آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ 2014ء 16 مارچ سے 6 اپریل کے درمیان بنگلادیش میں منعقد ہوا اور یہ کسی ایشیائی ملک میں منعقد ہونے والا لگاتار دوسرا ٹی20 ورلڈ کپ تھا۔

آئیے آپ کو اس ورلڈ کپ میں پاکستان کی کارکردگی کے بارے میں آگاہ کرتے ہیں۔

پہلا میچ

2014ء میں منعقد ہونے والے میگا ایونٹ میں قومی ٹیم نے اپنا پہلا میچ روایتی حریف بھارت کے ساتھ کھیلا۔ اس میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان نے عمر اکمل کے سب سے زیادہ 33 رنز کی بدولت 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز اسکور کیے۔

جواب میں بھارت نے ہدف 18.3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر ہی حاصل کرلیا اور یوں اس ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان کے سفر کا آغاز ہی شکست سے ہوا۔

دوسرا میچ

قومی ٹیم نے اس ورلڈ کپ میں اپنا دوسرا میچ آسٹریلیا کے خلاف کھیلا۔ اس میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی جو آسٹریلیا کے لیے انتہائی غلط فیصلہ ثابت ہوا کیونکہ پاکستان نے عمر اکمل کی 94 رنز کی شاندار اننگ کی بدولت 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 191 رنز اسکور کیے۔

دوسری اننگ میں پاکستانی باؤلرز نے بھی اپنا جادو چلایا اور آسٹریلیا کی ٹیم 20 اوورز میں 175 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ یوں یہ میچ پاکستان کے نام رہا۔

تیسرا میچ

آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ 2014ء میں پاکستان نے اپنا تیسرا میچ بنگلا دیش کے خلاف کھیلا جس میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ قومی ٹیم نے 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے۔ یہ اسکور احمد شہزاد کی 111 رنز کی اننگ کے باعث ممکن ہوا۔

جواب میں بنگلا دیش کی ٹیم 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز ہی بنا سکی۔ پاکستان کی جانب سے عمر گل نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں۔

چوتھا میچ

قومی ٹیم نے اگلا میچ ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلا۔ اس میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ مقررہ 20 اوورز میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز اسکور کیے۔

جواب میں قومی ٹیم شروع سے ہی مشکلات کا شکار رہی۔ پاکستان کے دونوں اوپنر صفر پر آؤٹ ہوگئے اور بعد میں آنے والے کھلاڑی بھی کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور پوری ٹیم 17.5 اوورز میں 82 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ یوں آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ 2014ء میں پہلی مرتبہ پاکستان کا سفر گروپ اسٹیج پر ہی تمام ہوگیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں