’غدر‘ کا سیکوئل آئندہ سال ریلیز کرنے کی تصدیق

اپ ڈیٹ 16 اکتوبر 2021
اداکار نے سیکوئل کا موشن پوسٹر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ فلم آئندہ سال ریلیز ہوگی—اسکرین شاٹ
اداکار نے سیکوئل کا موشن پوسٹر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ فلم آئندہ سال ریلیز ہوگی—اسکرین شاٹ

دو دہائیاں قبل ریلیز ہونے والی بولی وڈ کی مقبول فلیم ’غدر: ایک پریم کتھا‘ کی ٹیم نے سیکوئل کا موشن پوسٹر جاری کرتے ہوئے تصدیق کی کہ نئی فلم کو سال 2022 میں ریلیز کردیا جائے گا۔

گزشتہ چند سال سے خبریں تھیں کہ 2001 کی مقبول فلم ’غدر: ایک پریم کتھا‘ کا سیکوئل بنانے پر کام جاری ہے اور رواں برس جولائی میں پہلی فلم کے ہدایت کار انیل شرما نے تصدیق کی تھی کہ نئی فلم پر کام جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’غدر: ایک پریم کتھا‘ کیلئے امیشا اور سنی پھر سے اکٹھے

اب فلم کی ٹیم اور پروڈکشن ہاؤس نے فلم کا موشن پوسٹر جاری کرتے ہوئے تصدیق کی کہ فلم کو آئندہ سال ریلیز کیا جائے گا۔

’غدر‘ کے سیکوئل کا موشن پوسٹر شیئر کرتے ہوئے ’زی اسٹوڈیو‘ نے ٹوئٹ کی کہ شائقین کا دو دہائیوں کا انتظار ختم ہوا، جلد ہی نئی فلم کو جاری کردیا جائے گا۔

اداکار سنی دیول نے بھی فلم کا موشن پوسٹر جاری کیا، جس میں تصدیق کی گئی کہ نئی فلم میں پرانی فلم کی کاسٹ شامل ہوگی۔

موشن پوسٹ میں بتایا گیا کہ نئی فلم میں سنی دیول کے ساتھ ان کی بیوی کا کردار ادا کرنے والی امیشا پٹیل اور ان کے بیٹے کا کردار ادا کرنے والے اتکرش شرما بھی ہوں گے۔

مزید پڑھیں: غدر 2 پر جلد کام شروع کیا جائے گا، ہدایت کار

پوسٹ میں یہ بھی تصدیق کی گئی تھی کہ نئی فلم کی کہانی وہیں سے شروع ہوگی، جہاں پہلی فلم کی کہانی ختم ہوئی تھی۔

پرانی فلم کی کہانی میں سنی دیول کو اپنی اہلیہ امیشا پٹیل اور بیٹے کو پاکستان سے بھارت لے جاتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔

’غدر: ایک پریم کتھا‘ کی کہانی تقسیم ہند کے پس منظر کی ہے، جس میں سنی دیول ایک سکھ شخص ’تارا‘ جب کہ امیشا پٹیل مسلمان لڑکی ’سکینہ‘ کا کردار ادا کرتی ہیں، جو تقسیم ہند سے قبل محبت میں شادی کرلیتے ہیں، تاہم جلد ہی ملک کا بٹوارا ہوجاتا ہے۔

تقسیم ہند اور پاکستان بننے کے بعد ’سکینہ‘ پاکستان آ جاتی ہیں اور ان کے سکھ شوہر انہیں لینے کے لیے بھارت سے لاہور آتے ہیں اور اہلیہ کے خاندان کی بڑی مخالفت کے بعد بالآخر وہ اہلیہ کو اپنے ملک لے جاتے ہیں۔

دو دہائیوں میں سنی دیول 64 برس کے ہوگئے اور فلم میں ان کے بیٹے بننے والے اداکار جوان ہوگئے—اسکرین شاٹ/ فائل فوٹو: انسٹاگرام
دو دہائیوں میں سنی دیول 64 برس کے ہوگئے اور فلم میں ان کے بیٹے بننے والے اداکار جوان ہوگئے—اسکرین شاٹ/ فائل فوٹو: انسٹاگرام

نئی فلم میں ممکنہ طور پر سنی دیول اور امیشا پٹیل کو عمر رسیدہ کرداروں میں دکھائے جانے کا امکان ہے، کیوں کہ پہلی فلم میں ان کے بچے کا کردار ادا کرنے والے اداکار اتکرش شرما اب جوان ہو چکے ہیں جو نئی فلم میں بھی شامل ہیں۔

فلم کی ٹیم نے اگرچہ تصدیق کی ہے کہ نئی فلم کو 2022 میں ریلیز کیا جائے گا، تاہم اس کی ریلیز کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔

فلم کی کہانی بھی پہلی فلم کے لکھاری نے لکھی ہے جب کہ ہدایات بھی پہلی فلم کے ڈائریکٹر ہی دیں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں