فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ کی ریلیز مزید 2 ماہ کی تاخیر کا شکار

اپ ڈیٹ 21 نومبر 2021
یہ فلم 14 اپریل 2022 کو بھارت کے تھیٹرز میں ریلیز ہوگی—فائل فوٹو:فیس بک
یہ فلم 14 اپریل 2022 کو بھارت کے تھیٹرز میں ریلیز ہوگی—فائل فوٹو:فیس بک

بولی وڈ مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان اور کرینہ کپور کی فلم 'لال سنگھ چڈھا' مزید 2 ماہ کی تاخیر کے بعد اب اپریل 2022 میں ریلیز ہوگی۔

’لال سنگھ چڈھا‘ کو پہلے کرسمس 2021 کے موقع پر ریلیز کیا جانا تھا اور بعدازاں اسے 14 فروری 2022 کو ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

تاہم اب یہ فلم 14 اپریل 2022 کو بھارت کے تھیٹرز میں ریلیز ہوگی۔

مزید پڑھیں: عامر خان اور کرینہ کپور کی فلم 'لال سنگھ چڈھا' 2022 میں ریلیز ہوگی

’لال سنگھ چڈھا‘ کو ایسے موقع پر ریلیز کرنے کا اعلان کیا جارہا ہے جب اسی روز یش راج فلمز کی ’کے جی ایف 2‘ بھی ریلیز ہوگی۔

بولی وڈ تجزیہ کار ترن آدرش نے ’باکس آفس پر دو فلموں کے ٹکراؤ‘ کی خبر کا اعلان کیا۔

انہوں نے ٹوئٹ کی کہ ’ 14 اپریل 2022 کو 2 بڑی فلموں لال سنگھ چڈھا اور کے جی ایف 2 کا ٹکراؤ ہوگا‘۔

دوسری جانب فلم میں عامر خان کے مقابل کردار ادا کرنے والی بولی وڈ اداکارہ کرینہ کپور نے فلم کا نیا پوسٹر شیئر کیا۔

کرینہ کپور نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’ہم اپنا نیا پوسٹر اور فلم کی ریلیز کی نئی تاریخ شیئر کرنے پر بہت خوش ہیں‘۔

انہوں نے اپنی پوسٹ میں لال سنگھ آن بیساکھی کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔

خیال رہے کہ عامر خان کی فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ ، 1994 کی کلاسک فارسٹ گمپ کا ریمیک ہے، جس میں ٹام ہینکس نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

فلم کی ہدایات ادویت چندن نے دی ہیں جبکہ اسے لال عامر خان، کرن راؤ اور ویاکام 18 موشن پکچرز کے تعاون سے پروڈیوس کیا جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’لال سنگھ چڈھا’ کی شوٹنگ کے دوران آلودگی پھیلانے کا الزام، عامر خان پروڈکشن کی تردید

لال سنگھ چڈھا میں، عامر خان اپنے 3 ایڈیٹس کے ساتھی اداکاروں کرینہ کپور اور مونا سنگھ کے ساتھ اسکرین پر نظر آئیں گے، اس میں ناگا چیتنیا بھی موجود ہیں۔

اس سے قبل بھارتی خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے ساتھ ایک انٹرویو کے دوران،عامر خان نے ’فاریسٹ گمپ‘ کا ریمیک بنانے کا فیصلہ کرنے کی وجہ بتائی تھی۔

انہوں نے کہا تھا کہ ’میں نے ہمیشہ فارسٹ گمپ کو بطور اسکرپٹ پسند کیا ہے، یہ اس کردار کے بارے میں ایک شاندار کہانی ہے۔ زندگی کی تصدیق کرنے والی کہانی، یہ ایک اچھی فلم ہے، یہ پورے خاندان کے لیے ایک فلم ہے‘۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں