شیاؤمی کا ڈوئل سیلفی کیمرا فون متعارف

28 ستمبر 2022
فون کو ابتدائی طور پر صرف چین میں ہی پیش کیا گیا ہے—فوٹو: شیاؤمی
فون کو ابتدائی طور پر صرف چین میں ہی پیش کیا گیا ہے—فوٹو: شیاؤمی

چینی موبائل کمپنی شیاؤمی نے پہلی بار ڈوئل سیلفی کیمرا کا حامل مڈ رینج موبائل متعارف کرادیا، جسے کمپنی کا اب تک کا بہترین سستا فون قرار دیا جا رہا ہے۔

’شیاؤمی سِوِی 2‘ کو کمپنی نے 5۔6 انچ کے اسکرین کے ساتھ ڈولبے کی ٹیکنالوجی کے ساتھ پیش کیا ہے۔

موبائل کی بیٹری 4500 ایم اے ایچ رکھی گئی ہے، تاہم اس میں 67 واٹ کا طاقتور چارجر دیا گیا ہے جو کہ پہلی بار کسی مڈرینج یا قدرے سستے فون میں دیا گیا ہے۔

فون کو تین مختلف ماڈیولز یعنی 8 اور 12 جی بی ریم کے ساتھ مختلف میموری ماڈیولز میں پیش کیا گیا ہے۔

’شیاؤمی سِوِی 2‘ کو اسنیپ ڈریگن 7 جنریشن 1 کی چپ اور اینڈرائڈ 12 کے آپریٹنگ سسٹم کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔

فون کے بیک پر تین کیمرے دیے گئے ہیں، جس میں مین کیمرا 50 میگا پکسل جب کہ دوسرا کیمرا 20 اور تیسرا کیمرا 2 میگا پکسل کا دیا گیا ہے۔

بیک پر دیے گئے تینوں کیمروں میں خصوصی سینسرز اور فیچرز بھی دیے گئے ہیں جب کہ پہلی بار شیاؤمی نے اپنے موبائل کے فرنٹ پر دو کیمرے بھی دیے ہیں۔

’شیاؤمی سِوِی 2‘ میں فرنٹ پر 32 میگا پکسل کے دو کیمرے دیے گئے ہیں، جن کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے فرنٹ پر ڈسپلے کے ساتھ ایل ای ڈی لائٹس بھی دی گئی ہیں جو کہ خود ہی کم روشنی میں بہتر تصاویر اور ویڈیوز بنانے میں مدد فراہم کرتی ہیں۔

کمپنی کے مطابق سیلفی کیمرا ٹیکنالوجی کو اپگریڈ کرکے اس میں مصنوعی ذہانت کو بھی شامل کیا گیا ہے، جس کے تحت صارفین بہترین انداز میں نہ صرف سیلفی لے سکیں گے بلکہ اپنی ویڈیوز کو بھی بہتر انداز میں بنا سکیں گے۔

کمپنی نے ’شیاؤمی سِوِی 2‘ کو فوری طور پر صرف چین میں ہی متعارف کرایا ہے، تاہم اسے جلد ہی پاکستان سمیت دیگر ایشیائی ممالک میں بھی پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

کمپنی نے چین میں فون کی قیمت انتہائی کم یعنی 2500 چینی یوآن رکھی ہے جو پاکستانی 15 ہزار روپے تک بنتے ہیں، تاہم مذکورہ فون کو پاکستان سمیت دیگر ممالک میں کم از کم پاکستانی 35 ہزار روپے تک فروخت کے لیے پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں