بریڈ مین کا بلا 65 ہزار ڈالر میں فروخت

شائع August 15, 2013

لیجنڈری آسٹریلین کرکٹر سر ڈان بریڈ مین کی ایک یاد گار تصویر۔ فائل فوٹو اے ایف پی

میلبورن: عظیم آسٹریلوی بلے باز سر ڈان بریڈ مین کا بیٹ 65 ہزار امریکی ڈالر میں فروخت ہو گیا ہے جس پر 1948 کی آسٹریلین ٹیم کے دستخط بھی موجود ہیں۔

آسٹریلوی میڈیا کے مطابق آسٹریلین کمپنی نے جمعرات کے روز بیٹنگ لیجنڈ سر ڈان بریڈ مین کا بیٹ نیلامی کے لئے پیش کیا، اس بلے سے بریڈمین نے 1948 کے دورہ انگلینڈ سے قبل اپنے ہوم گراؤنڈ پر آخری فرسٹ کلاس میچ میں 115 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔

اس بات کی نیلامی کیلیے رقم کا تخمینہ 20 ہزار ڈالر لگایا گیا تھا لیکن یہ اس سے کہیں زیادہ اس تاریخی بیٹ کی نیلامی65 ہزار امریکی ڈالر میں ہوئی۔

اس بیٹ پر بریڈ مین اور ان کی ٹیم کے ساتھی کھلاڑیوں لنڈسے ہیزٹ، رے لنڈوال اور کیتھ ملر سمیت دیگر کے دستخط موجود ہیں۔

یہ بیٹ گزشتہ 20 سال سے ویسٹرن آسٹریلیا کرکٹ ایسوسی ایشن کے میوزیم میں محفوظ تھا اور اسے لکڑی کے شوکیس میں رکھا گیا تھا، اس بیٹ کو لیسکی آکشن نے بیچا ہے۔

سر ڈونلڈ جارج بریڈمین 2001 میں 92 سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے، انہوں نے 52 ٹیسٹ کی 80 اننگز میں کرکٹ کی تاریخ کی بہترین اوسط 99.94 سے 6996 رنز سکور کیے۔

انہوں نے اپنے کیریئر کا آخری میچ انگلینڈ میں میزبان کے خلاف کھیلا تھا جہاں وہ کیریئر کی آخری اننگز میں صفر پر آؤٹ ہو گئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 29 جون 2025
کارٹون : 28 جون 2025