پاکستان زمبابوے آج پہلے ٹی ٹوئنٹی میں مدمقابل

شائع August 23, 2013

فائل فوٹو

ہرارے: پاکستان نے زمبابوے کے خلاف 2011 میں کیے گئے گزشتہ دورے کے موقع پر تمام میچز اپنے نام کیے تھے اور وہ حال ہی میں نسبتاً کمزور ہندوستانی ٹیم کے ہاتھوں کلین سوئپ سے دوچار ہونے والی زمبابوین ٹیم کے خلاف ایسی کارکردگی دہرانے کیلیے پرعزم ہے۔

پاکستان اور زمبابوے کے درمیان دو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ جمعہ کو ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ ڈیو واٹمور نے کہا کہ ہم اپنی تیاریوں سمیت کسی بھی چیز پر کسی بھی طور مطمئن نہیں ہونا چاہتے۔

انہوں نے کہا کہ ہم زمبابوے کے خلاف زمبابوے میں کھیل رہے ہیں لیکن یہ پھر بھی بہت اہم میچز ہیں۔

جمعہ اور ہفتے کو ہونے والےٹی ٹوئنٹی میچز میں محمد حفیظ قومی ٹیم کی قیادت کریں گے تاہم قومی ٹیم کو وکٹ کیپر بلے باز عمر اکمل کی خدمات حاصل نہیں جنہیں کیریبیئن پریمیئر لیگ کھیلنے کیلیے جمیکا جاتے وقت مرگی کا معمولی دورہ پڑا تھا۔

ان کی جگہ اسکواڈ میں شامل کیے گئے سرفراز احمد کو وکٹ کے پیچھے ذمے داریاں دیے جانے کا قوی امکان ہے۔

زمبابوے کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت برینڈن ٹیلر کریں گے جنہیں اعتماد ہے کہ کھلاڑی بورڈ سے ہونے والے تازہ تنازع کو بھلاتے ہوئے سیریز میں شرکت کریں گے۔

ایک ماہ طویل دورے میں دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹی ٹوئنٹی، تین ایک روزہ اور دو ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے جس پر گزشتہ ہفتے اس وقت سیاہ بادل چھا گئے تھے جب بورڈ سے تنخواہوں اور کنٹریکٹ پر مذاکرات کامیاب نہ ہونے پر ٹریننگ سے انکار کر دیا تھا۔

بعدازاں جمعہ کو بورڈ اور کھلاڑیوں کے درمیان مذاکرات کامیاب ہونے پر کھلاڑیوں نے پریکٹس ٹریننگ پر آمادگی کا اظہار کر دیا تھا تاہم اسی دوران فاسٹ باؤلر کائل جاروس نے کاؤنٹی کرکٹ کو ملک پر اہمیت دیتے ہوئے عالمی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا۔

زمبابوین کپتان ٹیلر نے تسلیم کیا کہ جاروس کا فیصلہ ہم سب کیلیے حیران کن ہے تاہم انہوں نے امید ظاہر کی کہ 24 سالہ کھلاڑی مستقبل میں زمبابوے کی نمائندگی کریں گے۔

کارٹون

کارٹون : 23 جون 2025
کارٹون : 22 جون 2025