کیریئر کے آغاز میں ’ٹھوڑی‘ کی سرجری کرانے کا مشورہ دیا گیا، کومل عزیز

16 نومبر 2021
اداکارہ نے اومل بائے کومل نامی کلاتھنگ برانڈ متعارف کرا رکھا ہے—فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ نے اومل بائے کومل نامی کلاتھنگ برانڈ متعارف کرا رکھا ہے—فوٹو: انسٹاگرام

’عشق بے نام، بساط دل، بھروسہ پیار تیرا، راز الفت اور سہیلیاں‘ جیسے ڈراموں میں اداکاری کرنے والی اداکارہ کومل عزیز نے کہا ہے کہ کیریئر کے آغٖاز میں انہیں دیگر مشوروں کے ساتھ ٹھوڑی کی سرجری کرانے کا مشورہ بھی دیا گیا۔

ٹھوڑی کو ’ڈمپل چن‘ بھی کہا جاتا ہے جو کہ نچلے ہونٹ اور جبڑے کے درمیان واقع ہے۔

اداکارہ حال میں ’دی مزیدار شو‘ میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے شوبز کیریئر اور کاروبار سمیت ذاتی زندگی پر کھل کر بات کی۔

اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے پانچ سال قبل ہی اداکاری کا آغاز کیا تھا جب کہ انہیں پہلا موقع ہدایت کار سیفی حسن نے دیا۔

کومل عزیز کے مطابق انہوں نے امریکا سے بزنس اور اکانامکس کی تعلیم حاصل کی اور وہ شروع سے ہی کاروباری خاتون بننا چاہتی تھیں مگر ابتدائی طور پر ان کے پاس پیسےنہیں تھے، جس وجہ سے انہوں نے اداکاری کا انتخاب کیا۔

کہا گیا تھا کہ ڈمپل چن کی سرجری کروالو، اداکارہ—اسکرین شاٹ
کہا گیا تھا کہ ڈمپل چن کی سرجری کروالو، اداکارہ—اسکرین شاٹ

اداکارہ نے بتایا کہ جب وہ امریکا سے واپس پاکستان آ رہی تھیں تو ان کی والدہ نے انہیں منع کیا تھا اور کہا تھا وہیں ملازمت کرلیں مگر وہ ملک چلی آئیں اور آتے ہی اے لیول اسکول میں استانی بن گئیں۔

کومل عزیز کے مطابق استانی بننے کے دو دن بعد ہی انہوں نے ایک دوست سے اداکاری کے شوق سے متعلق بات کی جو کہ ہدایت کار سیفی حسن کے ساتھ کام کرتی تھیں تو انہوں نے مذکورہ ڈائریکٹر سے کہہ کر انہیں موقع دلوایا۔

یہ بھی پڑھیں: پہلی محبت کالج میں ہوئی، دوسری کا امکان نہیں، اداکارہ کومل عزیز

اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہیں پہلا کردار ہی مرکزی ملا، جس کے بعد انہوں نے ٹیچنگ کی ملازمت چھوڑ دی اور اسکول کی پرنسپل ڈراما ساز اسما نبیل کی بہن تھیں، جنہوں نے ان کا رابطہ ڈراما ساز سے کروایا اور یوں ان کی شوبز میں جگہ پکی بن گئی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے اعتراف کیا کہ انہوں نے منصوبہ بندی کے ساتھ اداکاری کی اور پیسے آنے کے بعد اپنا کپڑوں کا برانڈ متعارف کرایا اور جلد ہی ان کا اپنا اسٹور کھولنے کا بھی ارادہ ہے۔

کومل عزیز کا کہنا تھا کہ انہیں شوبز میں آنے کے لیے بہت زیادہ محنت نہیں کرنی پڑی اور ان کا آغاز ہی اچھا ہوا، جس وجہ سے ان کے انسٹاگرام فالوورز بڑھے تو انہوں نے اپنا کلاتھنگ برانڈ متعارف کرایا اور یوں ان کا کاروبار بھی اچھا چل پڑا۔

ان کے مطابق کاروبار کرنا ان کی اولین ترجیح دی مگر ساتھ ہی اداکاری کا بھی شوق تھا اور اب ان کے دونوں منصوبے پورے ہوگئے۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ جب وہ شوبز میں نئی تھیں تو انہیں مختلف طرح کے مشورے دیے گئے، انہیں یہ بھی کہا گیا کہ ان کا رویہ اچھا نہیں۔

مزید پڑھیں: لباس کے دو جوڑوں میں پرورش ہوئی، آج کپڑوں کے برانڈ کی مالک ہوں، کومل عزیز

کومل عزیز نے بتایا کہ انہیں ’ٹھوڑی‘ (ڈمپل چن) کی سرجری کرانے کا مشورہ بھی دیا گیا تھا جو انہوں نے نہیں مانا۔

ان کے مطابق انہیں یہ بھی کہا گیا تھا کہ وہ اپنا رویہ تبدیل کریں، ورنہ انڈسٹری میں نہیں چل پائیں گی، لیکن وہ پانچ سال سے مسلسل شوبز میں چل رہی ہیں۔

ایک سوال کےجواب میں انہوں نے بتایا کہ اداکاری میں اچھا کیریئر بنانے اور کاروبار شروع کرنے کے بعد اب ان کا شادی کا ارادہ ہے اور جیسے ہی انہیں اچھا لڑکا مل جائے گا وہ رشتہ ازدواج میں بندھ جائیں گی۔

کومل عزیز کے مطابق انہوں نے پہلے ہی یہ طے کر لیا تھا کہ اداکاری میں مقام بنانے اور کاروبار کرنے کے بعد ہی وہ شادی کریں گی۔

اداکارہ نے بتایا کہ ممکن ہے کہ وہ ایک سال کے اندر ہی شادی کرلیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں