی کارکردگی دکھاتے ہیں-
ان کا کہنا تھا کہ احمد نے پچھلے ڈومیسٹک سیزن کے آخر میں چند میچوں میں حصہ لیا، اچھی بولنگ کرائی اور وکٹیں لیں لہٰذا ہم اب یہ دیکھنا چاہتے ہیں کہ وہ انٹرنیشنل لیول پر کیسی کارکردگی دکھاتے ہیں-
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ احمد کے پاس یہ موقع بھی ہے کہ وہ محدود اورز کی کرکٹ میں ٹیم کے مرکزی اسپن بولر بن جائیں-
انہوں نے کہا کہ فواد نے آسٹریلیا اے کے دورہ زمبابوے اور جنوبی افریقہ کے دوران تسلسل سے وکٹیں لی ہیں- وہ ایک اچھے اور میچور لیگ اسپن بولر ہیں اور سلیکشن پینل یہ دیکھنا چاہتا ہے کہ وہ انٹرنیشنل سطح پر کیسی کارکردگی دکھاتے ہیں-
احمد اب تک صرف اٹھارہ فرسٹ کلاس میچ کھیلے ہیں جن میں انہوں نے 31.44 کی اوسط سے 56 وکٹیں لیں ہیں تاہم انہوں نے آسٹریلیا اے کی طرف سے برطانیہ، زمبابوے اور جنوبی افریقہ کا دورہ کیا ہے-
ڈوہرٹی کے علاوہ آل راؤنڈر مچل مارش بھی ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے- انکی جگہ سٹیو سمتھ کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے-
ان کے علاوہ مچل جانسن اور جوش ہیزل ووڈ کو بھی انجری پر قابو پانے کے بعد ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے-
چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ ٹیم کا انتخاب اگلے سال کے ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ اور 2015 کے ورلڈ کپ کو ذہن میں رکھتے ہوئے کیا گیا ہے-
آسٹریلیا اس ماہ کے آخر میں انگلینڈ کے خلاف دو ٹی ٹوینٹی میچز کھیلے گا جس کے بعد پندرہ رکنی اسکواڈ انگلینڈ کے خلاف پانچ اور اسکاٹ لینڈ کے خلاف ایک ایک روزہ میچ کھیلے گا-
اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہو گا-
مائیکل کلارک (کپتان ون ڈے ٹیم)، جارج بیلی (کپتان ٹی ٹوینٹی ٹیم)، فواد احمد، ناتھن کولٹر نائل، جیمز فاکنر، آرون فنچ، جوش ہیزل ووڈ، مچل جانسن، فل ہیوز، شان مارش، گلین میکسویل، کلنٹ مک کے، سٹیو سمتھ، مچل سٹارک، آدم ووگس، میتھیو ویڈ، ڈیوڈ وارنر اور شین واٹسن