پہلا ون ڈے: پاکستان زمبابوے آج مدمقابل

شائع August 27, 2013

۔— فائل فوٹو

ہرارے: پاکستان اور زمبابوے کے درمیان تین ایک روزہ میچز کی سیریز کا پہلا میچ کا آج کھیلا جائے گا جہاں ٹی ٹوئنٹی میچز میں شکست سے دوچار ہونے والی ٹیم بہتر کارکردگی دکھانے کیلیے پرعزم نظر آتی ہے۔

ہندوستان کے خلاف پانچ ایک روزہ میچز کی سیریز میں 5-0 کی وائٹ واش شکست سے دوچار ہونے والی زمبابوین ٹیم نے پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں نسبتاً بہتر کھیل پیش کیا لیکن ان کی یہ کارکردگی بھی شکست کا منہ نہ موڑ سکی۔

دوسری جانب ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ناقص باؤلنگ اور فیلڈنگ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی پاکستانی ٹیم اس بار بہتر کارکردگی دکھانے کیلیے پرعزم ہے جہاں ایک بار پھر گرین شرٹس کی امیدوں کا محور اوپنر احمد شہزاد ہوں گے جنہوں نے کھیل کے سب سے چھوٹے فارمیٹ میں کے دونوں گیمز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 168 رنز بٹورے تھے جس میں ناقابل شکست 98 رنز کی شاندار اننگ بھی شامل تھی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 44 ایک روازہ میچ کھیلے گئے ہیں جس میں مہمان ٹیم کو حریف پر واضح برتری حاصل ہے جہاں 40 میچوں میں فتح نے گرین شرٹس کے قدم چومے جبکہ زمبابوے کی ٹیم محض دو بار فتحیاب ہو سکی۔

ایک جانب پاکستانی ٹیم اپنی بھرپور طاقت کے ساتھ میدان میں اترے گی تو دوسری جانب میزبان ٹیم بھی اس بات سے واقف ہے کہ اسے جیت کیلیے اپنی تمام تر صلاحیتیں صرف کرنا ہوں گی۔

زمبابوین ٹیم کے کوچ اسٹیو منگونگو نے پیر کو ایک بیان میں کہا ہے کہ حقیقی طور پر ہمیں کھیل کے تینوں شعبوں میں بہترین کارکردگی دکھانا ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ ہماری سب سے بڑی کمزوری یہ ہے کہ جب بیٹنگ اچھی کارکردگی دکھاتی ہے تو باؤلنگ بیٹھ جاتی ہے اور اگر باؤلنگ چل جائے تو بیٹنگ ناکام ہو جاتی ہے۔

زمبابوے کی طرف سے ٹی ٹوئنٹی میچز میں ہملٹن مساکیڈزا اور ووسی سبانڈا نے اننگز کی شروعات کی تھیں اور دونوں میچز میں اپنی ٹیم کو 50 رنز سے زائد کا عمدہ آغاز فراہم کیا تھا۔

منگونگو نے ایک روزہ میچز میں انہی دونوں بلے بازوں کو اوپنر برقرار رکھنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کے خلاف سیریز کے بعد ان دونوں نے ٹی ٹوئنٹی میں دوبارہ فارم حاصل کر لی ہے اور اگر ان دونوں کی یہی فارم برقرار رہتی ہے تو ہم اسکور بورڈ پر ایک معقول مجموعہ سجانے میں کامیاب رہیں گے۔

پاکستان کو بجا طور پر ایک اور سیریز میں کلین سوئپ کیلیے فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے لیکن پاکستانی کپتان مصباح الحق مہمان ٹیم کو ترنوالہ سمجھنے کو تیار نہیں اور ان کا کہنا ہے کہ وہ زمبابوے کو آسان نہیں لیں گے۔

ان سے جب سوال کیا گیا کہ کیا پاکستانی ٹیم سیریز میں تجربات کرتے ہوئے مختلف کمبی نیشن کے ساتھ میدان میں اترے گی، تو ان کا کہنا تھا کہ میں ایسا نہیں سمجھتا، ہوم گراؤنڈ پر کوئی بھی ٹیم خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم چند نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینا چاہتے ہیں لیکن اس کے باوجود ہم سیریز میں اپنی اصل قوت کے ساتھ میدان میں اترتے ہوئے جیتنے کی کوشش کریں گے کیونکہ ہمارے لیے سب سے اہم جیت ہے۔

آج ہونے والے پہلے میچ میں پاکستانی باؤلنگ لائن اپ میں جنید خان کی واپسی متوقع ہے جبکہ اسد شفیق اور عبدالرحمان کو بھی فائنل لائن اپ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔

(میچ پاکستانی وقتکے مطابق دوپہر ساڑھے بارہ بجے شروع ہو گا)

کارٹون

کارٹون : 27 جون 2025
کارٹون : 26 جون 2025