پی ٹی اے نے لکی موٹر کو سام سنگ موبائل ڈیوائسز کی تیاری کی اجازت دے دی

اپ ڈیٹ 11 اگست 2021
کمپنی کو یہ اجازت موبائل ڈیوائس مینوفیکچرنگ ریگولیشنز 2021 کے تحت دی گئی—فوٹو: پی ٹی اے
کمپنی کو یہ اجازت موبائل ڈیوائس مینوفیکچرنگ ریگولیشنز 2021 کے تحت دی گئی—فوٹو: پی ٹی اے

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے لکی موٹر کارپوریشن لمیٹڈ کو موبائل کمپنی سام سانگ کی موبائل ڈیوائسز کی تیاری کی اجازت دے دی۔

اس حوالے سے پی ٹی اے کے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا کہ لکی موٹر کارپوریشن لمیٹڈ کو یہ اجازت موبائل ڈیوائس مینوفیکچرنگ (ایم ڈی ایم) ریگولیشنز 2021 کے تحت دی گئی۔

اعلامیے کے مطابق کمپنی نے پاکستان کے شہر کراچی میں سام سنگ برانڈ کے موبائل ڈیوائسز کی تیاری کے لیے موبائل ڈیوائس مینوفیکچرنگ پلانٹ لگانے کی اجازت کے لیے درخواست دی تھی۔

مزید پڑھیں: سام سنگ کا پاکستان میں موبائل فونز تیار کرنے کا منصوبہ

پی ٹی اے نے کہا کہ پاکستان میں سام سنگ موبائل ڈیوائسز بنانے کی اجازت ایک اہم کامیابی ہے۔

اتھارٹی کا کہنا تھا کہ سام سنگ موبائل ڈیوائسز کی تیاری سے پاکستانی مارکیٹ میں بڑے مقامی اور غیر ملکی پلیئرز کی موجودگی کو یقینی بناتے ہوئے متحرک موبائل مینوفیکچرنگ کےماحولیاتی نظام میں بھرپور تبدیلی آئے گی

اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ یہ صرف حکومت پاکستان کی 'ڈیجیٹل پاکستان' کے حوالے سے جاری کوششوں کے نتیجے میں سازگار پالیسیوں کی وجہ سے ممکن ہوا۔

مزید کہا گیا کہ پی ٹی اے کی جانب سے اب تک 25 غیر ملکی اور مقامی کمپنیوں کو موبائل ڈیوائسز کی مقامی سطح پر تیاری کی اجازت دی گئی ہے۔

ان کمپنیوں کی تیار کردہ موبائل ڈیوائسز نہ صرف ملک میں فروخت ہوں گی بلکہ خطے کی دیگر مسابقتی مارکیٹ میں بھی برآمد کی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: موبائل فون کی مینوفیکچرنگ پالیسی منظور

پی ٹی اے کے مطابق موبائل ڈیوائس مینوفیکچرنگ پلانٹس پاکستان میں صارفین کو روزگار کے نئے مواقع اور کم قیمت موبائل فونز کی فراہمی میں بھی معاون ثابت ہوں گے۔

خیال رہے کہ رواں برس جولائی میں یہ خبر سامنے آئی تھی کہ جنوبی کوریا کی بڑی ٹیکنالوجی کمپنی سام سنگ، پاکستان میں ایک موبائل مینوفیکچرنگ یونٹ قائم کرنے کے لیے 3 سرمایہ کاروں سے بات چیت کررہی ہے۔

اس حوالے سے ذرائع نے بتایا تھا کہ سام سنگ موبائل فون کی مینوفیکچرنگ کے لیے متعدد کمپنیوں کو شارٹ لسٹ کرنے کے بعد ان میں سے ایک کو لائسنس دینے کے منصوبے کو حتمی شکل دینے کے عمل میں ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں