بھارتی اداکارہ عرفی جاوید موت کی خبروں پر پریشان

05 جولائ 2022
عرفی جاوید کو بولڈ لباس کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے—فوٹو: انسٹاگرام
عرفی جاوید کو بولڈ لباس کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے—فوٹو: انسٹاگرام

بولڈ لباس اور انداز کی وجہ سے تنقید کا سامنا کرنے والی متنازع بھارتی اداکارہ و ماڈل عرفی جاوید اپنی خودکشی کی خبروں پر پریشان ہوگئیں اور انہیں سوشل میڈیا پر وضاحت دینی پڑی۔

’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق عرفی جاوید نے دو دن قبل انسٹاگرام پر اپنی پرانی تصویر شیئر کی تھی، جسے ان سے نفرت کرنے والے افراد نے ایڈٹ کرتے ہوئے ان کی خودکشی کی خبریں پھیلادیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ لوگوں نے عرفی جاوید کی تصویر کو ایڈٹ کرکے ان کے گلے میں پھندا لگاکر ان کی خودکشی کی خبر پھیلادی۔

اداکارہ نے جعلی خبروں پر مایوسی کا اظہار بھی کیا—اسکرین شاٹ
اداکارہ نے جعلی خبروں پر مایوسی کا اظہار بھی کیا—اسکرین شاٹ

اداکارہ کی خودکشی کی خبر سوشل میڈیا میں جنگل میں آگ کی طرح پھیل گئی اور مجبورا ماڈل کو انسٹاگرام پر وضاحت دینی پڑی۔

عرفی جاوید نے ایڈٹ شدہ تصاویر کو انسٹاگرام اسٹوری میں شیئر کرتے ہوئے اپنی موت کی خبروں کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے ایسی خبروں پر برہمی اور مایوسی کا اظہار بھی کیا۔

اسی حوالے سے ایک اور شوبز ویب سائٹ نے بتایا کہ عرفی جاوید نے موت کی جھوٹی خبروں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں پہلے ہی موت کی دھمکیاں دی جاتی رہی ہیں اور اب ان کے موت کی خبریں بھی پھیلائی جانے لگی ہیں۔

اداکارہ کی پرانی تصویر کو ایڈٹ کرکے ان کی خودکشی کی جعلی تصاویر بنائی گئیں—فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ کی پرانی تصویر کو ایڈٹ کرکے ان کی خودکشی کی جعلی تصاویر بنائی گئیں—فوٹو: انسٹاگرام

ماڈل و اداکارہ کے مطابق لوگوں کو نہ صرف ان کے لباس پر غصہ آتا ہے بلکہ وہ ان کے فیشن سینس سے بھی اختلاف کرتے ہیں اور انہیں نظر انداز کرنے کے بجائے ان کے خلاف نازیبا جملوں کا استعمال کرتے ہیں۔

عرفی جاوید کے مطابق بولڈ لباس میں تصاویر شیئر کرنے پر انہیں قتل اور ریپ کی دھمکیاں تک دی جاتی ہیں۔

عرفی جاوید ریاست اتر پردیش کے شہر لکھنؤ میں مسلمان گھرانے میں پیدا ہوئیں، انہیں متنازع ریئلٹی شو ’بگ باس‘ کے پہلے سیزن میں شرکت کے بعد شہرت ملی۔

عرفی جاوید نے اب تک ایک درجن کے قریب ٹی وی ڈراموں اور چند ویب سیریز میں کام کیا ہے، تاہم وہ سوشل میڈیا پر متحرک دکھائی دیتی ہیں۔

عرفی جاوید کو ان کے لباس کی وجہ سے کافی تنقید کا سامنا رہتا ہے، جب کہ ان کے فیشن سینس کو بھی بھارتی روایات کے خلاف قرار دیا جاتا رہا ہے۔

عرفی جاوید ایک درجن ڈراموں میں کام کر چکی ہیں—فوٹو: انسٹاگرام
عرفی جاوید ایک درجن ڈراموں میں کام کر چکی ہیں—فوٹو: انسٹاگرام

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں