'دی ڈونکی کنگ' چین میں ریلیز کیلئے تیار

اپ ڈیٹ 17 نومبر 2021
اس فلم کو پہلے ہی انگریزی زبان میں ڈب کیا جا چکا ہے — فوٹو: فیس بک
اس فلم کو پہلے ہی انگریزی زبان میں ڈب کیا جا چکا ہے — فوٹو: فیس بک

پاکستان کی اینیمیٹڈ فلم 'دی ڈونکی کنگ' کو پاکستان میں ریلیز کے 4 برس بعد 19 نومبر کو چین کے سینماؤں میں ریلیز کیا جائے گا۔

سب سے زیادہ کمائی کرنے والی پاکستانی اینیمیٹڈ فلم قرار دی جانے والی ’دی ڈونکی کنگ‘ پہلے ہی اسپین، جنوبی کوریا، روس، یونان، ترکی، پیرو، کولمبیا، ایکواڈور، یوکرین، قازقستان اور تائیوان سمیت 10 سے زائد ممالک کے سینما گھروں میں ریلیز ہو چکی ہے۔

یہ فلم چینی زبان میں ترجمے کے بعد سینماؤں میں ریلیز کی جائے گی۔

مزید پڑھیں: 'دی ڈونکی کنگ' اسپین کے بعد روس میں ریلیز کے لیے تیار

اس فلم کو پہلے انگریزی زبان میں بھی ڈب کیا جا چکا ہے جبکہ امریکا اور برطانیہ میں ناظرین کے لیے ایمازون پرائم پر بھی ریلیز کیا جاچکا ہے۔

ڈائریکٹر عزیز جندانی نے کہا کہ ’ہم اپنی فلم کو دنیا بھر میں پذیرائی حاصل کرتے ہوئے دیکھ کر بہت خوش ہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ’ چین میں تھیٹر میں فلم کی ریلیز اس سفر کی آخری سرحد ہے، ہمیں امید ہے کہ یہ مستقبل میں چین میں مزید پاکستانی فلموں کی ریلیز کے دروازے کھول دے گی‘۔

خیال رہے کہ ‘ڈونکی کنگ’ کی کہانی ‘آزاد نگر’ نامی جانوروں کی ایک سلطنت پر مبنی ہے، جس کے بادشاہ یعنی شیر ریٹائر ہوکر اپنی سلطنت کسی نئے بادشاہ کے حوالے کرنے کا فیصلہ کرتے ہیں۔

فلم کی کہانی اس وقت دلچسپ بن جاتی ہے، جب ایک گدھے کو سلطنت کے راجا کے طور پر نامزد کیا جاتا ہے۔

گدھے کو ایک چالاک لومڑی اس عہدے کے لیے تجویز کرتی ہیں، تاہم گدھا سلطنت کا نیا راجا بننے کو تیار نہیں ہوتا۔

یہ بھی پڑھیں: چالاک لومڑی اور معصوم گدھے کی کہانی ’دی ڈونکی کنگ‘

چالاک لومڑی کی جانب سے سمجھائے جانے کے بعد ہی گدھا راجا بننے کو تیار ہوجاتا ہے لیکن کہانی اس کے انتخاب کے گرد ہی گھومتی ہے اور اس دوران کئی دلچسپ واقعات سامنے آتے ہیں۔

تالسمان اسٹوڈیو کے بینر تلے ریلیز ہونے والی‘ڈونکی کنگ’ اکتوبر 2018 میں پاکستان بھر میں ریلیز ہوئی تھی۔

اس فلم میں جانوروں کے کرداروں پر کئی نامور اداکاروں نے اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔

گدھے کی آواز پر جان ریمبو (افضل خان) چالاک لومڑی پر حنا دلپزیر نے آواز کا جادو جگایا ہے، جب کہ دیگر کرداروں کی آوازوں پر جاوید شیخ، فیصل قریشی اور غلام محی الدین سمیت دیگر اداکاروں نے صداکاری کی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں