بشریٰ انصاری ’اومیکرون‘ سے صحت یاب، عتیقہ اوڈھو ’کورونا‘ کا شکار

18 جنوری 2022
بشریٰ انصاری صحت یاب ہوگئیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام
بشریٰ انصاری صحت یاب ہوگئیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام

سینیئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے انکشاف کیا ہے کہ وہ چند دن قبل کورونا کئی نئی قسم ’اومیکرون‘ کا شکار ہوگئی تھیں مگر اب وہ صحت یاب ہوگئیں۔

جہاں بشریٰ انصاری ’اومیکرون‘ سے صحت یاب ہوگئیں، وہیں دوسری جانب سینیئر اداکارہ عتیقہ اوڈھو ’کورونا‘ کا شکار ہوگئیں۔

بشریٰ انصاری نے 17 جنوری کو انسٹاگرام پر اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے تصدیق کی کہ وہ ’اومیکرون‘ سے صحت یاب ہوگئیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ انہیں ’اومیکرون‘ سے صحت یاب ہونے میں زیادہ وقت نہیں لگا مگر بیماری کی وجہ سے وہ اپنی پیاری سہیلی روبینہ اشرف کی بیٹی مینا طارق کی شادی میں شرکت نہ کر سکیں۔

انہوں نے مینا طارق کی شادی میں شرکت نہ کرپانے پر افسردگی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

ساتھ ہی بشریٰ انصاری نے واضح کیا کہ وہ بیماری کی حالت میں مینا طارق کی شادی میں شرکت کرکے دوسرے افراد کے لیے مسئلہ بننا نہیں چاہتی تھیں۔

اس سے قبل مینا طارق کی شادی کے موقع پر بشریٰ انصاری نے اپنی پوسٹ میں بتایا تھا کہ وہ شدید نزلہ و زکام کی وجہ سے شادی کی تقریبات میں شریک نہیں ہو پائیں۔

بشریٰ انصاری نے اب بتایا ہے کہ دراصل انہیں صرف نزلہ و زکام نہیں بلکہ ’اومیکرون‘ ہوگیا تھا، جس سے اب وہ صحت یاب ہوگئیں۔

ان سے قبل گزشتہ برس اپریل میں بشریٰ انصاری کی بہن اداکارہ سنبل شاہد کورونا کا شکار ہوکر چل بسی تھیں۔

دوسری جانب عتیقہ اوڈھو نے بھی 16 جون کو اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے تصدیق کی کہ وہ بھی ’کورونا‘ کا شکار ہوگئیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ کورونا کی تشخیص کے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا مگر وہ تنہا کمرے میں بھی اپنا کام سر انجام دے رہی ہیں۔

عتیقہ اوڈھو اور بشریٰ انصاری سے قبل حال ہی میں اداکارہ ماہرہ خان بھی ’اومیکرون‘ کا شکار ہوئی تھیں مگر وہ بھی جلد صحت یاب ہوگئی تھیں۔

پاکستان کو اس وقت کورونا کی پانچویں لہر کا سامنا ہے اور گزشتہ ایک ہفتے سے یومیہ کیسز کی تعداد مسلسل بڑھتی دکھائی دے رہی ہیں۔

ملک میں کورونا کا سب سے زیادہ پھیلاؤ صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں دیکھا جا رہا ہے، جہاں مثبت کیسز کی شرح 40 فیصد جا پہنچی۔

ملک کو کورونا کی پانچویں لہر کا سامنا ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
ملک کو کورونا کی پانچویں لہر کا سامنا ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں