’مولا جٹ‘ 400 سے زائد عالمی سینما اسکرینز پر ریلیز ہونے والی پہلی پاکستانی فلم

اپ ڈیٹ 14 اکتوبر 2022
فلم کو 13 اکتوبر کو ریلیز کیا گیا تھا—اسکرین شاٹ
فلم کو 13 اکتوبر کو ریلیز کیا گیا تھا—اسکرین شاٹ

فواد خان، حمزہ علی عباسی، ماہرہ خان، حمیمہ ملک اور گوہر رشید جیسی کاسٹ پر مبنی ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کو امریکا، کینیڈا، برطانیہ، آسٹریلیا اور مختلف خلیجی ممالک کی 400 سے زائد سینما اسکرینز پر ریلیز کردیا گیا۔

’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ پہلی پاکستانی فلم بن گئی، جسے عالمی سطح پر اتنی زیادہ اسکرینز پر ریلیز کیا گیا۔

فلم کے آفیشل انسٹاگرام پیج پر دی گئی عالمی سینماؤں کی فہرست کے مطابق ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کو سب سے زیادہ آسٹریلیا کی سینما اسکرینز پر ریلیز کیا گیا، جن کی تعداد 100 سے بھی زائد ہے۔

اسی طرح فلم کو امریکا کی 40 اور برطانیہ کی 80 اسکرینز پر ریلیز کیا گیا جب کہ اسے کینیڈا کی بھی 50 سے زائد اسکرین پر ریلیز کیا گیا۔

’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کا پریمیئر جہاں پاکستان میں منعقد کیا گیا، وہیں اس کا پریمیئر خلیجی ملک قطر میں بھی منعقد کیا گیا، جہاں فلم کی کاسٹ سمیت دیگر ٹیم نے بھی شرکت کی اور ریڈ کارپٹ پر جلوے بھی بکھیرے۔

’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کو یہ اعزاز بھی حاصل ہوگیا کہ اسے اپنے ملک سے زیادہ عالمی اسکرینز پر ریلیز کیا گیا ہے۔

پاکستان میں اس وقت بمشکل 300 سینما اسکرینز موجود ہیں جب کہ ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کو دنیا بھر کی 400 سے زائد اسکرینز پر ریلیز کیا گیا ہے۔

فلم کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں 13 اکتوبر کو ریلیز کیا گیا تھا ار اس کی بکنگ دو ہفتے قبل ہی شروع کردی گئی تھی اور پاکستان میں اس کا ٹکٹ 1100 تک رکھا گیا تھا۔

اگرچہ فوری طور پر فلم کی ٹیم نے ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کی پہلے دن کی کمائی سے متعلق بیان جاری نہیں کیا، تاہم فلم کی ٹیم کے ذرائع کے مطابق اس نے پہلے ہی دن ریکارڈ کمائی 10 کروڑ روپے کے قریب بزنس کی۔

’ایم ایم نیوز‘ نے اپنی رپورٹ میں فلم ساز بلال لاشاری کے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ‘دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ نے پہلے ہی دن ساڑھے 9 کروڑ روپے سے زائد کی کمائی کی۔

اگر مذکورہ رپورٹ کو درست مانا جائے تو ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ پاکستانی سینما تاریخ کی پہلی فلم ہوگی، جس نے پہلے ہی دن اتنی زیادہ کمائی کی، اس سے قبل زیادہ کمائی کرنے والی فلموں نے بھی پہلے دن زیادہ سے زیادہ ایک کروڑ روپے تک کی کمائی کی تھی۔

رپورٹس ہیں کہ ’دی لیجند آف مولا جٹ‘ کو 60 کروڑ روپے کے بجٹ سے بنایا گیا تھا اور اس کی تیاری میں ایک دہائی کا عرصہ لگا۔

یہ فلم 1979 میں ریلیز ہونے والی پنجابی فلم ’مولا جٹ‘ کا نیا ورژن ہے اور نئی فلم بھی پنجابی زبان میں ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں