’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کی شوٹنگ کے دوران بیمار پڑ گئی تھی، ماہرہ خان

08 اکتوبر 2022
اداکارہ کےمطابق وہ شوٹنگ کے دوران بیمار ہوگئی تھیں—اسکرین شاٹ
اداکارہ کےمطابق وہ شوٹنگ کے دوران بیمار ہوگئی تھیں—اسکرین شاٹ

جلد ہی ریلیز ہونے والی میگا بجٹ اور میگا کاسٹ پنجابی فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کی اداکارہ ماہرہ خان نے انکشاف کیا ہے کہ سخت سرد موسم اور بارش کے دوران مذکورہ فلم کی شوٹنگ کرنے پروہ بیمار پڑ گئی تھیں۔

’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ میں ماہرہ خان مرکزی کردار میں دکھائی دیں گی، وہ مرکزی اداکار فواد خان یعنی ’مولا جٹ‘ کی معشوق کے روپ میں دکھائی دیں گی۔

فلم کو آئندہ ہفتے 13 اکتوبر کو ریلیز کیا جائے گا اور اس کی قبل از وقت ٹکٹوں کی فروخت شروع کردی گئی تھی اور رپورٹس کے مطابق اب تک اس کی ریکارڈ ٹکٹیں فروخت ہو چکی ہیں۔

فلمی مبصرین کو امید ہے کہ ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ پاکستانی سینما میں کمائی کے نئے ریکارڈ بنانے سمیت نئے ٹرینڈ بھی بنائے گی، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

فلم کی نمائش سے قبل اس کی کاسٹ میں شامل اداکار پروموشنل انٹرویوز اور ویڈیوز جاری کرنے میں مصروف ہیں اور ماہرہ خان کی ایک ویڈیو بھی فلم کے آفیشل انسٹاگرام پیج پر جاری کی گئی، جس میں انہوں نے شوٹنگ کے دوران اپنے ساتھ ہونے والی مشکلات کا ذکر کیا۔

ماہرہ خان نے مختصر درانیے کی ویڈیو میں فلم کی شوٹنگ اور پنجابی زبان پر اپنی دسترس نہ ہونے پر کھل کر بات کی اور ساتھ ہی امید کا اظہار کیا کہ شائقین ان کی بُری پنجابی زبان کو بھی قبول کریں گے۔

اداکارہ نے بتایا کہ ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کو اس کے ایکشن مناظر کی وجہ سے سخت سرد اور بارش کے موسم میں بھی ریکارڈ کیا گیا اور ایک رات انہوں نے سردیوں کی سرد ترین رات میں بھی فلم کی شوٹنگ کی۔

انہوں نے بتایا کہ سرد ترین رات میں شوٹنگ کے دوران انہوں نے دو دو سویٹر پہن کر شوٹنگ کرائی مگر اس باوجود وہ بیمار پڑگئی تھیں۔

ماہرہ خان کے مطابق انہوں نے سرد موسم میں بارش کے دوران بھی مناظر شوٹ کروائی، جس کے بعد وہ شدید بخار میں مبتلا ہوگئیں مگر اس باوجود انہوں نے کام جاری رکھا۔

ان سے قبل فلم کے مرکزی اداکاروں حمزہ علی عباسی اور فواد خان نے بھی فلم کی شوٹنگ کے دوران پیش آنے والی مشکلات کا ذکر کیا تھا اور بتایا تھا کہ انہوں نے ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کے لیے سخت محنت کی۔

فواد خان نے تو بتایا تھا کہ ’ذیابیطس‘ کے مریض ہونے کے باوجود انہوں نے فلم کے لیے اپنا وزن بڑھایا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں