فٹبال: کابل پاکستان کی تاریخی میزبانی کیلئے تیار

شائع August 16, 2013

اے ایف پی فائل فوٹو --.
اے ایف پی فائل فوٹو --.

زیورخ: افغانستان دس سال بعد پہلی مرتبہ بین الاقوامی فٹبال میچ کی میزبانی کرنے جا رہا ہے۔

فٹبال کی نمائندہ تنظیم فیفا نے جمعہ کو اعلان کیا ہے کہ پاکستان اگلی منگل کابل میں ایک دوستانہ میچ کھیلے گا۔

فیفا کے مطابق، یہ میچ افغانستان فٹبال فیڈریشن (اے ایف ایف) سٹیڈیم کی مصنوعی پچ پر ہو گا۔

اے ایف ایف کے سیکریٹری جنرل سید آغا زادہ نے فیفا ۔ ڈام سے گفتگو میں بتایا : 1977 کے بعد پہلی مرتبہ کابل میں عالمی فٹبال میچ کی میزبانی کرنا اور وہ بھی پاکستان کے خلاف، ہمارے ملک میں فٹبال کے لیے بہت بڑی بات ہے۔

'اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایک انتہائی تکلیف دہ وقت دیکھنے کے بعد ہم معمول کی جانب لوٹ رہے ہیں'۔

آغا زادہ کا مزید کہنا تھا کہ افغان فٹبال تنظیمی اور انفراسٹرکچر کے لحاظ سے بہتر ہوئی ہے۔

'اب ہمارا ماننا ہے کہ فٹبال ملک میں ایک اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ ہم اس میچ کے لیے بھرپور جوش و خروش کی امید کرتے ہیں'۔

خیال رہے کہ افغانستان نے آخری مرتبہ 2003 میں فٹبال میچ کی میزبانی میں کی تھی، جس میچ میں ترکمانستان نے میزبان ٹیم کو دو - صفر سے زیر کیا تھا۔

عالمی درجہ بندی میں 139 ویں درجے پر فائز افغستان رواں سال ناقابل شکست رہا ہے۔

افغانستان نے اس سال تین میچ کھیلے ہیں جن میں اس نے سری لنکا اور منگولیا کو شکست جبکہ لاؤس کے خلاف میچ ڈرا کھیلا۔

پاکستان فٹبال فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل احمد یار خان لودھی نے اس میچ کو پوری جنوبی ایشیائی فٹبال برادری کے لیے علامتی قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا: یہ میچ ثابت کرتے ہے کہ کھیل پڑوسی ملکوں کے ساتھ مثبت تعلقات کے فروغ میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔

فیفا کا کہنا ہے کہ اگلے ہفتے افغان پریمیئر لیگ کے دوسرے سیزن کا بھی آغاز ہو جائے گا۔

اس ٹورنامنٹ کے لیے اے ایف ایف کی مکمل جانچ پڑتال کے بعد ملک بھر سے آٹھ ٹیموں کا انتخاب ہوا ہے۔

لیگ کے سارے میچ کابل کے اے ایف ایف سٹیڈیم میں کھیلے اور ٹی وی پر برہ راست نشر ہوں گے۔

کارٹون

کارٹون : 27 جون 2025
کارٹون : 26 جون 2025